خوشحال چند خورسند
خوشحال چند خورسند (پیدائش: 1889ء - وفات: 24 اکتوبر، 1977ء) ہندوستان کے نامور آریہ سماجی، نیشنلسٹ اور صحافی تھے۔ خوشحال چند 1889ء کو جلالپور جٹاں، گجرات، برطانوی ہندوستان میں پیدا ہوئے۔ جلالپور جٹاں کے ہی ایک اسکول سے ہائی اسکول اور ایف اے کی تعلیم حاصل کی۔انہیں اردو، ہندی اور انگریزی زبانوں پر عبور حاصل تھا۔[1] ریلوے کے محکمہ میں بھی ملازمت کی۔ اپنا کاروبار بھی کیا۔ چونکہ خوشحال چند آریہ سماجی تھے لہٰذا لالہ ہنس راج نے انہیں صحافی بننے کا مشورہ دیا اور لاہور بلایا جہاں انہیں ہفتہ وار آریہ گزٹ میں سب ایڈیٹر کی ملازمت دی گئی۔ بعد میں وہ اس اخبار کے ایڈیٹر بھی مقرر ہوئے۔ آریہ گزٹ بند ہونے کے بعد خوشحال چند نے ملاپ کے نام سے 13 اپریل1923ء میں لاہور سے اپنا اخبار نکالا۔ اردو کے دیگر اخباروں کی طرح ملاپ نے بھی انگریز حکومت کے ظلم و جبر اور نا انصافیوں کی مخالفت کی۔ نتیجتاً انگریز حکومت نے کئی بار ان کے اخبار کی ضمانتیں ضبط کیں اور خوشحال چند کو جیل جانا پڑا۔ لیکن انگریز حکومت کے جبر کے باوجود ملاپ اخبار تقسیم ہند تک لاہور سے شائع ہوتا رہا مگر جب ہندوستان تقسیم ہوا اور پاکستان بن گیا تو خوشحال چند اپنے اخبار کے ساتھ لاہور سے جالندھر منتقل ہو گئے۔ بعد ازاں انہوں نے دہلی اور جالندھر سے ملاپ کو دوبارہ جاری کیا۔ آزاد ہندوستان میں بھی خوشحال چند محبتَ اخوت، مساوات اور میل ملاپ کا پیغام دیتے رہے۔ 1949ء میں اخبار ملاپ کی ذمہ داری اپنے فرزند رنبیر جی کو سونپی اور خود سنیاسی بن گئے۔ خوشحال چند خورسند 24 اکتوبر 1977ء کو وفات کر گئے۔[2]
خوشحال چند خورسند | |
---|---|
معلومات شخصیت | |
پیدائش | سنہ 1889ء جلالپور جٹاں ، گجرات ، برطانوی پنجاب |
تاریخ وفات | 24 اکتوبر 1977ء (87–88 سال) |
شہریت | برطانوی ہند بھارت |
عملی زندگی | |
پیشہ | مدیر (اخبار) |
پیشہ ورانہ زبان | اردو ، ہندی |
کارہائے نمایاں | ملاپ |
تحریک | آریہ سماج |
درستی - ترمیم |
حوالہ جات
ترمیم- ↑ اسد رضا، اردو صحافت 1901 تا 1947 ایک مختصر جائزہ، قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، نئی دہلی، 2020ء، ص 124
- ↑ اردو صحافت 1901 تا 1947 ایک مختصر جائزہ، ص 125