فتح مکہ

شہر مکہ پر مسلمانوں کی فتح
(فتح مكہ سے رجوع مکرر)

فتح مکہ (جسے فتح عظیم بھی کہا جاتا ہے)[1] عہد نبوی کا ایک غزوہ ہے جو 20 رمضان سنہ 8 ہجری بمطابق 10 جنوری سنہ 630 عیسوی کو پیش آیا، اس غزوے کی بدولت مسلمانوں کو شہر مکہ پر فتح نصیب ہوئی اور اس کو اسلامی قلمرو میں شامل کر لیا گیا۔ اس غزوہ کا سبب قریش مکہ کی جانب سے اس معاہدہ کی خلاف ورزی تھی جو ان کے اور مسلمانوں کے درمیان میں ہوا تھا، یعنی قریش مکہ نے اپنے حلیف قبیلہ بنو دئل بن بکر بن عبد منات بن کنانہ (اس کی ایک خاص شاخ جسے بنو نفاثہ کہا جاتا ہے) نے بنو خزاعہ کے خلاف قتل و غارت میں مدد کی تھی اور چونکہ بنو خزاعہ مسلمانوں کا حلیف قبیلہ تھا اس لیے اس حملے کو قریش مکہ کی جانب سے اس معاہدہ کی خلاف ورزی سمجھا گیا جو مسلمانوں اور قریش کے درمیان میں ہوا تھا، یہ معاہدہ "صلح حدیبیہ" کے نام سے معروف ہے۔ اسی معاہدہ کی خلاف ورزی کے جواب میں حضرت محمد‌ﷺ بن عبد اللہ نے ایک عظیم الشان لشکر تیار کیا جو دس ہزار مجاہدین پر مشتمل تھا؛ لشکر آگے بڑھتا رہا یہاں تک کہ مکہ پہنچ گیا اور بغیر کسی مزاحمت کے مکہ میں پر امن طریقے سے داخل ہو گیا سوائے ایک معمولی سی جھڑپ کے جس کے سپہ سالار خالد بن ولید کو اس وقت سامنا ہوا جب قریش کی ایک ٹولی نے عکرمہ بن ابی جہل کی قیادت میں مسلمانوں سے مزاحمت کی اور پھر خالد بن ولید کو ان سے قتال کرنا پڑا جس کے نتیجے میں بارہ کفار مارے گئے اور باقی بھاگ گئے، جبکہ دو مسلمان بھی شہید ہوئے۔

مکہ کی فتح
سلسلہ مسلمانقریش چنگیں
تاریخ11 جنوری 630
مقاممکہ
نتیجہ بغیر جنگ کیے مسلمانوں کی فتح، قریش نے ہتھیار ڈال دیے، مقابلہ نہیں کیا۔
مُحارِب
مسلمان قریش
کمان دار اور رہنما
پیغمبر محمد بن عبد اللہ ابو سفیان بن حرب
طاقت
10,000 نامعلوم
ہلاکتیں اور نقصانات
2 12

جب محمد ﷺ مکہ میں داخل ہوئے اور لوگوں کو اطمینان ہو گیا تو کعبہ کے پاس آئے اور اس کا طواف کیا۔ اثنائے طواف کعبہ کے ارد گرد موجود بتوں کو اپنے پاس موجود تیر سے گراتے اور پڑھتے جاتے: «جَاءَ الْحَقُّ وَزَهَقَ الْبَاطِلُ إِنَّ الْبَاطِلَ كَانَ زَهُوقًا»[2] و«جَاءَ الْحَقُّ وَمَا يُبْدِئُ الْبَاطِلُ وَمَا يُعِيدُ»، [3] "جاء الحق و زھق الباطل ان الباطل کان زھوقا" (ترجمہ: حق آن پہنچا اور باطل مٹ گیا اور یقیناً باطل ایسی ہی چیز ہے جو مٹنے والی ہے) اور پڑھتے "جاء الحق وما يبدئ الباطل وما يعيد" (ترجمہ: حق آچکا ہے اور باطل میں نہ کچھ شروع کرنے کا دم ہے، نہ دوبارہ کرنے کا)۔ کعبہ میں بتوں کی تصویریں آویزاں اور ان کے مجسمے نصب تھے رسولِ خدا محمد ﷺ نے ان کو بھی ہٹانے اور توڑنے کا حکم دیا جس کی تعمیل کی گئی، جب نماز کا وقت ہوا تو حضرت محمد ﷺ بن عبد اللہ نے بلال ابن رباح کو حکم فرمایا کہ کعبہ کے اوپر چڑھ جائیں اور اذان دیں؛ بلال کعبہ کے اوپر چڑھے اور اذان دی۔

فتح مکہ کے بعد ایک کثیر تعداد حلقہ بگوش اسلام ہوئی جن میں سرفہرست سردار قریش و کنانہ ابو سفیان اور ان کی بیوی ہند بنت عتبہ ہیں۔ اسی طرح عکرمہ بن ابو جہل، سہیل بن عمرو، صفوان بن امیہ اور ابوبکر صدیق کے والد ابو قحافہ کے اسمائے گرامی قابل ذکر ہیں۔

پس منظر

صلح حدیبیہ دس سال کے لیے ہوئی تھی مگر 630ء کے بالکل شروع میں مشرکینِ مکہ کے اتحادی قبیلہ بنو بکر نے مسلمانوں کے اتحادی قبیلہ بنو خزاعہ پر حملہ کیا اور کئی آدمی قتل کر دیے۔ اس دوران مکہ کے مشرک قریش نے چہرے پر نقاب ڈال کر بنو بکر کی مدد بھی کی مگر یہ بات راز نہ رہ سکی۔ یہ صلح حدیبیہ کا اختتام تھا۔ مسلمان اس وقت تک بہت طاقتور ہو چکے تھے۔ ابوسفیان نے بھانپ لیا تھا کہ اب مسلمان اس بات کا بدلہ لیں گے اس لیے اس نے صلح کو جاری رکھنے کی کوشش کے طور پر مدینہ کا دورہ کیا۔ ابوسفیان اپنی بیٹی امِ حبیبہ کے گھر پہنچا، جو اسلام لے آئی تھیں اور حضرت محمد ﷺ کی زوجہ تھیں۔ جب اس نے نبی ﷺ کے بستر پر بیٹھنا چاہا تو زوجہِ رسول ﷺ امِ حبیبہ نے بستر اور چادر لپیٹ دی اور اپنے باپ ابوسفیان کو نبی پاک ﷺ کے بستر پر بیٹھنے نہ دیا۔ اس نے حیران ہو کر پوچھا کہ بستر کیوں لپیٹا گیا ہے تو زوجہ رسول ﷺ ام المومنین ام حبیبہ نے جواب دیا کہ 'آپ مشرک اور نجس ہیں اس لیے میں نے مناسب نہ سمجھا کہ آپ محمد ﷺ کے پاک بستر پر بیٹھیں۔۔[4] جب ابوسفیان نے صلح کی تجدید کے لیے محمد ﷺ سے رجوع کیا تو انھوں نے کوئی جواب نہیں دیا پھر اس نے کئی بزرگوں کی وساطت سے کوشش کی مگر کامیاب نہیں ہوا۔ سخت غصے اور مایوسی میں اس نے تجدیدِ صلح کا یکطرفہ اعلان کیا اور مکہ واپس چلا گیا۔[5] قبیلہ بنو خزاعہ نے رسول اللہ ﷺ سے فریاد کی تو انھوں نے مکہ فتح کرنے کا فیصلہ کیا۔ بنو خزاعہ نے اپنے ایک شاعر عمرو ابن خزاعہ کو بھیجا تھا جس نے دردناک اشعار پڑھے اور بتایا کہ وہ 'وتیرہ' کے مقام پر رکوع و سجود میں مشغول تھے تو قریش نے ان پر حملہ کر دیا اور ہمارا قتلِ عام کیا۔ محمد ﷺ نے اس کو کہا کہ ہم تمھاری مدد کریں گے۔ محمد ﷺ نے روانگی کا مقصد بتائے بغیر اسلامی فوج کو تیار کیا اور مدینہ اور قریبی قبائل کے لوگوں کو بھی ساتھ ملایا۔ لوگوں کے خیال میں صلحِ حدیبیہ ابھی قائم تھی اس لیے کسی کے گمان میں نہ تھا کہ یہ تیاری مکہ جانے کے لیے ہے۔ نبی اللہ حضرت محمد ﷺ نے مدینہ سے باہر جانے والے راستوں پر نگرانی بھی کروائی تاکہ یہ خبریں قریش کا کوئی جاسوس باہر نہ لے جائے۔ آپ ﷺ نے دعا بھی کی کہ اے خدایا آنکھوں اور خبروں کو قریش سے پوشیدہ کر دے تاکہ ہم اچانک ان کے سروں پر ٹوٹ پڑیں۔[6] 10 رمضان کو روانگی ہوئی۔ کسی کو معلوم نہ تھا کہاں جانا ہے۔ ایک ہفتہ میں مدینہ سے مکہ کا فاصلہ طے ہو گیا۔ مکہ سے کچھ فاصلہ پر 'مرالظہران' کے مقام پر لشکرِ اسلام خیمہ زن ہو گیا۔ لوگوں کو معلوم ہو چکا تھا کہ مکہ کا ارادہ ہے۔

جنگ

جنگ تو ہوئی نہیں مگر احوال کچھ یوں ہے کہ مر الظہران کے مقام پر پیغمبرِ خدا حضرت محمد ﷺ نے تاکید کی کہ لشکر کو بکھیر دیا جائے اور آگ جلائی جائے تاکہ قریشِ مکہ یہ سمجھیں کہ لشکر بہت بڑا ہے اور بری طرح ڈر جائیں اور اس طرح شاید بغیر خونریزی کے مکہ فتح ہو جائے۔ یہ تدبیر کارگر رہی۔ مشرکین کے سردار ابوسفیان نے دور سے لشکر کو دیکھا۔ ایک شخص نے کہا کہ یہ شاید بنو خزاعہ کے لوگ ہیں جو بدلہ لینے آئے ہیں مگر اس نے کہا کہ اتنا بڑا لشکر اور اتنی آگ بنو خزاعہ کے بس کی بات نہیں۔ اس کے بعد ابوسفیان حضرت محمد ﷺ کے چچا عباس کی پناہ میں امان پانے کے لیے لشکرِ اسلام کی طرف روانہ ہوا۔ کچھ مسلمانوں نے اسے مارنا چاہا مگر چونکہ عباس بن عبدالمطلب نے پناہ دے رکھی تھی اس لیے باز آئے۔ رات کو قید میں رکھ کر صبح ابوسفیان کو محمد ﷺ کی خدمت میں پیش کیا گیا۔ نبی اللہ حضرت محمد ﷺ نے ابو سفیان کو دیکھا تو فرمایا 'کیا ابھی اس کا وقت نہیں آیا کہ تو یہ سمجھے کہ ایک خدا کے علاوہ اور کوئی خدا نہیں ہے؟' ابوسفیان نے کہا کہ اگر خدائے واحد کے علاوہ کوئی خدا ہوتا تو ہماری مدد کرتا۔ یہ دیکھ کر کہ اس نے ایک خدا کو تسلیم کیا ہے، آپ ﷺ نے پوچھا کہ 'کیا اس کا وقت نہیں آیا کہ تم جانو کہ میں ﷺ اللہ کا پیغمبر ہوں؟' اس پر ابوسفیان نے کہا کہ 'مجھے آپ ﷺ کی رسالت میں تردد ہے' اس پر ان کو پناہ دینے والے عباس بن عبد المطلب سخت ناراض ہوئے اور کہا کہ اے ابوسفیان اگر تو اسلام نہ لایا تو تمھاری جان کی کوئی ضمانت نہیں۔ اس پر ابوسفیان نے اسلام قبول کر لیا۔ مگر محمد ﷺ نے اسے رہا نہ کیا بلکہ ایک جگہ رکھ کر مسلمانوں کے دستوں کو اس کے سامنے گزارا۔ وہ بہت مرعوب ہوا اور عباس بن عبد المطلب کو کہنے لگا کہ 'اے عباس تمھارے بھتیجے نے تو زبردست سلطنت حاصل کر لی ہے'۔ عباس بن عبد المطلب نے کہا کہ 'اے ابوسفیان یہ سلطنت نہیں بلکہ نبوت ہے جو خدا کی عطا کردہ ہے'۔ اس کے بعد عباس بن عبد المطلب نے محمد ﷺ بن عبد اللہ کو کہا کہ 'اے اللہ کے رسول ﷺ۔ ابوسفیان ایسا شخص ہے جو ریاست کو دوست رکھتا ہے اسے اسی وقت کوئی مقام عطا کریں' اس پر محمد ﷺ بن عبد اللہ نے فرمایا کہ 'ابوسفیان لوگوں کو اطمینان دلا سکتا ہے کہ جو کوئی اس کی پناہ میں آجائے گا امان پائے گا۔ جو شخص اپنے ہتھیار رکھ کر اس کے گھر میں چلا جائے اور دروازہ بند کر لے یا مسجد الحرام میں پناہ لے لے وہ سپاہِ اسلام سے محفوظ رہے گا'۔[7] اس کے بعد ابوسفیان کو رہا کر دیا گیا جس کا فائدہ یہ ہوا کہ اس نے مکہ جا کر اسلامی لشکر کی عظمت بتا کر ان لوگوں کو خوب ڈرایا۔
اب محمد ﷺ بن عبد اللہ نے لشکر کو چار دستوں میں تقسیم کیا اور مختلف سمتوں سے شہر میں داخل ہونے کا حکم دیا اور تاکید کی کہ جو تم سے لڑے اس کے علاوہ اور کسی سے جنگ نہ کرنا۔۔[8] چاروں طرف سے شہر گھر گیا اور مشرکین کے پاس ہتھیار ڈالنے کے علاوہ کوئی راستہ نہ رہا۔ صرف ایک چھوٹے گروہ نے لڑائی کی جس میں صفوان بن امیہ بن ابی خلف اور عکرمہ بن ابی جہل شامل تھے۔ ان کا ٹکراؤ خالد بن ولید کی قیادت کردہ دستے سے ہوا۔ مشرکین کے 28 افراد انتہائی ذلت سے مارے گئے۔[9] لشکر اسلام انتہائی فاتحانہ طریقہ سے شہرِ مکہ میں داخل ہوا جہاں سے آٹھ سال پہلے پیغمبرِ اسلام حضرت محمد ﷺ بن عبد اللہ کو ہجرت کرنا پڑی تھی۔ کچھ آرام کے بعد محمد ﷺ بن عبد اللہ مجاہدین کے ہمراہ کعبہ کہ طرف روانہ ہوئے۔ کعبہ پر نظر پڑتے گھوڑے پر سواری کی ہی حالت میں حجرِ اسود کو بوسہ دیا۔ محمد ﷺ بن عبد اللہ تکبیر بلند کرتے تھے اور لشکرِ اسلام آپ ﷺ کے جواب میں تکبیر بلند کرتے تھے۔ کعبہ میں داخل ہونے کے بعد محمد ﷺ نے تمام تصاویر کو باہر نکال دیا جن میں پیغمبر حضرت ابراہیم علیہ السلام کی تصویر بھی شامل تھی اور تمام بتوں کو توڑ دیا۔ بتوں کو توڑنے کے لیے محمد ﷺ بن عبد اللہ نے علی بن ابوالعاص کو اپنے مبارک کاندھوں پر سوار کیا اور بتوں کو اپنے ہاتھوں سے بھی توڑتے رہے۔ یہاں تک کہ کعبہ کو شرک کی تمام علامتوں سے پاک کر دیا۔

نتائج

فتحِ مکہ ایک شاندار فتح تھی جس میں چند کے علاوہ کوئی قتل نہ ہوا۔ فتح کے بعد محمد ﷺ نے سب کو عام معافی دے دی۔ کافی لوگ مسلمان ہوئے۔ آپ ﷺ نے ان سے شرک نہ کرنے، زنا اور چوری نہ کرنے کی تاکید پر بیعت لی۔ اور انھیں اپنے اپنے بتوں کو توڑنے کا حکم دیا۔ مکہ کی فتح عرب سے مشرکین کے مکمل خاتمے کی ابتدا ثابت ہوئی۔

پیش منظر

مکہ کی فتح کے بعد محمد ﷺ نے سابقہ مشرکین کو مکہ کے اطراف میں بتوں کو توڑنے کے لیے بھیجا۔ مکہ کے فتح کے بعد ارد گرد کے مشرکین پریشان ہو گئے اور ایک اتحاد قائم کیا جس وجہ سے فتحِ مکہ کے اگلے ہی ماہ غزوہ حنین پیش آیا۔

حوالے

  1. زاد المعاد فی هدی خير العباد، ابن قیم الجوزیہ، مؤسسة الرسالة، بيروت - لبنان، مكتبة المنار الإسلامية، الكويت، الطبعة السابعة والعشرون، 1415هـ/1994م
  2. سورة الإٍسراء، الآية: 81
  3. سورة سبأ، الآية: 49
  4. السیرۃ النبویۃ از ابن ھشام صفحہ 38
  5. السیرۃ النبویۃ از ابن ھشام صفحہ 38-39
  6. السیرۃ النبویۃ از ابن ھشام صفحہ 39
  7. السیرۃ النبویۃ از ابن ھشام جلد 4 صفحہ 45-46
  8. المغازی (واقدی) جلد 2 صفحہ 825
  9. السیرۃ النبویۃ از ابن ھشام جلد 4 صفحہ 49