فسانۂ آزاد (ناول)
اس مضمون میں کسی قابل تصدیق ماخذ کا حوالہ درج نہیں ہے۔ |
فسانۂ آزاد اردو ناول نگاری کے عہد اولین کا نقش ہے جسے پنڈت رتن ناتھ سرشار کشمیری نے لکھا۔ درحقیقت یہ ناول 1878ء میں لکھا گیا تھا اور شروع میں یہ لکھنؤ کے اودھ اخبار میں "ظرافت" کے عنوان سے قسط وار شائع ہوتا رہا پھر 1880ء میں پہلی دفعہ اسے منشی نول کشور لکھنؤ نے کتابی شکل میں چھاپا۔ یہ کتاب اردو ادب میں کلاسیک کا درجہ رکھتی ہے اور ڈیڑھ سو سال گزرنے کے باوجود مقبول خاص و عام ہیں۔
مصنف | رتن ناتھ سرشار |
---|---|
ملک | بھارت |
زبان | اردو |
صنف | ناول |
ناشر | منشی نول کشور لکھنؤ |
تاریخ اشاعت | اول 1949ء |
طرز طباعت | مطبوعہ (مجلد) |
صفحات | 690 |
ریختہ ای بکس | برقی نسخہ |
عبد الحلیم شرر پنڈت رتن ناتھ سرشار کو ایک خط میں لکھتے ہیں کہ ”آپ نے فسانہ آزاد کیا لکھا زبان اردو کے حق میں مسیحائی کی ہے۔“ بیگم صالحہ عابد حسین فسانہ آزاد کے متعلق لکھتی ہیں کہ ”اردو زبان سمجھنے کے ليے ”فسانہ آزاد“ پڑھنا چاہیے۔“[حوالہ درکار]
فسانہ آزاد اودھ اخبار میں مسلسل ایک سال تک شائع ہوتا رہا اور کافی مقبول ہوا۔ قارئین اخبار ہر قسط کے ليے بے تاب رہتے اور شوق سے اسے پڑھتے۔ اردو ادب میں دراصل یہ پہلا موقع تھا کہ کسی اخبار میں باقاعدہ ناول کا سلسلہ شروع کیا گیا۔
لیکن آج تک یہ بات متنازع ہے کہ فسانہ آزاد کو کس صنف نثر میں شمار کیا جائے، اسے ناول کہا جائے یا داستان۔ چنانچہ ڈاکٹر انور سیدید لکھتے ہیں: ”فسانہ آزاد ناول کی تکنیک سے باہر کی چیز ہے۔ نہ پلاٹ ہے اور نہ واقعات ہیں۔ ربط اور تسلسل بھی نہیں ملتا۔ بلکہ بعض واقعات تو ایسے ہیں کہ ان کا مرکز ی قصے سے کوئی تعلق نہیں اس ليے ان کے نکال دینے سے بھی کوئی فرق نہیں پڑتا۔“ اب جبکہ یہ ناول بھی نہیں تو اس کا شمار کونسی صنف ادب میں ہوتا ہے اس بارے میں پریم پال اشک لکھتے ہیں: ”دراصل فسانہ آزاد ناول اور افسانے کی کڑی ہے جس کو ہم دوسر ے لفظوں میں صحافتی ناول Serial fiction بھی کہتے ہیں۔"
پریم پال کے اس رائے سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ فسانہ آزاد ایک صحافتی ناول ہے اور جو مرتبہ اور مقام فسانہ آزاد کو حاصل ہوا وہ کسی اور صحافتی ناول کو نہ مل سکا۔
اسلوب
ترمیمبقول ایک محقق:[کون؟]
”فسانہ آزاد میں کردار بولتے ہیں انسان باتیں کرتے ہیں، خود سرشار نہیں۔ اس ليے ان کے اسلوب میں توانائی، اوریجنیلیٹی اور اصلیت ہے۔“
تقلید
ترمیمپروفیسر آل احمد سرور نے سرشار کی نثر کو فسانہ عجائب کی ترقی یافتہ صورت قرار دیا ہے۔ یعنی انھوں نے اپنی اس کتاب میں رجب علی بیگ سرور کی اسلوب کے حوالے سے تھوڑی بہت تقلید ضرور کی ہے۔ مثال کے طور پر ”دیکھتے کیا ہیں کہ ابر نو بہار، نسیم مشک بار نے تمام شہر کو نمونۂ ارم بنا دیا ہے۔“ اس قسم کی بہت سی مثالیں ہیں جن میں ہمیں سرور کے اسلوب کا رنگ ملتا ہے۔ اس ليے اس بارے میں پریم پال اشک لکھتے ہیں: ”فسانۂ آزاد میں جہاں تقلیدی انداز ملتا ہے وہاں صاف اور صحیح طور پر منشی رجب علی بیگ سرور کی جھلک نظر آتی ہے۔“
لیکن ناول میں سرشار کا اپنا تخلیقی رنگ بھی نمایاں ہے۔ پریم پال اشک نے سرشار کے اسلوب کو دو حصوں میں تقسیم کیا ہے ایک تقلیدی انداز اور دوسرا تخلیقی۔ تقلیدی انداز میں صریحاً رجب علی بیگ کے اسلوب اور زبان کی جھلک نظر آتی ہے اور سرور کی سی مسجع اور مقفیٰ عبارت ملتی ہے۔ مگر سرشار ایسا اسلوب صرف منظر نگاری کے وقت اختیار کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ انھوں نے ناول میں انفرادی اسلوب برتا ہے جو اُن کا اپنا تخلیقی رنگ ہے۔
بیگماتی زبان
ترمیمپنڈت رتن ناتھ سرشار نے فسانہ آزاد میں خاکروب سے لے کر نواب تک اور کنجڑوں سے لے کر بیگم تک ہر طبقے کی زبان استعمال کی ہے اور لطف یہ ہے کہ ہر طبقہ اور پیشے کے مطابق بول چال کا انداز برتا ہے۔ محققین کی تحقیق کے مطابق سرشار نے بیگماتی زبان بچپن سے اپنے پڑوس میں رہنے والی مسلمان مستورات سے سیکھی تھی۔ یہی وہ درسگاہ تھی جہاں سے انھیں زبان ورثے میں ملی اور انھوں نے اپنے سینے میں سال ہا سال چھپائے رکھا اور آخر اتنے سالوں کے بعد اسے فسانہ آزاد کی شکل میں پیش کر دیا۔ ”اے میں کہی ہوں آخر یہ ماجرا کیا ہے؟ منہ دیکھنے کو نگوڑا جی ترس گیا۔ دن رات کڑھا کرتی ہوں۔ اوپر سے نیچے اور نیچے سے اوپر میرے جی کا حال اللہ ہی جانتا ہے یا میں جانتی ہوں۔ آپ کا تو یہ حال ہے کہ چوبیسویں دن صورت دکھائی تو جیسے آگ لینے آئے تھے۔“
محاورے
ترمیمسرشار نے ”فسانہ آزاد“ میں پورب کے ٹھیٹھ محاورے استعمال کیے ہیں مثلاً ابیر کرنا (بمعنی دیر کرنا)، اسی اڑنا ( بمعنی ناچنا گانا) وغیرہ اس کے علاوہ سرشار نے ایک جگہ دودھ کھانا دودھ پینا کے معنوں میں استعمال کیا ہے۔ یہ محاورہ دلی تو کیا ہر جگہ دودھ پینا ہی بولا جاتا ہے۔ لیکن ہو سکتا ہے کہ سرشار نے یہ محاورہ دودھ خوردن سے لیا ہو یا پھر دودھ سے بنی ہوئی مختلف اشیائے خوردنی مثلاً ربڑی، کھویا، برفی اور بالائی وغیرہ بنتی ہیں اور سرشار نے کسی کو دودھ کھانا ہی کہتے اور بولتے سنا ہوگا۔ ہاں لکھنؤ میں دودھ پینا بولنا معیوب سمجھا جاتا ہے۔ اسی حوالے سے یہاں اس کا استعمال سو فیصد درست ہے۔ یاد رہے کہ محاورے ہمیشہ عوام اور خصوصاً عورتیں گھڑا کرتی ہیں۔ کتب میں محاورے کبھی نہیں ملتے۔ اس ليے اس کا استعمال بالکل صحیح مانا جا سکتا ہے۔
رنگینی و توانائی
ترمیمسرشار کے ہاں ثقیل الفاظ اور فارسی اشعار کی بھر مار ہے۔ وہ مشکل نثر لکھتے ہیں جس کی وجہ سے طرز تحریر میں ثقالت حد سے زیادہ ہے۔ لیکن اس کے باوجود آپ اس سے انداز بیان کی وقعت اور فراوانی کا اندازہ لگا سکتے ہیں اور اسی سے سرشار کے اسلوب میں رنگینی، ندرت اور توانائی پیدا ہوتی ہے۔ مثال کے طور پر:
” | میاں آزاد تھوڑی دیر کے ليے آدمی بن گئے۔ مگر عشق کا حرف درمیان میں آیا اور ہوش اُڑ گئے۔ جنوں سر پر چڑھ بیٹھا۔ اس سروجوئیار رعنائی اور گلبن گلزار دلربائی کا بوٹا سا قد آنکھوں میں پھر گیا۔ مطرب کی ناخن بازی اور اس خوش گلو کی نازک آواز یاد آگئی۔ | “ |
مزاح
ترمیمرتن ناتھ سرشار نے اپنے ناول میں اکثر کرداروں کو مضحک خاکوں کے طور پر پیش کیا ہے۔ انھوں نے دراصل لکھنوی معاشرے کی برائیوں کو نشانہ تضحیک بنایا ہے۔ ویسے تو ناول کے اکثر کرداروں کی گفتگو اور حرکات و سکنات سے مزاح پیدا کیا گیا ہے۔ اور فسانہ آزاد کے تقریباً سارے کرداروں سے کوئی نہ کوئی مزاحیہ بات کروائی گئی ہے۔ لیکن مزاح پیدا کرنے کے ليے بالخصوص خوجی کا کردار وضع کیا گیا ہے۔ اور وہ ایک مزاحیہ اسلوب اختیار کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر آزاد اور خوجی کا یہ مکالمہ:
خوجی : (آزاد سے) اب طبیعت کیسی ہے؟
آزاد: مر رہا ہوں
خوجی: الحمد اللہ!
آزاد: خدا کی مار تجھ پر۔ دل لگی کا بھی کیا بھونڈا وقت ہاتھ آیا ہے۔ جی چاہتا ہے اس وقت زہر کھالوں
خوجی: نوش جاں اور اس میں تھوڑی سی سنکھیا بھی ملا لیجئے گا۔
آزاد: مر کم بخت
خوجی: اب بوڑھا ہوں، کس پر، مرنے کے دن تو لد گئے۔
آزاد نے کہیں کہیں مزاح پیدا کرنے کے ليے تشبیہات سے بھی کام لیا ہے۔ مثال کے طور پر: ”روز توند نکالے بیٹھے رہا کرتے تھے جیسے پن چکی کا دستہ یا گاؤ تکہ در بغل۔ یہ توند ہے یا بے ایمان کی قبر۔“
مکالمہ نگاری
ترمیمناول نگار اپنا نقطہ نگاہ مکالموں کی مدد سے پیش کرتا ہے۔ معیاری مکالمے کی خوبی یہ ہے کہ وہ مختصر ہو، کردار کی شخصیت، اس کے مزاج، اس کی علمی اور سماجی حیثیت کے مطابق ہو اور شگفتگی کا عنصر پایا جائے۔ ان خصوصیات کے حوالے سے جب ہم فسانہ آزاد کی مکالمہ نگاری کا جائزہ لیتے ہیں تو ہمیں سرشار کی مہارت اور قدرت کا قائل ہونا پڑتا ہے۔ سرشار کے اسلوب کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ وہ ہر طبقے اور ہر ماحول کی گفتگو ان الفاظ میں پیش کرتے ہیں جس طرح وہ ادا کی گئی ہو۔ یعنی کردار معاشرے کے جس طبقے سے تعلق رکھتا ہو وہ اسی زبان اور لہجے میں بات کرتا ہے۔ مثلاً اگر کوئی عالم دین بات کر رہا ہے تو اس کی گفتگو دینی حوالوں اور عربی الفاظ کی حامل ہوگی۔ اور اگر کوئی کردار معاشرہ کا گرا پڑا فرد ہے تو اس کی زبان میں ابتذال اور بازاری پن ہوگا۔ مثلاً ایک بانکے کا مکالمہ دیکھیے۔ سرشار نے کس مہارت سے اس کردار اور اس کی نفسیات کا تجزیہ کیا ہے۔
” | اجی حضرت دھمکانا کیسا ہم خود بلا میں پھنس گئے۔ خدا ہی بچائے تو بچیں۔ صاف صاف یوں ہے کہ یہاں ہمارا ایک پٹیت ہے۔ کمیدان ہے بلا کا پھکیت، ستم کا نکیت، قیامت کا ہاتھ۔ اس سے ہم لاگ ڈانٹ ہو گئی۔ کل نو چندی جمعرات کو ہمیں درگاہ میں گھیرے گا۔ کوئی دوسو بانکوں کی جماعت سے ہم پر حربہ کرنے کا قصد ہے۔ اس طرف ساری خدائی ہے۔ ادھر کچھ بھی نہیں۔ ہم سوچتے ہیں درگاہ نہ جائیں تو بانکپن پر حرف آتا ہے۔ جائیں تو کس برتے پر۔ یار تم ساتھ چلو تو مزے ہیں ورنہ بے موت مرے۔ | “ |
خامیاں
ترمیمفسانہ آزاد کی سب سے بڑی خامی تو یہ ہے کہ اس میں ربط اور تسلسل کی کمی ہے 1878ء میں ادوھ اخبار میں سرشار نے فسانہ آزاد قسط وار لکھنا شروع کیا۔ سرشار نے اسے قلم برداشتہ لکھا۔ اور یہی اس کی سب سے بڑی خامی بھی ہے۔ قلم برداشتہ لکھنے سے سب سے بڑا نقصان یہ ہوا کہ واقعات ایک دوسرے سے خلط ملط ہو گئے۔ اس طرح واقعات اور کردار کے لحاظ سے یہ بہت سے چھوٹے چھوٹے واقعات اور کرداروں میں اتنا الجھا ہوا ہے کہ کبھی کبھی تو اس کی الجھی ہوئی ڈور کا سرا بھی نہیں ملتا۔ اور نہ ایک کڑی دوسری کڑی سے جڑی ہوئی نظر آتی۔ کیونکہ سارا ناول بے اعتدالی میں لکھا گیا ہے۔ اس ليے اس میں ربط و تسلسل کا کوئی گذر نہیں۔ تکرار جو کہانی کے ليے سم قاتل کا درجہ رکھتی ہے اس قصے میں بار بار در آتی ہے۔ جہاں تک پلاٹ کا تعلق ہے تو پہلی جلد میں پتہ نہیں چلتا کہ فسانہ آزاد کا پلاٹ کیا ہے اور اس کے کون کون سے اہم کردار ہیں۔ مصنف نے کئی ایسے واقعات درج کیے ہیں جن کا اصلی قصے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ قصہ مختلف واقعات کا ایک گورکھ دھندہ نظر آتا ہے۔
اس کے علاوہ اس کے بعض نقاد حضرات خصوصاً منشی سجاد حسین جو سرشار کے ہم عصر ہونے کے ساتھ ساتھ کاروباری رقابت بھی رکھتے تھے، نے سرشار پر کچھ محاورات کے غلط استعمال پر اعتراض کیا ہے۔ مگر اعتراض کرنے سے پہلے لوگ بھول جاتے ہیں کہ سرشار نے ناول کو قلم برداشتہ لکھا، لہٰذا اس طرح کے سہو ہو جانا کوئی بڑی بات نہیں اس ليے ان کو نظر انداز کر دینا ہی عقل مندی ہے۔ مجموعی طور پر اگر دیکھا جائے تو سرشار کے اسلوب میں انفرادیت ہے۔ طنز و مزاح کی چبھن یا دلآزاری کی بجائے ہمدردی اور شگفتگی پائی جاتی ہے۔
لکھنوی معاشرت کی عکاسی
ترمیمبقول حامد حسن قادری:
” | سرشار نے اپنے تمام افسانے میں لکھنؤ کی معاشرت ۔۔۔۔ کا حال دکھایا ہے۔ سرشار کی مصوری ایسی ہے جیسے متکلم سینما کے پردہ پر چلتی، پھرتی، بولتی چالتی تصویریں۔۔۔۔ سرشار چھوٹی چھوٹی باتوں کی تفصیل لکھتے ہیں۔ | “ |
سیاسی، معاشی، تہذیبی پس منظر کو سامنے رکھ کر جب ہم لکھنوی معاشرت پر نگاہ ڈالتے ہیں تو اس کی تین جہتیں ہمارے سامنے آتی ہیں۔
- تعیش پسندی
- مذہبی متعقدات کا ایک خاص رنگ
- علمی و ادبی مذاق
ان میں تعش پسندی سب پر غالب ہے۔ اس تعیش پسندی نے نوابین اودھ، امرا، جاگیرداروں اور خوش حال طبقہ کو عمومی طور پر عورتوں کا رسیا بنا دیا تھا۔ طوائف کا کوٹھا شرفا کے بچوں کی تربیت کا معزز ادارہ بن گیا۔ مینا بازاروں کی نمائش، شاہدان بازاری کے سرعام رقص و رامش نے لکھنؤ کے مردوں سے بہادری کا جوہر چھین کر ان کو عیاش طبع بنا دیا۔ مرد جلوہ پرست اور عورتیں نمائش حسن سے سرشار طوائفوں سے چشمک کرنے لگیں۔ عاشق مزاجی، وصال طلبی، خوش قسمتی، تماش بینی، سطحیت، ابتذال، بازاریت اور شراب و شاہد کے علاوہ منشیات کا استعمال عام رجحان تھا۔ بھنگ، چرس افیون اور گانجاکے نشہ میں عام لوگ سرشار نظر آتے تھے۔ اور یہی ساری معاشرت و طرز زندگی ہے جس کی عکاسی سرشار نے فسانہ آزاد میں کی ہے۔
”رئیس کے مصاحبین سب حاضر جواب، تیز طبیعت، زبان داز، فقرہ باز، ٹھٹھولی، ضلع جگت میں طاق، پھبتی کہنے میں مشاق، آوازہ کسنے میں شہرہ آفاق تھے۔ پھبتی نہ کہیں ذہن کند ذہن ہو جائے۔“
فسانہ آزاد کا موضوع
ترمیملکھنؤ کی تہذیب و معاشرت سرشار کے فسانہ آزاد کا موضوع ہے۔ اس تہذیب اور معاشرت نے جن افراد کو جنم دیا انھیں مردانہ وار زندگی گزارنے کا حوصلہ نہیں۔ ہر ایک کردار کے فکر و عمل سے سطحیت، عیش پرستی اور تماش بینی جھلکتی ہے۔ فسانہ آزاد کے ہیرو کو لیجیے جو اس معاشرت کا نمائندہ ہے مگر نہایت ہی گھٹیا قسم کا معمولی آوارہ نوجوان ہے جس کی زندگی کا نہ کوئی معیار ہے اور نہ کوئی مقصد۔ سرشار نے اپنے اس ہیرو کو یگانہ روزگار بنانے کی کوشش کی ہے مگر یہ اسی طرح کا بے ڈھنگا، اوچھا اور لفنگا ہی رہا۔ یہی وہ لکھنؤ کی تہذیب تھی کہ بے عمل اور بے کار لوگ جن کی حقیقی دنیا میں کوئی قدر و قیمت نہیں بزعم خود نادرہ روزگار ہستیاں بنے پھرتے ہیں۔ بقول ارشد کیانی
” سرشار کا ”فسانہ آزاد“ کسی سیاح کا روزنامچہ نہیں ہے اور نہ حالات و واقعات کا کوئی بیانیہ ہے۔ بلکہ یہ ایک زندہ تہذیب و معاشرت کی مرقع نگاری ہے۔ سرشار نے اپنے ناول میں مرقع نگاری ک ذریعے اپنے گرد وپیش کی زندگی پیش کی ہے۔ اس زندگی کی عکاسی اتنی صحیح کی گئی ہے کہ نقل اور اصل میں فرق معلوم نہیں ہوتا۔“
دراصل سرشار کا عہد لکھنوی تمدن کا دور انحطاط تھا، لکھنؤ کی زوال آمادہ سوسائٹی کا تار پود بکھر رہا تھا۔ وہ اس مٹتے ہوئے معاشرے کی بکھرتی ہوئی تہذیبی قدروں کو محفوظ کرنا چاہتے تھے۔ لہٰذا اس کی نقش گری میں تفصیل اظہاب سے کام لیا ہے۔
طبقاتی کشمکش
ترمیمسرشار کسی فلسفہ حیات کے غلام یا داعی نہیں۔ وہ طرز کہن سے بیزار اور آئین نو کی دھن میں سرشار ہیں۔ لیکن وہ چلتی پھرتی بے بنیاد اور کھوکھلی معاشرت پر چلتی ہوئی فقرہ بازی کرکے گذر جاتے ہیں۔ نئی تہذیب سے متاثر ہونے کے باوجود لکھنؤ کی پرانی تہذیبی اقدار سے یکسر دامن کش بھی ہیں۔ اس کے علاوہ سرشار کے ہاں معاشرے کی طبقاتی کشمکش کا احسا س بھی اجاگر ہوتا نظر آتا ہے۔ ان کے کرداروں میں نواب اور سرمایہ دار ہیں جن کا اپنا ایک انداز فکر ہے۔ ان کی اپنی تہذیب اور معاشرت ہے۔ جو دوسرے طبقوں سے ممتاز ہے۔ دوسری طرف نچلا طبقہ ہے جس کے اپنے مسائل ہیں اور جو اونچے طبقے کا محتاج۔ اس کی سوچ، ذہن، عمل اور جسم اوپر کے طبقے کے ہاتھوں گروی ہے۔ اس طبقے میں چوڑی والیاں، مہریاں اور گورا قسم کی عورتیں ہیں۔ یہ جو ان مگر پیٹ کی مار ہے۔ ارمان ہیں۔ امنگیں ہیں۔ لیکن مفلسی سد راہ ہے۔ ان کے نام داشتہ، طوائف، رنڈی، مال زادی اور نہ جانے ایسے کتنے ہی نام ہیں سرشار نے ان کے حال و احوال کو بڑے موثر انداز میں پیش کیا ہے۔
حقیقت نگاری
ترمیمسرشار نے فسانہ آزاد میں لکھنؤ کی معاشرت کو اس کے صحیح خدوخال میں پیش کیا ہے۔ اس میں کوئی چیز مصنوعی نہیں۔ حقیقت میں مبالغے کی رنگ آمیزی ضرور ہے لیکن تصنع یا بناوٹ کہیں نہیں۔ سرشار کا افسانہ جس ماحول کی عکاسی کرتا ہے۔ چونکہ وہ مصنوعی قسم کا ہے اور ریا کاری کامظہر ہے، اس ليے بعض لوگوں کو شاید یہ شک گذرا کہ یہ مصنف کا پیدا کردہ مصنوعی پن ہے۔ حالانکہ ایسا نہیں ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ سرشار مصنوعی حقیقت کو پیش کرنے والے ہیں۔ سرشار لکھنؤ کی خوش باشی، لذت اندوزی، عیش کوشی اور خوش طبعی کے ترجمان ہیں اور اس ماحول میں پرورش پانے والے خوش طبع، خوش مزاج اور لذت پرست لوگوں کے عمل اور رد عمل سے ظرافت جنم لیتی ہے جو دھند کی طرح پوری لکھنوی معاشرت کو اپنی لپیٹ میں ليے ہوئے ہے۔ سرشار کی نگاہیں اس دھند سے الجھی ہوئی اس تہذیب کا جائزہ لیتی ہیں۔ وحقیقت بین اور حقیقت نگار ہیں۔ اس ليے ظرافت کی دھند کی چادر کو ہٹا کر دیکھنا انھیں پسند نہیں۔ وہ جو کچھ دیکھتے ہیں اسی طرح پیش کر دیتے ہیں۔ بقول پریم چند پال
” | سرشار ہمیں لکھنؤ کے چوک باز ار کا منظر اور عیش باغ کا میلہ دکھاتے ہوئے بھیڑ بھڑ کے کی طرف لے جاتے ہیں تو ایسا محسوس ہوتا ہے گویا کندھے سے کندھا چھلا جا رہا ہے۔ ہٹنا، بچنا کی آوازیں آ رہی ہیں اور بھیڑ میں اپنے آپ کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ کہیں رپٹ نہ جائیں۔ ۔۔۔ یہ متحرک تصویریں تیز ی کے ساتھ سامنے سے گزر جاتی ہیں۔ | “ |
لکھنؤ سے عشق
ترمیمسرشار نے جہاں لکھنوی ماحول سے باہر قدم رکھا، وہیں منہ کی کھائی، بمبئی شہر کی عکاسی کرتے وقت ایسا محسوس ہوتا ہے گویا لکھنؤ سے دہلی آ رہے ہوں۔ ترکی کے شہروں اور بازاروں کے تہذیبی عکس، جنگی مناظر اور جہاز رانی کے مناظر خارجی اعتبار سے بہت دلچسپ ہیں لیکن داخلی نقطہ نگاہ سے زیادہ موثر نہیں۔ گویا سرشار نے اپنے مطالعہ کے بل پر منظر نگاری کی ہے، مشاہدے کے بل پر نہیں۔ اسی ليے یہ لکھنؤ کے بیرونی مناظر کو پیش کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ مگر ایک نقاد کے نزدیک اس کی وجہ یہ ہے کہ کہ سرشار کو اپنے مولد اور اس کی تہذیب سے عشق تھا اور وہ اس زوال پزیر اور زوال آمادہ کلچر کو زندہ رکھنے کی کوشش کر رہے تھے۔ سرشار کی اس کوشش نے فسانہ آزاد کو ہی نہیں بلکہ سرشار کو بھی لافانی بنا دیا ہے اور یوں پوری لکھنوی معاشرت زندہ ہو کر سامنے آتی ہے۔ کوئی نواب کے مصاحب خاص سے ناز و انداز کی باتیں کر رہی ہے۔ پولیس کانسٹیبل، چور اچکے، چنگی کے محرر، ریلوے بابو، ٹھاکر صاحب، انگریزی گریجویٹ منہ میں سگریٹ دبا ہوا۔ نیو فیشن کے مسلمان ترکی ٹوپی ڈانٹے ہوئے۔ یہ وہ مجمع ہے جس کی سرشار ہمیں سیر کراتے ہیں۔ لیکن خاص بات یہ ہے کہ اس مجمع میں ہر آدمی کی اس کی بات چیت اور اس کی حرکات و سکنات سے بخوبی پہچان سکتے ہیں۔
سرور پر فوقیت
ترمیمرجب علی بیگ کو لکھنؤ سے والہانہ عشق تھا۔ اس نے بھی فسانہ عجائب میں لکھنوی تہذیب و معاشرت کی مرقع کشی کی ہے۔ سرور نے اپنی کتاب کے دیباچے میں اور سرشار نے اپنے تما م افسانے میں لکھنؤ معاشرت اور سوسائٹی اور تہذیب و تمدن کا حال دکھایا ہے۔ دنوں کا یہی دعوی ہے کہ انھوں نے لکھنوی معاشرت کی نقش گری کی ہے۔ مگر دونوں کی نقش گری میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ یہاں پر کئی حوالوں سے سرشار کو سرور پر فوقیت حاصل ہے۔ بقول ڈاکٹر سہیل بخاری:
” | سرور کا لکھنؤ قبرستان، وحشت ناک، ویران اور سنسان، ایسا معلوم ہوتا ہے جیسے غنیم کے حملے سے پیشتر مکین اپنے اپنے مکان چھوڑ چھوڑ کر شہر سے نکل گئے ہیں۔ سبھی کچھ موجود ہے مگر آدمی مطلق نہیں واں نام کو۔ سرشار کے یہاں آدمیوں کا جنگل ہے اورواقعات کا سیلاب۔ ۔۔۔۔ مختصر یہ کہ سرور سے زندگی اور سرشار سے موت پناہ مانگتی ہے۔ | “ |
مجموعی طور پر اگر دیکھا جائے تو فسانہ آزاد لکھنوی تہذیب کا ایک بھر پور مرقع ہے بقول عبد القادر:
”لکھنؤ کی تہذیب اور اس کا ہر باشندہ ہمیں پنڈت رتن ناتھ سرشار کی کتاب میں مل جائے گا۔“
کردار نگاری
ترمیمسرشار کی کردار نگاری پر کئی اعتراضات ہوئے مثال کے طور پر انھوں نے کرداروں کی کردار کشی کی ہے۔ اور کسی کو بھی سنجیدہ اور متین نہیں دکھایا۔ اور انھوں نے زیادہ تر مبالغہ سے کام لیا ہے۔ بعض لوگوں نے تو اُن کے کرداروں کو کارٹون کہا ہے۔ لیکن اس کے برعکس اکثر ناقدین نے سرشار کی کردار نگاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے تمام کرداروں کی تخلیق و تشکیل نہایت چابکدستی سے کی ہے۔ اور اس ناول فسانہ آزاد اپنے قصے کی وجہ سے نہیں بلکہ کردار نگاری کی وجہ سے اردو ناول نگاری میں ایک خاص مقام کا حامل ہے۔ آئیے ناول کے اہم کرداروں کا جائزہ لیتے ہیں۔
آزاد
ترمیمآزاد ”فسانہ آزاد“ کا ہیرو ہے۔ سارا قصہ اس کے گرد گھومتا ہے۔ وہ ایک آوارہ اور گھمگو انسان ہے۔ کوئی نہیں جانتا وہ کون ہے۔ کس کا بیٹا ہے۔ کہاں سے تعلیم پائی۔ کس خاندان سے تعلق ہے اور اس کا ذریعہ معاش کیا ہے۔ اس کے بارے میں صرف اتنا معلوم ہے۔ کہ وہ کشمیری مسلم گھرانے کا فرد ہے۔ اس کی عادات بانکوں سے ملتی چلتی ہیں۔ وہ ہر طرح کی صحبت میں اٹھتا بیٹھتا ہے۔ حددرجہ عاشق مزاج مگر ہرجائی اور ہوس پرست۔ ہے۔ جہاں کوئی اچھی صورت نظر پڑی۔ پھسل پڑا۔ جھوٹ بولنے اور اور دھوکا دینے میں اسے کوئی باک نہیں۔ شاعر اور نثر نگار کے علاوہ بے مثال مقر ر بھی ہے۔ حربی علوم سے بھی باخوبی آگا ہ ہے۔ رند مشرب حسین و قوی ہیکل بھی ہے۔ غرف تم اوصاف کے باوجود بقول علی عباس حسینی پنج عیب شرعی بھی موجود تھے۔
وہ ایک ترقی پسند انسان ہے وہ جھاڑ پھونک اور تعویز گنڈے کا قائل نہیں۔ تعلیم نسواں کا حامی ہے اور سماج کی ہر دکھتی رگ کو بڑی ہوشیاری سے پکڑتا ہے۔ اس کے کارنامے بھی مثالی ہیں وہ اکیلا ہی روسیوں کی صفوں کو الٹ کر رکھ دیتا ہے۔ داستانی ہیروز کی طرح۔ اگرچہ اس کی محبت کا مرکز ایک نسوانی کردار ہے مگر دوران مہم جوئی وہ ہرجائی پن اور ہوس پرستی کا مظاہر ہ کرتا ہے۔
دراصل لکھنؤ کی معاشرت میں آزاد کی قماش کے لوگوں کے جو خصائص ہیں وہ آزاد میں بدرجہ اتم موجود ہیں۔ مجموعی طور پر یہ کردار دوسرے کرداروں کے مقابلے میں گراوٹ کا آئینہ دار ہے۔“
خوجی
ترمیمخوجی کا پورا نام بدیع الزما ن ہے۔ فسانہ آزاد کے اگرچہ بعض دیگر کردار بھی مزاحیہ ہیں۔ لیکن ان سب سے خوجی کا کردار زیادہ مزاحیہ اور جاندار ہے۔ یہ کردار پورے ناو ل پر چھایا ہوا ہے۔ اور قارئین اسی کی بدولت ناول میں دلچسپی لیتے ہیں۔ یہ کردار ناول کے ہیرو کے کردار سے زیادہ متحرک اور دلچسپ ہے۔ بقول ناقدین، ” فسانہ آزاد کہانی تو آزاد کی ہے مگر اس کا ہیرو خوجی معلوم ہوتا ہے۔“
خوجی میاں آزاد کا ایک بے تکلف دوست ہے۔ وہ کوتاہ قد، کوتاہ گردن، منحنی سا، تنگ پیشانی والا دبلا پتلا شخص ہے۔ داڑھی اس کی بکرے کی طرح لمبی اور چہرہ صفاچٹ ہے۔ وہ سر پر ترکی ٹوپی پہنے رکھتا ہے۔ وہ ساٹھ برس کی عمر تک پہنچ چکا ہے ،لیکن اس کے باوجود خود کو جوانمرد سمجھتا ہے اور ابھی تک شادی کا خواستگار ہے۔
خود کو حسین و جمیل سمجھنے کی بناءپر وہ تصور کرتا ہے کہ دنیا کی ہر حسین و جمیل عورت اس پر فریفتہ ہو جاتی ہے۔ کبھی وہ مصر کی چھوکریوں کا ذکر کرتا ہے تو کبھی پولینڈ کی شہزادی کا جو اس کے تیئں اس پر عاشق ہو گئی تھی۔ دراصل وہ ہر حسینہ پر لٹو ہو جا تا ہے۔ اس نے کئی حسینائوں سے جوتیاں کھائی ہیں۔ خصوصاً سرائے کی بھٹیارن اور بوا زعفران کے ہاتھوں اس کی کئی بار پٹائی ہوئی ہے۔ وہ خود کو طاقتور اور بہادر سمجھتا ہے اس ليے ذرا سی بات پر لڑائی جھگڑے پر اتر آتا ہے۔ اور اکثر مار کھاتا ہے۔ پٹنے سے اسے کوئی عارنہیں۔ اس پست قامت کو سرشار نے مجسم شامت دکھایا ہے۔
خوجی خود کو حسین و جمیل یہاں تک کہ یوسفِ ثانی تصور کرتا ہے۔ شرارت و خباثت اس کی گھٹی میں رچی ہوئی ہے۔ بات بات پر ڈینگیں مارنا اور لاف زنی کرنا اس کا کام ہے۔ وہ افیونی ہے اورافیون کو ”چینا بیگم “ کا نام دیتا ہے۔ اس کا خیال ہے کہ افیون ہر درد کا مداوا ہے اس کی بدولت فکر انسان کے قریب بھی نہیں پھٹکنے پاتی: ”خوجی کو اگر عشق ہے اور والہانہ عشق ہے تو صرف اپنی چینا بیگم سے۔ خواہ وہ لکھنؤ میں ہو یا بمبئی، ترکی یاجہاز میں اس کی چینا بیگم اس کے ساتھ رہے گی۔“
اندرونی طور پر وہ احساس کمتری کا شکار ہے۔ لیکن بظاہر احساسِ برتری جتاتا نظر آتا ہے۔ وہ بات بات پر جھگڑا کرنے کا عادی ہے اور ہر جھگڑے کے وقت قرولی نکالنے کی دھمکی دیتاہے۔ خوجی کی ایک کمزوری یہ ہے کہ وہ پانی کے نام سے خوفزدہ ہو جاتا ہے۔ ایک دفعہ آزاد اسے پانی میں غوطہ لگانے کے ليے کہتا ہے تو خوجی کہتا ہے: ”یوں ہی زہر کی پڑیا دے دو، گلا گھونٹ ڈالو، یہ دل لگی ہمیں پسند نہیں۔“
دوسرے کردار
ترمیمناول کا ایک اور کردار ہمایوں فر کا ہے جو لکھنؤ کا بگڑا ہوا نواب دکھائی دیتا ہے۔ وہ ناول کی ہیروئن حسن آرا پر فریفتہ ہے۔ وہ اپنی محبوبہ کو اپنی جوانمردی کے کارنامے سنا کر اسے رام کرنے کی کوشش کرتا ہے ایک مرتبہ وہ ایک جلتے ہوئے مکان میں گھس کر ایک بچے کو آگ کے شعلوں سے اٹھا لاتا ہے۔ تو اس کی محبوبہ اس کی جوانمردی سے متاثر ہو کر اس پر جان چھڑکنے لگتی ہے۔ آخر میں وہ قتل ہو جاتا ہے۔ اور قبر میں دفنا دیا جاتاہے۔ مصنف اسے دوبارہ زندہ دکھانے کے ليے لکھتا ہے کہ ہمایوں فر کی شکل میں ایک دوسرا آدمی تھا۔
سپہر آرا ہمایوں فر کی محبوبہ ہے جو آزاد خیال، ترقی پسند، ہوشیار اور تیز طرار لڑکی ہے۔ وہ خوابوں پر یقین رکھتی ہے۔ اور ان کی تعبیر دریافت کرتی رہتی ہے۔ وہ ہمایون پر اس وقت جان چھڑکنے لگتی ہے جب اس کی جوانمردی کو اپنی آنکھوں سے دیکھ لیتی ہے۔ اس میں ایک مشرقی عورت کے صفات موجود ہیں۔
اللہ رکھی کا کردار ایک متحرک کردار ہے وہ ایک بھٹیاری ہے۔ جو کبھی اللہ رکھی کے روپ میں سامنے آتی ہے اور کبھی ثریا بیگم کے نام سے پہنچانی جاتی ہے۔ وہ میاں آزاد پر بہ صد و جان فدا ہے۔ عشق میں اسے جوگن کا بھیس بھی اختیار کرنا پڑتا ہے۔ وہ خود کو شریف زادی قرار دیتی ہے او ر خود کو ایسی ویسی عورتوں میں شمار نہیں کرتی۔ وہ ایک بوڑھے شخص کی بیاہی ہوئی تھی جو نوجوانی ہی میں اسے چھوڑ کر چل بسا۔ اب وہ میاں آزاد سے نکاح کرنے کی خواہاں ہے۔ لیکن میاں آزاد حسن آراءکے عشق میں مبتلا ہیں۔
ناول کی ہیروئن کا نام حسن آرا جو بلا کی حسین، تعلیم یافتہ اور ترقی پسند خاتون ہے۔ وہ عشق میں تقدیس اور پاکیزگی کی قائل ہے۔ وہ اپنے عاشق کا جذبہ عشق آزمانے کے ليے اسے امتحان میں ڈالتے ہوئے کہتی ہے کہ اگر جنگ میں کھیت رہے تو شہید ہو جاؤ گے اور اگر فتح یاب ہو کر لوٹے تو غازی کہلائو گے۔ اور اس کے نتیجے میں میں تم سے شادی کرلوں گی۔ وہ تعلیم نسواں اور عورتوں کی ترقی کی خواہاں ہے۔ اس نے تعلیم نسواں کے ليے اپنے گھر میں ایک سکو ل کھول رکھا ہے۔
مجموعی جائزہ
ترمیماعتراضات کی بھرمار کے باوجود سرشار کے فسانہ آزاد کی اہمیت کو کوئی کم نہیں کر سکا۔ یہی کتاب دراصل اپنے اصل معنوں میں ناول کے ليے سنگ بنیاد کی حیثیت رکھتی ہے۔ سرشار نے مکمل طور پر اپنے معاشرے کی بھر پور عکاسی کی ہے۔ اور اردو ادب کو ایک عظیم اور خوبصورت کردار خوجی سے بھی نوازا ہے۔ اسلوب اور زبان بیان کے حوالے سے بھی انھوں نے اپنی انفرادیت کو برقرار رکھا ہے بقول شوکت سبزواری: سرشار زندگی کے مصور نہیں نقاد ہیں، ان کی مصوری تخلیق حیات نہیں، تنقید حیات ہے۔