اہلیا ہندو روایتوں کے مطابق گوتم مہارشی کی بیوی تھی۔ مختلف ہندو متون میں درج ہے کہ دیو بھگوان اندر نے اس کو بہکایا اور اس کے شوہر نے اس کو خیانت کی وجہ سے ملعون قرار دے دیا تھا۔ بعد میں رام (وشنو کے ایک اوتار) نے اس کو اس لعنت سے آزاد کیا۔ ہندو روایتوں کے مطابق اہلیا کو برہما نے بنایا تھا۔ وہ اس وقت دنیا کی سب سے خوبصورت عورت تھی، اس کی شادی اس سے عمر میں کئی سالے بڑے گوتم مہارشی سے ہوئی تھی۔ ابتدائی دور کی کتابوں میں درج ہے کہ جب اندر نے اس کے شوہر کے روپ میں آکر اس کو بہکایا تو وہ اندر کو پہچان گئی مگر اس کی چالاکی اور پیش کش کے آگے ہتھیار ڈال دیے۔ بعد کی کتابوں میں اہلیا کو یہ کہہ کر بے قصور ثابت کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ وہ اندر کے جال کو سمجھ نہیں پائی اور اس کے بہکاوے میں آگئی۔ ان تمام کتابوں میں درج ہے کہ اہلیا اور اندر کو گوتم نے (شراپ) ملعون قرار دے دیا تھا۔ لیکن شراپ کی نوعیت مختلف مصادر میں الگ الگ ملتی ہے۔ لیکن تمام نصوص میں یہ متفقہ طور پر ملتا ہے کہ رام نے اہلیا کی مہمان نوازی سے خوش ہو کر اس کو شراپ سے آزاد کیا اور نجات دی۔ شروع کے نصوص میں یہ بھی مذکور ہے کہ اس نے اپنے اس گناہ کے کفارہ کے لیے بہت مشقتیں برداشت کیں اور اس دوران میں وہ دنیا کی نظروں سے اوجھل رہی حالانکہ اس نے رام کی خدمت کر کے اس کو منا لیا حتی کہ رام نے اس کو نجات دی۔ بعد کے متون میں یہ بھی لکھا گیا کہ اہلیا کو شراپ دے کر پتھر کا بنا دیا گیا تھا اور وہ انسانیت سے نکل گئی تھی لیکن پھر رام نے اسے آزاد کرایا اور اپنے پیروں سے مس کر کے اسے پتھر سے انسان بنایا۔