ویکیپیڈیا:منتخب مضامین/2023/ہفتہ 37
جدہ، تاریخی خطہ حجاز کے تاریخی علاقہ تہامہ میں بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع ایک شہر ہے جو مغربی سعودی عرب کا اہم تجارتی اور ثقافتی مرکز ہے۔ یہ المکہ علاقہ کا سب سے بڑا شہر اور بحیرہ احمر کی سب سے بڑی بندرگاہ بھی ہے۔ تقریباً چار ملین (2017ء کے مطابق) کی آبادی والا یہ شہر دار الحکومت ریاض کے بعد سعودی عرب کا دوسرا سب سے بڑا شہر اور سعودی عرب کا اقتصادی دار الحکومت ہے۔
جدہ حرمین شریفین (اسلام کے مقدس ترین مقامات مکہ مکرمہ کی مسجد الحرام اور مدینہ منورہ کی مسجد نبوی) کے لیے اہم گزرگاہ ہے۔ گو کہ مدینہ منورہ میں بھی ہوائی اڈا موجود ہے جس کے ذریعہ کچھ حجاج اور زائرین براہ راست وہاں پہنچ جاتے ہیں تاہم اس سلسلہ میں جدہ کے ہوائی اڈے کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ اس سے قبل بہت سے زائرین بحری جہازوں کے ذریعہ جدہ اسلامی بندرگاہ سے بھی آتے تھے تاہم اب زیادہ تر ہوائی سفر ہی کرتے ہیں۔ بحیرہ احمر سے قریب ہونے کی وجہ سے ملک کے دوسرے حصوں کے برعکس ماہی گیری اور سمندری غذا یہاں کی ثقافت پر غالب ہے۔