خیر الدین بارباروس
خیر الدین پاشا بارباروسا (سرخ داڑھی) (پیدائش: 1475ء، انتقال: 1546ء) ایک نجی جہاز راں تھا جو بعد ازاں سلطنت عثمانیہ کی بحری افواج کا سربراہ مقرر ہوا اور کئی دہائیوں تک بحیرہ روم میں اپنی طاقت کی دھاک بٹھائے رکھی۔ وہ یونان کے جزیرہ میدیلی (موجودہ لزبوس) میں پیدا ہوا۔ اس کا انتقال استنبول میں ہوا۔ اس کا اصل نام خضر یعقوب اوغلو (خضر ابن یعقوب) تھا۔ خیر الدین کا لقب اسے عظیم عثمانی فرمانروا سلطان سلیمان قانونی نے دیا تھا۔ بارباروس کا نام اس نے اپنے بڑے بھائی بابا عروج (عروج رئیس) سے حاصل کیا تھا جو الجزائر میں ہسپانویوں کے ہاتھوں شہید ہوا تھا۔ اس کے مرنے کے تین صدیوں بعد بھی اس کے جانشین بحیرہ روم کے ساحلی قصبوں اور دیہاتوں پر حملے کرتے رہے۔
خیر الدین بارباروس | |
---|---|
1478 – 4 جولائی 1546 | |
خیرالدین بارباروس پاشا | |
عرفیت | بارباروس سرخ داڑھی خیرالدین |
قسم | قزاق / سلطنت عثمانیہ امیر البحر |
جائے پیدائش | جزیرہ لسبوس |
جائے وفات | استنبول، سلطنت عثمانیہ |
وفاداری | سلطنت عثمانیہ |
سرگرم | 1500–1545 |
عہدہ | امیر البحر |
کارروائیوں کا مقام | روم |
بابا عروج کی زیر نگرانی ابتدائی زندگی
ترمیمخضر چار بھائیوں اسحق، عروج اور الیاس میں سے ایک تھا جو 1470ء کی دہائی میں یعقوب آغا اور ان کی مسیحی بیوی قطرینہ کے ہاں پیدا ہوا۔ چند مورخین یعقوب کو ایک سپاہی قرار دیتے ہیں جبکہ چند کا کہنا ہے کہ وہ سالونیکا کے قریب وردار کے شہر میں عثمانی فوج ینی چری کا حصہ تھا۔ ابتدا میں چاروں بھائیوں نے مشرقی بحیرہ روم میں تاجر اور جہازراں اور بعد ازاںسمندری سپاہیوں کی حیثیت سے کام کیا جہاں ان کا ٹکراؤ اکثر و بیشتر جزیرہ رہوڈس پر موجود سینٹ جانز کے صلیبیوں سے ہوتا تھا۔ ان جھڑپوں میں الیاس قتل ہوا جبکہ عروج کو گرفتار کر لیا گیا اور روڈس میں قید میں رکھنے کے بعد بطور غلام فروخت کر دیا گیا۔ وہ غلامی کی زندگی سے فرار حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ور پہلے اٹلی اوربعد ازاں مصر پہنچا۔ جہاں وہ مملوک سلطان قانصوہ غوری سے ملاقات میں کامیاب ہو گیا جس نے عروج کو مسیحیوں کے زیر قبضہ بحیرہ روم کے جزائر پر حملے کے لیے ایک جہاز عطا کیا۔
1505ء تک عروج نے تین مزید جہاز حاصل کرلئے اور جربا کے جزیرے پر چھاؤنی قائم کرنے میں کامیاب ہو گیا جس کی بدولت بحیرہ روم میں اس کارروائیوں کادائرہ کار مغرب کی جانب منتقل ہو گیا۔ 1504ء سے 1510ء کے دوران میں وہ اس وقت مشہور ہوا جب اس نے سقوط غرناطہ کے بعد مسیحیوں کے ہاتھوں اسپین سے نکالے گئے مسلمانوں کوبحفاظت شمالی افریقہ پہنچایا۔ ہسپانوی مسلمانوں سے اس کا سلوک اتنا اچھا تھا کہ وہ ان میں بابا عروج کے نام سے مشہور ہو گیا اور یہی بابا عروج اسپین، اٹلی اور فرانس میں بگڑ کر بارباروسا بن گیا۔ الجزیرہ کے لیے اسپین سے بچاؤ کاواحد راستہ عثمانی سلطنت میں ضم ہوجانا تھا اس لیے بارباروسا نے الجزیرہ کو عثمانی سلطان کے سامنے پیش کر دیا۔ سلطان نے الجزیرہ کو عثمانی سنجق (صوبہ) کے طور پر منظور کر لیا اور عروج کو ”پاشائے الجزیرہ“ اور ”مغربی بحیرہ روم میں بحری گورنر“ متعین کر دیا۔ 1516ء میں عروج نے الجزیرہ پر قبضہ کر کرے بادشاہ بن بیٹھا۔ وہ دیگر شہروں پر بھی قبضہ کرنا چاہتا تھا لیکن 1518ء میں مقامی رہنما کی مدد کے لیے آنے والے ہسپانوی افواج کے خلاف جنگ کے دوران میں اپنے بھائی اسحاق سمیت شہید ہو گیا۔ اس کی عمر 55 سال تھی۔
خیر الدین کے ابتدائی کارنامے
ترمیمبھائی کی شہادت کے بعد خیر الدین نے اُن کی پالیسی کو جاری رکھا اور اسپین سے مظلوم مسلمانوں کو شمالی افریقہ لاتا رہا جس کی بدولت اسے اسپین کے مخالف مسلمانوں کی بڑی تعداد کی حمایت حاصل ہو گئی۔ اس نے 1519ء میں الجزیرہ پر قبضے کی کوشش کرنے والی اسپین اور اطالیہ کی مشترکہ فوج کو شکست دی۔ 1529ء میں اس نے ایک ساحلی جزیرے پر ہسپانوی قلعے پر بھی قبضہ کر لیا۔ 1530ء میں اینڈریا ڈوریا نے بارباروسا کو شکست دینے کے لیے حملے کی کوشش کی لیکن بارباروسا کے بحری بیڑے کی آمد سے قبل ہی ڈر کر فرار ہو گیا۔
خیرالدین بطور امیر البحر پاشا
ترمیم1532ء میں سلیمان اعظم نے عثمانی بحری بیڑے کی تشکیل کے لیے بارباروسا کو استنبول طلب کیا۔ سلطان نے بارباروسا کو بحیرہ روم کا امیر البحر پاشا اور شمالی افریقہ کا بیلربے (سپہ سالارِ اعلیٰ) مقرر کیا اور بحری بیڑے کی کمان اس کے سپرد کردی۔ بارباروسا نے سب سے پہلے جنوبی اٹلی کے ساحلوں پر حملے کیے اور 1534ء میں تیونس پر قبضہ کر لیا اور حفصی سلطان مولائے حسن فرار ہو گیا۔ مولائے حسن نے اپنی سلطنت دوبارہ حاصل کرنے کے لیے چارلس پنجم سے مدد طلب کی اور اسپین اور فرانس کی ایک عظیم فوج نے 1535ء میں بونے اور مہدیہ سمیت تمام تیونس بارباروسا سے چھین لیا۔
یورپ کے متحدہ بحری بیڑے کو عبرتناک شکست
ترمیم1537ء میں لطفی پاشا اور بارباروسا نے جزائر آیونین اور جنوبی اٹلی کے خلاف ایک زبردست عثمانی فوج کی قیادت کی اور سلطنت وینس سے کورفو چھین لیا جس پر فروری 1538ء میں پوپ پال سوم نے عثمانیوں کے خلاف اتحاد تشکیل دیا جس میں پاپائے روم، اسپین، رومی سلطنت، وینس اور مالٹا کی افواج شامل تھیں لیکن ستمبر 1538ء میں بارباروسا نے جنگ پریویزا میں اس مشترکہ مسیحی فوج کو زبردست شکست دی جس کی قیادت اینڈریا ڈوریا کے ہاتھوں میں تھی۔ اس فتح کی بدولت بحیرہ روم میں اگلے 33سال (1571ء میں جنگ لیپانٹو تک) تک ترکوں کو مکمل برتری حاصل رہی۔
مزید فتوحات اور امن معاہدہ
ترمیماگلے سال بارباروسا نے وینیٹیئنس سے کاسل نووو چھین لیا جسے انھوں نے جنگ پریویزا کے بعد ترکوں سے حاصل کر لیا تھا۔ اس نے بحیرہ آیونین اور ایجیئن میں مسیحیوں کے باقی ماندہ ٹھکانوں کا بھی خاتمہ کر دیا۔ بالآخر وینس نے امن معاہدے کی درخواست کی جس کے بعد 1540ء میں سلطان سلیمان اور وینس کے درمیان میں امن معاہدے پر دستخط ہوئے۔ اکتوبر 1541ء میں چارلس پنجم نے الجزیرہ کا محاصرہ کرکے مغربی بحیرہ روم میں ہسپانوی اور مسیحی بحری بیڑے کو لاحق خطرات کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی لیکن ایک زبردست سمندری طوفان کے باعث اسے ساحل پراترنے میں شدید مشکلات پیش آئیں تاہم زمین پر لڑی گئی غیر فیصلہ کن جنگ کے بعد چارلس نے ناامید ہوکر فوج واپس بلالی۔
مغربی بحیرہ روم میں نئی مہمات
ترمیم1543ء میں بارباروسا نے ایک عظیم بحری بیڑے کے ساتھ مغربی بحیرہ روم میں نئی مہمات کا آغاز کیا اور اٹلی اور اسپین کے جزائر اور ساحلی علاقوں پر حملے کیے۔ اس نے فرانسیسی ساحلی شہر نیس پر قبضہ کر لیا۔ اس نے اپنے بیڑے کے ہمراہ موسم سرما ٹولون میں گزارا اور اگلے موسم بہار میں اسپین اور اٹلی کے اتحادی بیڑے کو ایک مرتبہ پھر زبردست شکست دی اور ریاست ناپولی کے قلب تک حملے کئی۔ اس نے اطالوی شہر جینووا پر حملے کرنے کی دھمکی دی لیکن تین ہزار دوکات اور اپنے دستِ راست اور دوست طورغود رئیس کو رہا کرنے کے عوض حملہ سے باز رہا۔ طورغود 1540ء میں گرفتار ہونے کے بعد جینووا میں قید تھا اور ایک جہاز پر غلام کے طور پر کام کر رہا تھا۔ بعد ازاں اس نے جنوبی فرانس میں اسپین کے کئی حملوں کا بھرپور جواب دیا اور 1544ء میں چارلس پنجم اور سلیمان اعظم کے درمیان معاہدے کے بعد استنبول پہنچ گیا۔
سبکدوشی اور سوانح حیات
ترمیمبارباروس 1544ء میں استنبول میں سبکدوش ہو گیا اور الجزیرہ میں اس کے صاحبزادے حسن پاشا کو جانشیں مقرر کیا گیا۔ اس نے اپنی سوانح حیات ”غزوات خیر الدین پاشا“ بھی تحریر کی جو ہاتھ سے لکھی گئی 5 جلدوں پر مشتمل ہے۔ اس سوانح حیات کی جلدیں آج کل توپ کاپی محل اور جامعہ استنبول کے کتب خانے میں موجود ہیں۔
انتقال
ترمیمخیر الدین پاشا بارباروس کا انتقال 1546ء میں استنبول میں آبنائے باسفورس کے کنارے واقع اپنے محل میں ہوا۔ اس کا مزار استنبول میں ترک بحری عجائب خانے کے قریب موجود ہے۔ ترک بحریہ کے متعدد جہازوں کے نام اسی پررکھے گئے ہیں۔ آج بھی ترک بحریہ کا کوئی جہاز آبنائے باسفورس سے گذرتا ہے تو اس کے مقبرے کی طرف سلامی دیتا ہے۔
بیرونی روابط
ترمیم- خیر الدین بارباروسآرکائیو شدہ (Date missing) بذریعہ barbaros.biz (Error: unknown archive URL)
ویکی ذخائر پر خیر الدین بارباروس سے متعلق سمعی و بصری مواد ملاحظہ کریں۔ |