کوانٹیکو (انگریزی: Quantico) جوشوا سافرن کا تخلیق کردہ ایک ٹی وی سلسلہ ہے۔ سنسنی خیز کہانی پر مشتمل اس سلسلے کی نشریات کا افتتاح 27 ستمبر 2015ء کو اے بی سی پر ہوا۔[1][2] اس کا مرکزی کردار ایلکس پیریش نامی ایف بی آئی ایجنٹ ہے، جسے بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا نے نبھایا ہے۔ کہانی کے مطابق، ایلکس پر دہشت گردی کے ایک حملے میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ ماضی کی جھلکیاں ایف بی آئی اکیڈمی میں ایلکس اور اُس کے ساتھیوں کی داستان بیان کرتی ہیں۔ اے بی سی نے 13 اکتوبر 2015ء کو 19 اقساط پر مشتمل مکمل سیزن کے احکامات جاری کیے۔[3]

کوانٹیکو
نوعیت
تخلیق کارجوشوا سافرن
نمایاں اداکار
موسیقارجوئل جے رچرڈ
نشرریاست ہائے متحدہ
زبانانگریزی
تعدادِ دور1
اقساط5 (اقساط کی فہرست)
تیاری
عملی پیشکش
فلم سازباربرا ڈی ایلیزینڈرو
مدیرایلیسن سی جونسن
مقاممانٹریال اور شربروک، کیوبیک، کینیڈا
عکس نگاریٹوڈ مک ملن
دورانیہ43 منٹ
پروڈکشن ادارہ
تقسیم کارڈزنی-اے بی سی ڈومیسٹک ٹیلی ویژن
نشریات
چینلاے بی سی
تصویری قسم480i (ایس ڈی ٹی وی)
1080i (ایچ ڈی ٹی وی)
27 ستمبر 2015ء (2015ء-09-27) – جاری
بیرونی روابط
ویب سائٹ

خاکہ

ترمیم

سلسلے کی کہانی کوانٹیکو، ورجینیا میں واقع ایف بی آئی اکیڈمی میں تربیت کے لیے منتخب ہونے والے نئے ایجنٹوں اور ایجنٹ بن جانے کے بعد اُن کی زندگی کے گرد گھومتی ہے۔ ایف بی آئی میں شمولیت کی خواہش کے پیچھے ہر ایجنٹ کا ایک خاص مقصد ہے۔ ڈرامے میں دو بیانیے ساتھ ساتھ چلتے ہیں۔ ایک بیانیہ نو ماہ پہلے کے واقعات سے شروع ہوتا ہے جب یہ نئے منتخب شدہ ایجنٹ اکیڈمی میں تربیت کے لیے داخل ہوتے ہیں اور دوسرا بیانیہ نو ماہ بعد کی کہانی ہے جب نیو یارک شہر میں سانحہ گیارہ ستمبر کے بعد، دہشت گردی کا سب سے بڑا واقعہ رونما ہوتا ہے، جس میں تمام تر ظاہری شواہد ایف بی آئی اکیڈمی سے فارغ التحصیل ہونے والی ایجنٹ ایلکس پیریش کے ملوث ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔

افتتاحی تعارف (پریانکا چوپڑا کی زبانی)

میرا نام ایلکس پیریش ہے۔ اپنے ملک کا تحفظ ہمیشہ میرا خواب رہا ہے، لیکن میری زندگی ایک تباہ کن موڑ پر آ پہنچی ہے۔ اس کا آغاز نو مہینے پہلے ایف بی آئی اکیڈمی سے ہوا۔ میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ اپنے ملک کے تحفظ سے پہلے مجھے اپنے تحفظ کی ضرورت پڑے گی۔ مجھے سچائی ڈھونڈ نکالنی ہے۔

پیش کش

ترمیم

تیاری

ترمیم

17 ستمبر 2014ء کو اے بی سی نے اعلان کیا کہ وہ جوشوا سافرن کی تحریر کردہ اور مارک گورڈن کمپنی کی پیش کردہ ڈراما سیریز کا مرکزی خیال خرید چکا ہے۔ 23 جنوری 2015 ء کو اے بی سی نے 2015-16 کے ٹیلی ویژن دور کے لیے آزمائشی قسط (پائلٹ) کی فرمائش کی۔ آزمائشی قسط کی عکس بندی اٹلانٹا میں ہوئی جس کی ہدایات مارک منڈن نے دیں۔ 7 مئی 2015ء کو اے بی سی نے آزمائشی قسط منظور کرتے ہوئے 13 اقساط کے احکامات جاری کیے۔ بعد ازاں، 13 اکتوبر 2015ء کو ایک مکمل سیزن کے لیے سیریز کو منظور کرتے ہوئے اضافی چھ اقساط کی فرمائش بھی کی گئی، جس کے بعد اقساط کی تعداد بڑھ کر 19 ہو گئی۔

اداکاروں کا انتخاب

ترمیم

سیریز کے لیے اداکاروں کی تلاش کے اشتہارات دیے جانے کا آغاز فروری 2015 ء سے ہوا۔ ٹیٹ ایلنگٹن پہلے اداکار تھے، جو 9 فروری 2015ء کو زیرِ تربیت ایف بی آئی ایجنٹ کے کردار کے لیے منتخب ہوئے۔ 9 فروری کو، گراہم روجرز بھی ایک اور زیرِ تربیت ایف بی آئی ایجنٹ کے طور پر سیریز میں شامل ہوئے۔ 25 فروری کو اعلان کیا گیا کہ آنجینیو ایلیس تربیتی اکیڈمی کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر میرنڈا شا کا مرکزی کردار نبھائیں گی۔ ایلیس کو اے بی سی کے ہاؤ ٹو گیٹ اوے ود مرڈر کی کامیابی کے بعد اس سیریز میں شامل کیا گیا، جس کا مرکزی کردار بھی ایک افریقی امریکی خاتون ہے۔ بعد ازاں، اعلان کیا گیا کہ ڈوگرے اسکوٹ، جنھیں ابتدا میں کردار ایلیس کے سابقہ ساتھی کے طور پر منتخب کیا گیا تھا، اب وہ اُس کے ماتحت کا کردار نبھائیں گے۔ 25 فروری کو، بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا اس سیریز کا حصہ بنیں، انھیں سیریز کی مرکزی کردار نوجوان خاتون ایلکس پیریش کے طور پر منتخب کیا گیا جو ایف بی آئی میں زیرِ تربیت ہے۔ 3 مارچ کو اطلاعات آئیں کہ جیک مک لاگلن وہ کردار نبھائیں گے جس کے لیے ایلکس پیریش محبت کا احساس رکھتی ہے، جب کہ جوہانا بریڈی اور یاسمین المصری بھی معاون کردار ادا کریں گے۔

آزمائشی قسط کے بعد اے بی سی نے کرداروں میں تبدیلیاں کیں۔ 19 مئی 2015ء کو ڈوگری اسکوٹ کو، جو پہلے ایف بی آئی کے خصوصی ایجنٹ لیام اوکونر کا کردار نبھا رہے تھے، سیریز سے نکال دیا گیا اور 17 جولائی 2015ء کو یہ کردار جوش ہوپکنز کے سپرد کر دیا گیا۔ 15 جولائی 2015ء کو کئی قسطوں میں ایک سابقہ پولیس اہل کار کا کردار نبھانے کے لیے ینابیل ایکوسٹا کو منتخب کیا گیا۔ 20 جولائی 2015ءکو ریک کوسنیٹ کو سابقہ ڈیفنس اٹارنی اور تجزیہ کار کا کردار دیا گیا جو برملا ہم جنس پرست ہے۔ 4 ستمبر 2015ء کو یہ خبر سامنے آئی کہ ایکوسٹا کا کردار کئی قسطوں تک محدود رکھنے کی بجائے انھیں ترقی دے کر پوری سیریز کا حصہ بنادیا گیا ہے۔ 11 ستمبر 2015ء کو جیکب آرٹسٹ بھی سیریز کا حصہ بنے۔ اُن کا کردار تربیت کے دوران ایک دوستانہ اور پُر اعتماد ایف بی آئی ایجنٹ کا ہے۔

عکس بندی

ترمیم

اگرچہ کوانٹیکو کی آزمائشی قسط اٹلانٹا میں عکس بند کی گئی تھی، تاہم پہلے سیزن کی عکس بندی کا آغاز مانٹریال، کیوبیک اور شربروک، کیوبک میں موسمِ گرما 2015ء کے اواخر میں ہوا۔ ابتدائی 13 اقساط کی فلم بندی 20 جولائی 2015ء سے شروع ہوئی جو 17 دسمبر 2015ء تک جاری رہے گی۔

اداکار اور کردار

ترمیم

مرکزی

ترمیم
  • پریانکا چوپڑا بطور ایلکس پیریش، ایک ایف بی آئی ایجنٹ جو دہشت گردی کے ایک حملے میں انتہائی مشتبہ ٹھہرتی ہے۔ اپنے آپ کو بے گناہ ثابت کرنے کے لیے وہ روپوش ہوجاتی ہے اور ذمہ داروں کی تلاش شروع کرتی ہے تاکہ اپنی صفائی ثابت کرسکے۔
  • جوش ہوپکنز بطور لیام اوکونر، ایک منجھا ہوا ایف بی آئی ایجنٹ جس کی تنزلی کرکے اکیڈمی میں تعینات کیا گیا ہے۔
  • جیک مک لاگلن بطور رائن بوتھ، ایک خفیہ ایف بی آئی ایجنٹ جسے ایلکس کی خفیہ نگرانی کی ذمہ داری دی گئی ہے اور شبہ ہے کہ اُس پر ایلکس نے گولی چلائی تھی۔
  • آنجینیو ایلیس بطور میرنڈا شا، کوانٹیکو کی گرو، جو جانتی ہے کہ ایلکس کو پھنسایا گیا ہے اور وہ اُسے اصل ذمہ داروں کی تلاش میں مدد کر رہی ہے۔
  • یاسمین المصری بطور نیمہ اور رینا امین، جڑواں بہنیں جنھیں کوانٹیکو میں میرنڈا لے کر آئی ہے، دونوں خود کو ایک ہی فرد ظاہر کرتی ہیں اور اپنا نام نیمہ بتاتی ہیں۔
  • جوہانا بریڈی بطور شیلبی وئیٹ، ایلکس کی بہترین دوست۔ یہ خاصے امیر گھرانے سے تعلق رکھتی ہے۔
  • ٹیٹ ایلنگٹن بطور سائمن اشر، ایک یہودی اور نیمہ سے متاثر، جو ظاہر کرتا ہے کہ وہ اپنی زندگی کا کچھ حصہ غزہ میں گزار چکا ہے۔
  • گراہم روجرز بطور کیلب ہاس، جسے بطور ایجنٹ اکیڈمی سے نکال دیا جاتا ہے، لیکن بعد ازاں تجزیہ کار کے طور پر تربیت کے لیے دوبارہ واپس لایا جاتا ہے۔

تکرار

ترمیم
  • اینابیل ایکوسٹا بطور نتالی ویزکیوز، اکیڈمی میں ایلکس کی حریف۔
  • ریک کوسنیٹ بطور ایلائس ہارپر، ہم جنس پرست ہونے کا کھلے عام اظہار کرنے والا زیرِ تربیت تجزیہ کار جو ذاتی اور پیشہ وارانہ، دونوں اعتبار سائمن میں دلچسپی رکھتا ہے۔
  • مارک پیلیگرینو بطور ایف بی آئی ڈائریکٹر۔
  • جیکب آرٹسٹ بطور برینڈن فلچر۔
  • اینا کھاجا بطور سیتا، ایلکس کی ماں۔

اقساط

ترمیم
قسط نمبر
عنوان ہدایات از تحریر از اصل تاریخِ نشر امریکی ناظرین
(ملین)
1"Run"
"دوڑ"
مارک منڈنجوشوا سافرن27 ستمبر 2015ء (2015ء-09-27)7.14[4]
ایف بی آئی کی نو آموز ایجنٹ ایلکس پیریش خود کو تباہ شدہ گرینڈ سینٹرل اسٹیشن کے ملبے پر موجود پاتی ہے۔ وہاں سے اُسے ایف بی آئی لے جاکر پوچھ گچھ کی جاتی ہے۔ ماضی کی جھلکیاں نو ماہ پہلے، کوانٹیکو میں واقع ایف بی آئی اکیڈمی میں ایلکس اور دوسرے نئے بھرتی شدہ ایجنٹوں کی تربیت کے مختلف مناظر دکھاتی ہیں۔ ان مناظر سے آشکار ہوتا ہے کہ رائن بوتھ ایک خفیہ ایجنٹ ہے جسے اسپیشل ایجنٹ لیام اوکونر نے ایلکس کی نگرانی پر مامور کیا ہوا ہے۔ ایلکس، لیام کو بتاتی ہے کہ اُسی نے اپنے باپ، جیف مائیکل، کو اپنی ماں سے جھگڑے کے دوران گولی مار کر ہلاک کیا تھا۔ باپ کے قتل کے بعد اُسے علم ہوا کہ وہ بھی ایف بی آئی کا ایک اسپیشل ایجنٹ تھا۔ وہ لیام سے درخواست کرتی ہے کہ وہ اُس کے باپ سے متعلق جس قدر معلومات ہو سکے، فراہم کر دے۔ حال کے مناظر دکھاتے ہیں کہ ایف بی آئی کے اہل کاروں کو دہشت گردی کی کارروائی میں ایلکس کے ملوث ہونے کا شک ہے۔ ایف بی آئی کی ایجنٹ جب ایلکس کے فلیٹ پر چھاپا مارتے ہیں تو انھیں رائن بوتھ بے ہوشی کی حالت میں ملتا ہے، جسے ایلکس ہی کی گن سے گولی ماری گئی ہوتی ہے۔ فلیٹ سے ملنے والے سامان اور دیگر تمام شواہد ایلکس ہی کے مجرم ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ چناں چہ ایلکس کو گرفتار کر لیا جاتا ہے۔ منتقلی کے دوران، میرنڈا فرار میں اُس کی مدد کرتی ہے۔
2"America"
"امریکا"
اسٹیفن کےجوشوا سافرن4 اکتوبر 2015ء (2015ء-10-04)6.98[5]
کوانٹیکو میں، نیمہ اور رینا کو میرنڈا خبردار کرتی ہے کہ وہ اپنا خفیہ روپ بے نقاب نہ کریں۔ غزہ میں سائمن کے ماضی کے بارے میں ایلائس کھوج نکالتا ہے اور میرنڈا جان جاتی ہے کہ رائن ایک خفیہ ایجنٹ ہے، اُسے شبہ ہوتا ہے کہ رائن کو دراصل اُس کی جاسوسی کے لیے یہاں تعینات کیا گیا ہے۔ حال کی طرف لوٹیں تو ایلکس کو فرار کرنے میں معاونت فراہم کرنے والی میرانڈا کو لیام پکڑ لیتا ہے، لیکن اس دوران ایلکس فرار ہونے میں کام یاب ہو چکی ہوتی ہے۔ ایلکس اپنے فلیٹ پر واپس جاتی ہے اور اپنے بے گناہ ہونے کے شواہد اکٹھا کرتی ہے۔ اس کوشش میں وہ نتالی کے ہاتھوں پکڑے جانے سے بال بال بچتی ہے۔ ایلکس ہسپتال میں داخل رائن کو فون کرتی ہے؛ وہ بتاتا ہے کہ اُسے یاد نہیں کہ اُسے کس نے گولی ماری تھی، لیکن اتنا ضرور یاد ہے کہ وہ ایلکس نہیں تھی۔ وہ اسے مدد کی پیشکش کرتا ہے، لیکن یہ بھی کہتا ہے کہ اسے لیام کو یہ ظاہر کرنا پڑے گا کہ ایلکس ہی مجرم ہے۔
3"Cover"
"آڑ"
جینیفر لنچجورڈن نارڈینو11 اکتوبر 2015ء (2015ء-10-11)5.75[6]
ایلکس کی ماں، سیتا کو تفتیش کے لیے لایا جاتا ہے اور لیام اسے قائل کرتا ہے کہ وہ پریس کانفرنس میں ایلکس کے مجرم ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے اُسے خود کو قانون کے حوالے کرنے کی درخواست کرے۔ اس دوران، ایلکس مدد کے لیے سائمن سے رابطہ کرتی ہے۔ تب یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اُسے ابتدا ہی میں کوانٹیکو سے فارغ کر دیا گیا تھا۔ کوانٹیکو میں، ایلکس اپنے باپ کے ماضی سے متعلق جانتی ہے، جب کہ نئے بھرتی شدہ ایجنٹ مختلف مہارتیں سیکھنا جاری رکھتے ہیں۔ وہ پتا لگاتا ہے کہ ایلکس کو کوانٹیکو میں داخل ہونے کے وقت ہی سے پھنسانے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ سائمن اُسے فرار ہونے میں مدد فراہم کرتا ہے، تاہم بعد کے مناظر دکھاتے ہیں کہ وہ خفیہ طور پر ڈائریکٹر کلیٹن کے لیے کام کر رہا ہے۔ کوانٹیکو میں ماضی کی جھلکیاں دکھاتی ہیں کہ ایلکس کو لیام اُس کے باپ کے بارے میں معلومات فراہم کرتا ہے جو خود ایک خاص ایجنٹ تھا۔ رینا کی بہن، نیمہ اُسے چھوڑ کر کوانٹیکو سے چلی جاتی ہے۔ میرنڈا کا بیٹا، جسے اُسی نے جیل میں قید کروایا تھا، پیرول پر رہا ہونے کے حوالے سے پُر امید ہے۔
4"Kill"
"قتل"
رچل موریسنچیرین ڈیبیس18 اکتوبر 2015ء (2015ء-10-18)5.30[7]

ایف بی آئی، ایلکس کا تعاقب کرتے ہوئے سائمن تک پہنچنے ہی والی تھی کہ سائمن اسے وہاں سے بچا لے جاتا ہے۔ ایلکس کی رہائش گاہ سے ملنے والی تار کی چھان بین کرتے ہوئے انھیں شلبی کی ایک کمپنی کا سراغ ملتا، چناں چہ وہ ثبوت کی تلاش کے لیے اس کے گھر جا پہنچتے ہیں۔ تب شلبی انکشاف کرتی ہے کہ وہ جانتی ہے کہ سائمن خفیہ طور پر کلیٹن کے لیے کام کر رہا ہے، دوسری طرف رائن بھی اس بات سے واقف ہو چکا ہے۔ بالآخر، شلبی کو ایلکس یرغمال بنالیتی ہے۔ کلیٹن حکم دیتا ہے کہ اب ایلکس کو دیکھتے ہی مار دیا جائے۔

دوسری طرف، کوانٹیکو میں ایلکس اپنے باپ کی حقیقت سے آگاہ ہونے کے بعد اسے ذہنی طور پر تسلیم کرنے کی جدوجہد میں مصروف ہے اور ایک تربیتی چھاپہ مار کارروائی میں ناکام ہوجاتی ہے۔ لیام، رائن پر زور ڈالتا ہے کہ وہ ایلکس کو اکیڈمی چھوڑنے پر تیار کرے، تاہم رائن کو اندازہ ہوجاتا ہے کہ اس کی یہ خفیہ ذمہ داری دراصل باضابطہ نہیں ہے اور لیام اپنی مرضی کر رہا ہے۔ میرنڈا، نیمہ کو تلاش کرکے اُسے بتاتی ہے کہ کیسے اس کا بیٹا انتہا پسندوں کے چنگل میں پھنس گیا تھا جنھوں نے اسے ہائی اسکول پر حملے کے لیے اکسایا؛ اور آخر نیمہ کو کوانٹیکو واپسی پر تیار کرلیتی ہے۔ ایلیز کو سائمن کی حقیقت کا اچھی طرح اندازہ ہوجاتا ہے اور وہ اسے جتا بھی دیتا ہے۔
5"Found"
"کھوج"
ڈیوڈ مک وھائٹرجیک کوبرن اور جسٹن برینیمین25 اکتوبر 2015ء (2015ء-10-25)اعلان باقی ہے
کوانٹیکو میں زیرِ تربیت ایجنٹوں کی تربیت مکمل ہونے میں اب بھی 15 ہفتے باقی ہیں، تاہم اب وہ تکان کا شکار ہونے لگے ہیں۔ انھیں ایک رات اکیڈمی سے باہر گزارنے کا موقع دیا جائے گا، تاہم اس دوران اُنھوں نے اس ہفتے کے سبق، یعنی ’’خفیہ شناختوں‘‘، پر کام جاری رکھنا ہوگا۔ انھیں ایک کمپنی کی پارٹی میں فرضی شناختوں کے ساتھ گھل مل جانا ہے اور کمپنی کے سی ای او تک پہنچنے کی کوشش کرنی ہے۔
6"God"
"خدا"
پیٹر لیٹوبیتھ شیکٹر1 نومبر 2015ء (2015ء-11-01)اعلان باقی ہے
7"Go"
"رخصت"
پیٹرک نورسلوگن سلیکٹر8 نومبر 2015ء (2015ء-11-08)اعلان باقی ہے

پزیرائی

ترمیم

ناقدانہ ردِ عمل

ترمیم

ٹیلی ویژن ناقدین کی جانب سے کوانٹیکو مثبت تبصرے حاصل کرنے میں کام یاب رہا۔ روٹن ٹماٹوز نے 54 تبصروں کی بنیاد پر 83 فی صد پسندیدگی کے ساتھ دس میں سے 6.6 کا اوسط درجہ دیا۔ ویب سائٹ نے اتفاق کیا کہ ’’واضح نقالی ایک طرف رکھتے ہوئے، کوانٹیکو خاصے متوازن اداکاروں کے ساتھ تفریح سے بھرپور سنسنی خیزی فراہم کرتا ہے۔‘‘[8] میٹاکریٹک پر، اس سلسلے کو 25 تبصروں کی بنیاد پر 100 میں سے 70 اسکور دیے گئے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمومی تبصرے مثبت اور تعریفی رہے ہیں۔[9]

درجہ بندیاں

ترمیم
شمار عنوان تاریخ نشر وقت (مشرقی منطقۂ وقت) درجہ بندی/حصہ
(18–49)
ناظرین
(ملین)
ڈی وی آر
(18–49)
ڈی وی آر ناظرین
(ملین)
کُل
(18–49)
کُل ناظرین
(ملین)
1 "Run/دوڑ" ستمبر 27, 2015 اتوار
رات 10:00 بجے
1.9/6 7.14[4] 1.5 5.01 3.4 12.15[10]
2 "America/امریکا" اکتوبر 4, 2015 1.9/6 6.98[5] 1.7 4.93 3.6 11.91[11]
3 "Cover/آڑ" اکتوبر 11, 2015 1.6/5 5.75[6] 1.8 4.90 3.4 10.65[12]
4 "Kill/قتل" اکتوبر 18, 2015 1.6/5 5.30[7] اعلان باقی ہے اعلان باقی ہے اعلان باقی ہے اعلان باقی ہے
5 "Found/کھوج" اکتوبر 25, 2015 اعلان باقی ہے اعلان باقی ہے اعلان باقی ہے اعلان باقی ہے اعلان باقی ہے اعلان باقی ہے
6 "God/خدا" نومبر 1, 2015 اعلان باقی ہے اعلان باقی ہے اعلان باقی ہے اعلان باقی ہے اعلان باقی ہے اعلان باقی ہے
7 "Go/رخصت" نومبر 8, 2015 اعلان باقی ہے اعلان باقی ہے اعلان باقی ہے اعلان باقی ہے اعلان باقی ہے اعلان باقی ہے

حوالہ جات

ترمیم
  1. نیلی آندریوا (7 مئی 2015)۔ "ABC Picks Up Dramas 'The Catch', Jenna Bans, 'Kings & Prophets', 'Boom' 'L.A. Crime' & 'Quantico' To Series" (بزبان انگریزی)۔ ڈیڈلائن ڈاٹ کام 
  2. نیلی آندریوا (2 جون 2015ء)۔ "'Of Kings and Prophets' Pulled From ABC Fall Schedule, 'Quantico' Goes To Sunday" (بزبان انگریزی)۔ ڈیڈلائن ڈاٹ کام 
  3. کمبرلی روٹس (13 اکتوبر 2015 ء)۔ "Quantico Lands Full-Season Order" (بزبان انگریزی)۔ ٹی وی لائن ڈاٹ کام 
  4. ^ ا ب ڈینی ڈکسن (29 ستمبر 2015ء)۔ "Sunday Final Ratings: 'Bob's Burgers' Adjusted Down, '60 Minutes' Adjusted Up + 'Sunday Night Football" (بزبان انگریزی)۔ ٹی وی بائے دا نمبرز 
  5. ^ ا ب ریک پورٹر (6 اکتوبر 2015ء)۔ "Sunday final ratings: 'Blood & Oil,' 'The Simpsons' adjusted up, 'Madam Secretary' adjusted down" (بزبان انگریزی)۔ ٹی وی بائے دا نمبرز 
  6. ^ ا ب ریک پورٹر (13 اکتوبر 2015 ء)۔ "Sunday final ratings: 'The Good Wife' and 'Last Man on Earth' adjusted up, plus final NFL numbers" (بزبان انگریزی)۔ ٹی وی بائے دا نمبرز 
  7. ^ ا ب رک پورٹر (20 اکتوبر 2015ء)۔ "Sunday final ratings: 'The Good Wife,' 'Madam Secretary' and 'The Simpsons' adjusted up, plus final NFL numbers" (بزبان انگریزی)۔ ٹی وی بائے دا نمبرز 
  8. "Quantico: Season 1" (بزبان انگریزی)۔ روٹن ٹماٹوز 
  9. "Quantico - Season 1 Reviews" (بزبان انگریزی)۔ میٹاکریٹک 
  10. رک پورٹر (11 اکتوبر 2015)۔ "Premiere week Live +7 ratings: 'Blindspot,' 'Empire' and 'Big Bang Theory' score biggest gains" (بزبان انگریزی)۔ ٹی وی بائے دا نمبرز 
  11. رک پورٹر (19 اکتوبر 2015)۔ "Broadcast Live +7 ratings, week 2: 'The Blacklist' premiere joins 'Empire' and 'Blindspot' atop the charts" (بزبان انگریزی)۔ ٹی وی بائے دا نمبرز 
  12. رک پورٹر (26 اکتوبر 2015)۔ "Broadcast Live +7 ratings, week 3: 'Quantico' more than doubles, 'Empire' and 'Blindspot' score biggest gains" (بزبان انگریزی)۔ ٹی وی بائے دا نمبرز 

بیرونی روابط

ترمیم