جَو گندم کی طرح کی ایک زرعی جنس ہے لیکن جو اور گندم میں فرق ہے۔ یہ فصل پوری دنیا میں بڑے پیمانے پر کاشت کی جاتی ہے اور انسانوں اور جانوروں کی خوراک کے طور پر استعمال ہوتی ہے۔ یہ ابتدائی انسانوں کے ذریعہ کاشت کیے جانے والے پہلے اناج میں سے ایک ہے اور بہت سے جغرافیائی علاقوں میں مختلف قسم کے موسموں میں کاشت کیا جا سکتا ہے۔ جدید تحقیق کی بنیاد پر تیار کی جانے والی اکثر غذاؤں میں جو کا استعمال ہوتا ہے۔ مغربی ممالک میں بیئر کی کشید کے لیے بھی جو کثرت سے استعمال ہوتا ہے۔ مکئی، چاول اور گندم کے بعد یہ دنیا میں سب سے زیادہ پیدا ہونے والا اناج ہے۔ 2022 میں دنیا بھر میں 24 لاکھ ایکڑ پر جو کی کاشت کی گئی جس سے 147 ملین میٹرک ٹن پیداوار حاصل ہوئی۔