علی بن مدینی

تبع تابعی محدث
(علی بن المدینی سے رجوع مکرر)

ابو الحسن علی بن عبد اللہ بن جعفر بن نجیح بن بکر بن سعد (پیدائش: 778ء— وفات: جون 849ء) کا شمار زمرہ تبع تابعین کے محدثین میں ہوتا ہے، انھیں جرح و تعدیل کا امام سمجھا جاتا ہے۔ گویا وہ عمر میں چھوٹے تھے مگر علم و فضل کے وجہ سے ان کا شمار اکابر محدثین میں ہوتا تھا۔

امام ، الحافظ ، الشیخ
علی بن مدینی
 

معلومات شخصیت
پیدائشی نام علي بن عبد الله بن جعفر بن نجيح
پیدائش سنہ 778ء [1]  ویکی ڈیٹا پر (P569) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
بصرہ   ویکی ڈیٹا پر (P19) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
وفات سنہ 848ء (69–70 سال)  ویکی ڈیٹا پر (P570) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
سامراء   ویکی ڈیٹا پر (P20) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
وجہ وفات طبعی موت
شہریت دولت عباسیہ   ویکی ڈیٹا پر (P27) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
کنیت ابو حسن
لقب ابن المدینی
مذہب اسلام
فرقہ اہل سنت
عملی زندگی
ابن حجر کی رائے ثقة ثبت إمام أعلم أهل عصره بالحديث وعلله
ذہبی کی رائے الشيخ الإمام الحجة، أمير المؤمنين في الحديث
استاد حماد بن زید ،  سفیان بن عیینہ ،  يحيىٰ القطان ،  عبد الرحمن بن مہدی ،  ابوداؤد طیالسی ،  ابن علیہ   ویکی ڈیٹا پر (P1066) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
نمایاں شاگرد محمد بن اسماعیل بخاری ،  احمد بن حنبل ،  ابو داؤد ،  ابو حاتم رازی ،  ابویعلیٰ الموصلی   ویکی ڈیٹا پر (P802) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
پیشہ محدث ،  فقیہ ،  مصنف   ویکی ڈیٹا پر (P106) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
شعبۂ عمل علم حدیث ،  فقہ   ویکی ڈیٹا پر (P101) کی خاصیت میں تبدیلی کریں

ابتدائی زندگی

ترمیم

ابو الحسن کنیت اور علی نام تھا۔ ان کا خانوادہ بنو سعد کے ایک شخص عطیۃ السعد کا غلام تھا۔ آبائی وطن مدینہ المنورہ تھا۔ اس نسبت سے مدینی مشہور ہیں۔ بعد میں خاندان بصرہ میں آباد ہو گیا تھا۔ یہیں 161ھ میں ان کی ولادت ہوئی اور وہیں ان کی نشو و نما اور ابتدائی تعلیم کا آغاز ہوا۔ ان کے والد اور دادا دونوں صاحب علم و فضل تھے۔ ان کے والد کے بارے میں تو خطیب بغدادی نے لکھا ہے کہ وہ مشہور محدث تھے۔ ان کی ابتدائی تعلیم تو انہی کی آغوش تربیت میں ہوئی۔ بعض واقعات سے یہ پتہ چلتا ہے کہ اختتام تعلیم سے پہلے ہی ان کے والد کا انتقال ہو چکا تھا۔ چنانچہ جب انھوں نے سماع حدیث کے لیے یمن کا سفر کیا تو اس وقت ان کے اخراجات کی ساری ذمہ داری ان کی والدہ کے سر تھی۔

طلب علم

ترمیم

انھوں نے طلبِ علم کے شوق میں دور دور کی خاک چھانی تھی۔ مکہ، مدینہ، بغداد، کوفہ، عرض ممالک اسلامیہ کے ہر مشہور مقام تک طلب علم کے لیے گئے۔ خصوصیت سے یمن میں وہ تین سال تک مقیم رہے۔ علم حدیث میں ان کو فطری لگاؤ بھی تھا اور وراثتاً بھی یہ علم ان کے حصہ میں آ گیا۔ اس لیے ان کے علم کا سارا جوہر اس فن میں کھلا۔ سماع حدیث کے لیے جس وقت انھوں نے یمن کا سفر کیا تھا، اس وقت یہ مبتدی تھے، بلکہ اپنے حفظ و سماع سے حدیث کا ایک اچھا خاصا ذخیرہ پاس جمع کر چکے تھے۔ خود بیان کرتے ہیں کہ میں نے سلسلہ سفر کے اعتبار سے ایک سند جمع کی تھی۔ میں جب یمن جانے لگا تو اس کو بحفاظت ایک صندوق میں بند کرتا گیا، لیکن تین برس کے بعد واپس ہوا تو یہ سارا ذخیرہ مٹی کا ڈھیر ہو چکا تھا۔ مجھ پر اس کا ایسا اثر ہوا کہ پھر دوبارہ اس کے جمع کرنے کی ہمت نہ کر سکا۔[2] والد کے انتقال کے بعد گھر کا کوئی نگران نہیں تھا۔ صرف ان کی والدہ تنہا تھیں۔ ان کے قیام یمن کے زمانہ میں ان کو نہ جانے کتنی تکالیف کا سامنا کرنا پڑا ہوگا، مگر ان کی والدہ نے یہ پسند نہیں کیا کہ ان تکالیف کی اطلاع دے کر اپنے بیٹے کے سمندِ شوق کی راہ میں روڑہ ڈالیں، بلکہ جن لوگوں نے اس کا مشہور دیا ان کو ان کی والدہ نے اپنے لڑکے کا دشمن سمجھا۔[3] ان کے علمی شغف کا یہ حال تھا کہ رات کو سوتے سوتے کوئی حدیث یاد آ گئی یا کوئی شبہ ہوا تو فوراً لونڈی سے کہتے کہ چراغ جلا۔ چراغ چل جاتا اور جب وہ اپنی تسکین کر لیتے تب جا کر پھر ان کو نیند آتی تھی۔[3]

والدہ کی طرف سے طلب علم کی ہمت افزائی

ترمیم

والد کے انتقال کے بعد گھر کا کوئی نگران نہیں تھا، صرف ان کی والدہ تنہا تھیں، ان کے قیام یمن کے زمانہ میں ان کونہ جانے کتنی کلفتوں کا سامنا کرنا پڑا ہوگا؛ مگرانہوں نے یہ پسند نہیں کیا کہ ان تکالیف کی اطلاع دے کراپنے نورچشم کے سمندر شوق کی راہ میں کوئی روڑہ ڈالیں؛ بلکہ جن لوگوں نے اس کامشورہ دیا ان کوانہوں نے اپنے لڑکے کادشمن سمجھا؛ چنانچہ جس وقت علی بن المدینی یمن سے واپس آئے توانہوں نے بیان کیا کہ بیٹا میں نے تمھارے دوستوں اور دشمنوں کواچھی طرح پہچان لیا، بیٹے نے پوچھا! اماں جان! یہ کیسے؟ بولیں جب تم یمن میں تھے توفلاں فلاں آدمی میرے پاس آتے اور ادب سے سلام کرتے اور مجھ کوتسلی دیتے اور کہتے کہ آپ ان کی مفارقت سے گھبرائیں نہیں، جس وقت علی واپس آئیں گے توان کودیکھ کرآپ کی آنکھیں ٹھنڈی اور دل باغ باغ ہوجائے گا، میں نے اس سے سمجھ لیا کہ یہ لوگ تمھارے مخلص اور بہی خواہ ہیں، ان کے برخلاف فلاں فلاں اشخاص آئے اور کہنے لگے کہ آپ ان کوخط لکھیے کہ وہ جلد واپس آجائیں؛ اگرنہ آئیں توپھرپریشان کن خط لکھیے ان باتوں سے میں سمجھی کہ یہ لوگ تمھارے دشمن ہیں، دوست نہیں۔ [4]

علمی شغف

ترمیم

ان کے علمی شغف کا حال یہ تھا کہ رات کوسوتے سوتے کوئی حدیث یاد آگئی یاکوئی شبہ ہوا فوراً لونڈی سے کہتے کہ چراغ جلا، چراغ جل جاتا اور وہ جب اپنی تسکین کرلیتے تب جاکے پھران کونیند آتی تھی۔ [5]

اساتذہ

ترمیم

جن اساتذہ سے انھوں نے کسب فیض کیا تھا، ان کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ چند مشاہیر کے نام یہ ہیں۔ ان کے والد عبد اللہ بن جعفر مدینی، حماد بن زید، سفیان بن عیینہ، یحییٰ بن سعید القطان، عبد الرحمن بن مہدی، ابو داؤد طیالسی، ابن علیہ، سعید بن عامر الضبعی وغیرہ۔

اعترافِ فضل

ترمیم

ان کے علم و فضل کا ہرکسی کواعتراف تھا، یحییٰ بن سعید القطان ان کے اساتذہ میں سے تھے؛ مگروہ کہا کرتے تھے کہ علی بن المدینی نے جتنا مجھ سے استفادہ کیا ہے اس سے کہیں زیادہ میں نے اُن سے استفادہ کیا ہے۔ [6] اسی طرح مشہور محدث اور اُن کے شیخ ابن مہدی کہا کرتے تھے کہ میں نے احادیث نبوی کا اتنا برا جاننے والا نہیں دیکھا۔ [7] سفیان بن عیینہ کے یہ خاص اور محبوب تلامذہ میں تھے، بعض لوگوں کوابن المدینی کے ساتھ ان کی یہ نسبت ومحبت ناگوار گزرتی تھی، ایک دن انھوں نے فرمایا کہ مجھے لوگ علی کی محبت پرملامت کرتے ہیں، خدا کی قسم انھوں نے مجھ سے جتنا کسب فیض کیا ہے، اس سے کچھ زیادہ میں نے اُن سے استفادہ کیا ہے۔ [8] سفیان ان کوحدیث کا مرجع وماویٰ کہتے تھے، کہتے تھے کہ اگرابن المدینی نہ ہوتے تو میں درس دینا بند کردیتا، امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ ان کا اتنا احترام کرتے تھے کہ ادب سے ان کا نام نہیں لیتے تھے؛ بلکہ ہمیشہ اُن کی کنیت ابو الحسن ہی سے اُن کومخاطب کرتے تھے۔ [9] امام بخاریؒ ان کے تلامذہ میں ہیں، ان کا قول ہے کہ میں نے علی بن المدینی کے علاوہ کسی کے سامنے اپنے کوحقیر نہیں سمجھا۔ [10] ان کے انتقال کے بعد ایک بار کسینے امام بخاری سے پوچھا کہ آپ کے دل میں کوئی خواہش باقی ہے؟ بولے ہاں! ایک خواہش ہے، وہ یہ ہے کہ ابن مدینی زندہ ہوتے اور میں عراق جاکر ان کی صحبت میں بیٹھتا۔ [11] ابن ماجہؒ اور نسائیؒ نے ان سے بالواسطہ روایتیں کی ہیں، امام نسائی کہتے تھے کہ اللہ تعالیٰ نے ان کوعلم حدیث ہی کے لیے پیدا کیا ہے۔ [12]

علم و فضل

ترمیم

ان کے علم و فضل کا ہر کہ دمہ کو اعتراف تھا۔ یحییٰ بن سعید القطان ان کے اساتذہ میں تھے، مگر وہ کہا کرتے تھے کہ علی بن المدینی جتنا مجھ سے استفادہ کیا وہ اس سے کہیں زیادہ میں نے ان سے استفادہ کیا۔[13] اسی طرح مشہور محدث اور ان کے شیخ ابن مہدی کہا کرتے تھے کہ میں نے احادیث نبوی کا اتنا جاننے والا نہیں دیکھا۔[13] سفیان بن عیینہ کے یہ خاص اور محبوب تلامذہ میں تھے۔ بعض لوگوں کو ابن المدینی کے ساتھ ان کی نسبت و محبت ناگوار گزرتی تھی۔ ایک مرتبہ انھوں نے فرمایا کہ مجھے لوگ علی کی محبت پر ملامت کرتے ہیں۔ خدا کی قسم! انھوں نے مجھ سے جتنا کسب فیض کیا ہے، اس سے کچھ زیادہ میں نے ان سے استفادہ کیا ہے۔[14] سفیان بن عیینہ ان کو حدیث کا مرجع و ماویٰ کہتے تھے۔ کہتے تھے کہ اگر ابن المدینی نہ ہوتے تو میں درس بند کر دیتا۔ احمد بن حنبل ان کا اتنا احترام کرتے تھے کہ ادب سے ان کا نام نہیں لیتے تھے، بلکہ ہمیشہ ان کی کنیت ہی سے ان کو مخاطب کرتے تھے۔[14] محمد بن اسماعیل بخاری ان کے تلامذہ میں ہیں۔ ان کا قول ہے کہ علی بن المدینی کے علاوہ کسی کے سامنے اپنے کو حقیر نہیں سمجھا۔[15] ان کے انتقال کے بعد کسی نے امام بخاری سے پوچھا کہ آپ کے دل میں کوئی خواہش باقی ہے؟ ایک خواہش ہے، وہ یہ ہے کہ ابن المدینی زندہ ہوتے اور عراق جا کر ان کی صحبت میں بیٹھتا۔[13] ابن ماجہ اور نسائی نے ان سے بالواسطہ روایتیں کی ہیں۔ امام نسائی کہتے تھے کہ اللہ نے ان کو علم حدیث ہی کے لیے پیدا کیا ہے۔[13]

خصوصیت

ترمیم

ان کے اساتذہ اور دوسرے ائمہ نے ان کے بارے میں جورائیں دی ہیں، ان میں کوئی مبالغہ نہیں ہے، بلکہ یہ واقعہ ہے کہ ابن مدینی کوجوخصوصیت حاصل تھی اس میں ان کے اساتذہ اور معاصرائمہ میں بہت کم لوگ ان کے سہیم وشریک تھے ، ابن مدینی حدیث کے حافظ اور محض راوی نہیں تھے؛ بلک ہحدیثِ نبوی کے عارف وماہر تھے، سندومتن رواۃ وروایت ہرچیز پرنظرتھی، خامیوں اور نقائص کا پورا علم رکھتے تھے، ابوحاتم کا قول ہے کہ علی معرفت حدیث و علل میں ایک علامت ونشان تھے۔ [16] محدث فرہیانی سے کسی نے امام احمد، یحییٰ بن معین اور ابن مدینی کے بارے میں سوال کیا توانہوں نے کہا کہ یحییٰ کورجال میں درک تھا اور امام احمد میں تفقہ زیادہ تھا اور ابن مدینی کے بارے میں کہا کہ : فأعلمهم بالحديث والعلل۔ [17] ترجمہ:حدیث اور اس کی سندوں اور علتوں سے خوب واقف تھے۔ محمدبن یحییٰ کا بیان ہے کہ میں نے ان کے پاس ایک کتاب دیکھی جس کی پشت پرلکھا تھا کہ ابن مدینی کہا کرتے تھے کہ مجھے ایک حدیث کی علت سے واقفیت ہوجاے تویہ مجھے اس سے زیادہ پسند ہے کہ بے جانے بوجھے میں بیسیوں حدیثیں یاد کرلوں؛ اسی خصوصیت کی بناپر روایت کی صحت وعدم صحت پر جب بحث ومباحثہ ہوتا تواپنے معاصرین میں یہی حکم بناتے جاتے اور انہی کی رائے پربحت کا خاتمہ ہوتا تھا، بغداد اس وقت علم وفن کا سب سے بڑا مرکز تھا؛ مگروہاں جب ابن المدینی پہنچ جاتے توایک نیا حلقہ درس قائم ہوجاتا اور تمام ائمہ پروانہ وار ان کے گرد جمع ہوجاتے اور جب ان کے درمیان کوئی مختلف فیہ مسئلہ آجاتا اور فیصلہ نہ ہوپاتا توپھر اس میں ابن مدینی اپنی رائے دیتے تھے۔ [18]

روایت حدیث میں شدتِ احتیاط

ترمیم

اس زمانہ میں روایت حدیث عام طور پر ایک علم و فضل کی چیز بن گئی تھی، اس لیے بعض نااہلوں نے بھی روایت حدیث کی مسند سنبھالی تھی اور ان کی وجہ سے بیشمارقصے اور افسانے احادیث نبوی کے نام سے عوام میں مشہور ہو گئے تھے، ائمہ حدیث کا یہ غیر معمولی کارنامہ ہے کہ انھوں نے ایسے افسانوں اور قصوں کوذخیرۂ حدیث سے چھانٹ کرالگ کردیاخود ابن مدینی فرماتے ہیں کہ میں نے اپنی ایک لاکھ مرویات جن میں تیس ہزار ایک راوی عباد بن صہیب سے مروی تھیں ترک کر دیں، اس لیے کہ یہ قابل اعتبار نہیں تھیں۔ [19] اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ائمہ حدیث اور خاص طور سے ابن مدینی نے صحیح حدیث کی تفتیش وتنقید میں کتنی جانکاہی کی تھی۔

عادات واخلاق

ترمیم

اپنے اخلاق و عادات میں اسلاف کا نمونہ تھے، عباس عنبری کہتے ہیں کہ اگران کی عمر نے کچھ اور زیادہ وفا کی ہوتی تواپنے اخلاق و عادات میں وہ حسن بصری سے بڑھ جاتے ان کی زندگی کا ہرگوشہ اتنا پاکیزہ اور پرکشش تھا کہ : كان الناس يكتبون قيامه وقعوده ولباسه وكل شيء يقول ويفعل۔ [20] ترجمہ:ان کی چال ڈھال، نشت وبرغاست ان کے لباس کی کیفیت غرض ان کے ہرقول وعمل کولوگ اسوہ سمجھ کرلکھ لیا کرتے تھے۔ انھی اوصاف کا کرشمہ تھا کہ جب تک یہ بغداد میں رہتے، سنت کا چرچا بڑھ جاتا اور شیعیت کا زور گھٹ جاتا اور جب کچھ دنوں کے لیے یہ بصرہ چلے جاتے تویہ فتنہ پھرزور پکڑلیتا، یحییٰ بن معین فرماتے ہیں: كان علي بن المديني إذا قدم علينا اظهر السنة وإذاذهب إلى البصرة اظهر التشيع۔ [21] ترجمہ:علی بن مدینی جب بغداد آجاتے توسنت کا چرچا ہوجاتا تھا اور جب وہ بصرہ چلے جاتے توشیعیت زور پکڑجاتی۔

تصانیف

ترمیم

وہ ان ائمہ تبع تابعین میں ہیں، جنھوں نے اپنی تحریری یادگاریں بھی چھوڑی ہیں۔ یحییٰ بن شرف نووی نے لکھا ہے کہ حدیث میں دو سو ایسی تصنیفیں چھوڑی ہیں، جس کی مثال ان سے پہلے نہیں ملتی۔ مگر ان میں بیشتر ضائع ہو گئیں۔ ابن حجر عسقلانی نے صرف اتنا لکھا کہ وہ صاحب تصانیف ہیں۔ ابن ندیم نے ان کی چند تصانیف کے نام گنائے ہیں: کتاب المسند بعللہ، کتاب المدلسلین، کتاب الضعفاء، کتاب العلل، کتاب الاسماء و الکنی، کتاب الاشربہ، کتاب النزیل۔[22]

فتنہ خلق قرآن اور ابن مدینی کی آزمائش

ترمیم

متعدد ائمہ کے حالات میں مسئلہ خلق قرآن کا ذکر آچکا ہے، اس فتنہ کی شدت اور ہمہگیری کا اندازۃ اس وقت نہیں لگایا جا سکتا مگردوسری صدی کے آخر اور تیسری صدی کے شروع کے حالات وواقعات کواگرسامنے رکھا جائے تواس کی اہمیت اور شدت کا کچھ اندازہ ہوجائے گا، اس مئلہ نے سب سے زیادہ اہمیت خلیفہ معتصم کے زمانہ میں اس وقت اختیار کرلی تھی، جب اس نے پوری مملکت میں یہ اعلان کرادیا تھا اور اپنے گورنروں کے ذریعہ یہ گشتی کرادی تھی کہ جوشخص خلقِ قرآن کا قائل نہیں ہے، اس کوحبس وضرب ہی نہیں بلکہ داردرسن کی سزا بھی دی جا سکتی ہے، اس اعلان کے بعد بڑے بڑے ائمہ اور محدثین کے پیروؤں میں لغزش آگئی اور انھوں نے اس کا اقرار کر لیا، کتنے روپوش ہو گئے؛ مگرمردانِ خدا ایسے بھی تھے، جونہ روپوش ہوئے اور نہ اُن کے پیروں میں لغزِ آئی؛ بلکہ آخر وقت تک اس بات کا اظہار کرتے رہے کہ یہ عقیدہ سراسراسلام وایمان کے خلاف ہے، اس کے نتیجہ میں ان کووہ سب کچھ بھگتناپڑا جس کا اس سے پہلے اعلان ہوچکاتھا، ان ظاہرین علی الحق کے سرخیل امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ تھے۔ اس مسئلہ میں جن بزرگوں نے کمزوری دکھائی، یایوں کہیے کہ عزیمت کی بجائے رخصت اختیار کی ان میں علی بن المدینی بھی تھے، اوپر ذکر آچکا ہے کہ امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ ان کا انتہائی احترام کرتے تھے؛ مگراس مسئلہ میں جب سے ان سے لغزش ہوئی توانہوں نے اپنا رویہ بدل لیا، اس واقعہ کی تفصیل خطیب بغدادی نے یہ بیان کی ہے: معتصم باللہ کوجب یہ معلوم ہوا کہ امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ اور بعض دوسرے ائمہ اس مسئلہ میں اس کی رائے سے اختلاف رکھتے ہیں تواس نے ان کودربار میں طلب کیا اوربرسرِدربار شاہانہ انداز میں ان سے مخاطب ہوکر کہا کہ میں نے سنا ہے کہ آپ اس بات کے قائل ہیں کہ قیامت میں خداکادیدار ہوگا؛ حالانکہ یہ م مکن نہیں ہے، اس لیے کہ خدائے تعالیٰ کی ذات لامحدود ہے او رہماری آنکھوں کی بصارت محدود تومحدود چیز لامحدود کوکیسے دیکھ سکتی ہے، آپ کے پاس اس کی کیا دلیل ہے کہ قیامت میں رُویت باری ہوگی، آپ نے نہایت ہی صفائی اور جرأت سے فرمایا: میرے پاس جودلیل ہے وہ محض ظنی وقیاسی نہیں؛ بلکہ نقل وروایت پرمبنی ہے(یہ فرماکرامام نے اس کی عقل پرستی پرایک ضرب لگائی تھی)۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشادِگرامی ہے کہ تم قیامت میں خدائے تعالی ٰکاسی طرح دیکھوگے جس طرح چودھویں کے چاند کودیکھتے ہو، معتصم یہ دلیل سن کرکچھ گھبرا ساگیا اور اس نے قاضی احمد بن داود (اسی شخص کی بدنفسی اور جاہ پسندی کی وجہ سے اس مسئلہ نے اتنا زور پکڑا تھا) سے مخاطب ہوکرپوچھا کہ تمھارے پاس اس حدیث نبوی کا کوئی جواب ہے یہ بیچارہ کیا جواب دیتا، بولا! کہ میں اس حدیث کی سند پرغور کرلوں توجواب دوں، علی بن المدینی سے غالباً اس کے تعلقات پہلے سے تھے، دربار سے نکل کرسیدھے ان کے پاس پہنچا اور ان کے سامنے کچھ نذر پیش کی اور کوئی گفتگو کیے بغیر چلاگیا؛ پھردوبارہ دس ہزار درہم ان کی خدمت میں یہ کہلا کربھیجا کہ یہ امیر المومنین نے آپ کوہدیۃً بھیجے ہیں اور انھوں نے یہ حکم دیا ہے کہ آپ کوجس چیز کی ضرورت ہے وہ فراہم کردی جائے، یہ دام زریں بچھانے کے بعد پھرابن مدینی کی خدمت میں حاضر ہوا اور اس نے پوچھا کہ رؤیت باری کے سلسلہ میں حضرت جریر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہ سے جوروایت مروی ہے کیا وہ صحیح ہے، آپ کے نزدیک اس میں کوئی سقم تونہیں ہے؟ ابن مدینی نے فرمایا کہ مجھے اس بارے میں معاف ہی رکھیے (مقصد یہ تھا کہ یہ حدیث صحیح ہے؛ مگرچونکہ یہ فتنہ کا سبب بنی ہوئی ہے، اس لیے میں اس بارے میں کوئی رائے دینا نہیں چاہتا) ابن ابی داؤد نے دیکھا کہ اس کا وارخالی جانا چاہتا ہے تواس نے ابن مدینی سے کہا کہ یہ موجودہ زمانہ حالات کی ضرورت ہے جس کوکیسے نظر انداز کیا جا سکتا ہے، اس کے بعد پھران کی خدمت میں کچھ تحائف پیش کیے اور اس حدیث کے بارے میں ان کی رائے دریافت کی اب ابن مدینی کے پاس ثبات میں لغزش آگئی اور انھوں نے وہی جواب دے دیا جوابن ابی داؤد کا منشا تھا؛ انھوں نے کہا کہ اس حدیث کے سلسلہ سند میں ایک سقم ہے، وہ یہ کہ اس کا ایک راوی قیس بن حازم قابل ترک ہے، ابن ابی داؤد یہ سن کرخوشی سے اُچھل پڑا اور ابن مدینی کوگلے سے لگالیا اور وہاں سے دربارِ خلافت کا رُخ کیا، وہاں پہنچ کراس نے معتصم کے سامنے روایت کے اس ضعف کوظاہر کیا، معتصم کوجب یہ بہانہ ہاتھ آگیا توامام احمد کواس نے سزادینے کا حکم دیا۔ خطیب نے اس واقعہ کونقل کرنے کے بعد خود ہی اسے ناقابل اعتبار ٹھہرایا ہے، اس سلسلہ میں انھوں نے کئی باتیں لکھی ہیں، ایک یہ کہ جن لوگوں نے امام احمد کی آزمائش کا ذکر کیا ہے، ان میں کسی نے بھی یہ نہیں لکھا ہے کہ رؤیت باری کے بارے میں امام احمد سے سوال وجواب ہوا، دوسرے قیس بن حازم کوناقابل اعتبار کہنا صحیح نہیں ہے، ان کا شمار ممتاز تابعین میں ہوتا ہے، تمام ائمہ حدیث ان کی وثاقت پرمتفق ہیں اور ان سے روایت کرتے ہیں، خود ابن مدینی نے بھی ان سے متعدد روایتیں کی ہیں، ظاہر ہے کہ ابن مدینی جس راوی سے خود روایت کرتے ہوں اس کو وہ ناقابل اعتبار ٹھہرائیں، یہ کیسے ممکن ہے؟ پھرانہوں نے لکھا ہے کہ اگربفرض محال یہ بات صحیح ہو کہ اس موضو عپرمعتصم کے سامنے مناظرہ ہوا توبھی یہ بات توقطعی غلط ہے کہ ابن مدینی نے مذکورہ روایت کے راوی قیس بن حاز کوقابل ترک قرار دیا ہو، یہ بھی ابن ابی داؤد کی چال تھی کہ اس نے خود اپنی طبیعت سے ایک اعتراض پیدا کیا اور اس کوابن مدینی کی طرف منسوب کر دیا۔ [23] ممکن ہے کہ یہ واقعہ اس صور میں صحیح نہ ہومگراتنی بات یقینی ہے کہ ابن مدینی سے مسئلہ خلقِ قرآن کے بارے میں لغزش ہوئی اور انھوں نے امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ کی رائے کے خلاف رائے دی، جس کی وجہ سے معتصم کی پوزیشن مضبوط ہو گئی اور اس میں وہ تنہا نہیں تھے؛ بلکہ بہت سے اور بھی علما شریک تھے، یہ اور بات ہے کہ یہ لغزش ان سے حبس وضرب اور دارورسن کے خوف سے ہوئی، خود ابن مدینی کواس غلطی کا زندگی بھرافسوس رہا، کسی نے اُن سے کہا کہ احمد کے مقابلہ میں اب آپ کی روایات کواہلِ علم وقعت نہیں دیتے تونہایت ہی شرمساری کے ساتھ بولے کہ ہاں! ایسا توہونا ہی چاہیے، امام احمد توکوڑوں کی شدید مار سہارلے گئے، میں توایک کوڑا بھی نہیں برداشت کرسکتا تھا۔ [24] محمد بن عبد اللہ موصلی کا بیان ہے کہ علی بن مدینی جہمیت کے عقائد کی ہمیشہ تردید کیا کرتے تھے؛ مگرجب انھوں نے ابتلا کے زمانے میں اپنی پہلی رائے کے خلاف رائے دی تومیں نے ان کوایک خط لکھا، اس میں میں نے ان کوخدا کا واسطہ دے کرلکھا کہ آپ نے اس سے پہلے جن خیالات کی تردید کی تھی آج انھی کی تائید کر رہے ہیں، جب خط ان کوملا توروپڑے اور بڑے افسوس کے لہجہ میں کہا کہ میں نے جوکچھ لکھا ہے محض قتل کے خوف سے لکھا ہے؛ ورنہ میرا قلب اس رائے سے بالکل اِباکرتا ہے، تم جانتے ہو کہ میں کمزور آدمی ہوں؛ اگرمجھ کوایک کوڑا بھی لگتا تومیں جان برنہیں ہو سکتا تھا۔ [25] جس وقت یہ ابتائے عام پیش آیا اس وقت ظاہری طور پرامام احمد کا ساتھ آحر وقت تک کسی نے نہیں دیا؛ مگرچونکہ رائے یہی صحیح تھی، اس لیے ہرخاص وعام کے دل میں انھی کے رائے کی وقعت تھی اور جن لوگوں نے ان کے خلاف رائے دی وہ ان کی نگاہوں سے گرگئے تھے۔ حدیث کے بارے میں ابن مدینی کی شخصیت کے مسلم ہونے میں کیا شبہ ہے مگرمسئلہ خلقِ قرآن میں امام احمد کی رائے سے اختلاف کی بنا پرعام ائمہ حدیث کی نظروں میں وہ اتنا گرگئے کہ ان کی روایت کے قبول کرنے میں لوگ پس وپیش کرنے لگے تھے؛ حتی کہ بعض نے توان کے بارے میں بہت سخت الفاظ استعمال کیے ہیں، غالباً یہی وجہ تھی کہ لوگوں نے ان کی تصانیف کی طرف کوئی اعتنا نہیں کیا اور کثیرالتصانیف ہونے کے باوجود ان کی کوئی تحریری یادگار موجود نہیں رہی؛ مگربہرحال یہ بات صحیح نہیں ہے کہ ان کی ایک لغزش کی وجہ سے جس پران کوندامت اورشرمندگی بھی تھی، یہ رائے قائم کی جائے کہ ان کی تمام روایتیں ضعیف تھیں۔ ابوجعفر عقیلی کہتے ہیں کہ ان کا رحجان اگرچہ ابن ابی داؤد اور جہمیت کی طرف ہو گیا تھا؛ مگران کی مرویات نہایت ہی درست ہیں۔ [26] امام ذہبی رحمہ اللہ لکھتے ہیں کہ ابن مدینی کے مناقب وفضائل بہت زیادہ ہیں، کاش! وہ اس فتنہ میں مبتلا ہ ہوئے ہوتے؛ اگرچہ اس کی کوئی اہمیت باقی نہیں رہ گئی، اس لی کہ انھوں نے بعد میں اس پراپنی ندامت کا اظہار کیا اور جن خیالات کا وہ پہلے اظہار کرچکے تھے ان سے رجوع بھی کر لیا تھا؛ یہاں تک کہ خلق قرآن کے قائلین کی تکفیر کرنے لگے تھے۔ [27] وہ برسرِ منبر کہتے تھے کہ کلام اللہ مخلوق نہیں ہے، عمروبن علی ان پربہت سخت تنقید کرتے تھے، یحییٰ بن معین کومعلوم ہوا تووہ اس پربہت خفا ہوئے اور فرمایا کہ ان کومرتد یافاسق بنانا انتہائی غلط بات ہے، محض جان کے خوف کی وجہ سے مسئلہ خلق قرآن میں ان سے چوک ہو گئی۔ ابن اخرم نے اپنی مجلس میں ایک دن ابن مدینی کی تعریف کی؛ اسی پرکسی نے کہا کہ عمروبن علی توان پرجرح کرتے ہیں، ابن حبان اور دوسرے تمام ائمہ حدیث نے ان کی توثیق کی ہے ظاہر ہے کہ انھی ائمہ پرجرح و تعدیل کا دارومدار ہے؛ انھوں نے جب ان کی توثیق کردی توان کی روایات کے بارے میں ضعف کا شبہ کرنا صحیح نہیں ہے۔

وفات

ترمیم

ابن المدینی سنہ وفات اور مقام اور وفات دونوں میں اختلاف ہے۔ سنہ وفات کسی نے 232ھ لکھا، کسی نے 235ھ اور کسی نے 238ھ لکھا ہے۔ مگر خطیب بغدادی نے 234ھ کو صحیح قرار دیا ہے۔ بعض اہل تذکرہ نے لکھا ہے کہ ان کا انتقال بصرہ ہی میں ہوا مگر خطیب بغدادی اور ابن ندیم کے بیان سے معلوم ہوتا ہے کہ ان کا انتقال سامراء میں ہوا اور یہی صحیح معلوم ہوتا ہے۔[28]

حوالہ جات

ترمیم
  1. ایف اے ایس ٹی - آئی ڈی: https://id.worldcat.org/fast/280703 — بنام: ʻAlī ibn ʻAbd Allāh Ibn al-Madīnī — اخذ شدہ بتاریخ: 9 اکتوبر 2017
  2. تہذیب التہذیب از ابن حجر عسقلانی ج 7
  3. ^ ا ب تاریخ بغداد از خطیب بغدادی، ج 11، ص 463
  4. (تاریخ بغداد:11/463)
  5. (تاریخ بغداد:11/463)
  6. (تہذیب التہذیب:7/351)
  7. (تہذیب التہذیب:7/351)
  8. (تہذیب التہذیب:7/359)
  9. (تہذیب التہذیب:7/351)
  10. (تہذیب التہذیب:7/352)
  11. (تہذیب التہذیب:7/351)
  12. (تہذیب التہذیب:7/351)
  13. ^ ا ب پ ت تہذیب التہذیب از ابن حجر عسقلانی، ج 7، ص 351
  14. ^ ا ب تہذیب التہذیب از ابن حجر عسقلانی، ج 7، ص 359
  15. تہذیب التہذیب از ابن حجر عسقلانی، ج 7، ص 352
  16. (تہذیب التہذیب)
  17. (تهذيب التهذيب:7/308، شاملہ،المؤلف: ابن حجر العسقلاني، موقع یعسوب۔ دیگرمطبوعہ:7/352)
  18. (تهذيب التهذيب:7/308، شاملہ،المؤلف: ابن حجر العسقلاني، موقع یعسوب۔ دیگرمطبوعہ:7/352)
  19. (تہذیب التہذیب:7/354)
  20. (تاریخ بغداد:11/462، شاملہ،المؤلف: أحمد بن علي أبوبكر الخطيب البغدادي،الناشر: دارالكتب العلمية،بيروت)
  21. (تهذيب التهذيب:7/309، شاملہ،المؤلف: ابن حجر العسقلاني، موقع یعسوب۔ دیگرمطبوعہ:7/353)
  22. کتاب الفہرست از ابن ندیم ص 322
  23. (تاریخ بغداد:11/66)
  24. (تہذیب التہذیب:7/357)
  25. (تہذیب التہذیب:7/255)
  26. (تہذیب التہذیب:7/376)
  27. (تہذیب التہذیب:7/376)
  28. تاریخ بغداد از خطیب بغدادی، ج 11، ص 272 – 273

ماخذ

ترمیم
  • سیر الصحابہ از مجیب اللہ ندوی، تبع تابعین (حصہ اول) جلد 8، صفحات 245 – 354، دار الاشاعت، اردو بازار ایم اے جناح روڈ کراچی پاکستان۔