ویکیپیڈیا:اسلوب نامہ/دیباچہ
اسلوب نامہ |
---|
یہ صفحہ ایک نظر میں: دیباچہ میں مضمون اور موضوع کے اہم نکات کا مکمل خلاصہ درج ہو، اور موضوع کی اہمیت کا انداز میں ذکر کیا جائے کہ مکمل مضمون قابل مطالعہ محسوس ہو۔ دیباچہ کی زبان انتہائی سلیس، شستہ اور شگفتہ ہونی چاہیے نیز دیباچہ کا پہلا جملہ مضمون کے عنوان کا عطر ہو۔ |
ویکیپیڈیا کے کسی مضمون کا دیباچہ یا مقدمہ اس قطعہ کو کہا جاتا ہے جو مضمون میں موجود پہلی سرخی سے اوپر ہوتا ہے۔ اگر مضمون میں فہرست مندرجات موجود ہو تو یہ دیباچہ اس فہرست سے بھی اوپر نظر آئے گا۔ دیباچہ پورے مضمون کا جامع خلاصہ ہوتا ہے جس میں متعلقہ موضوع کے تمام اہم نکات کا احاطہ کر لیا جاتا ہے۔ چونکہ دیباچہ ہر مضمون کے آغاز میں نظر آتا ہے اس لیے بیشتر قارئین اسے پڑھتے ہیں، بلکہ بہت سے پڑھنے والوں کے نزدیک محض دیباچہ کا پڑھ لینا ہی کافی ہوتا ہے، اس لحاظ سے مضمون کا دیباچہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ ایک بہترین دیباچہ وہ ہے جس میں موضوع اور مضمون کا مکمل خلاصہ موجود ہو نیز قارئین کے اندر مکمل مضمون پڑھنے کا اشتیاق پیدا کر دے۔ تاہم ایسا لب و لہجہ نہ ہو کہ قاری مکمل مضمون پڑھنے پر مجبور ہو جائے۔
دیباچہ کی زبان شستہ، شگفتہ اور سلیس ہونی چاہیے اور موضوع کی اہمیت کا اس طرح ذکر ہو کہ مضمون کے قابل ذکر اور قابل مطالعہ ہونے کا احساس پیدا ہو جائے۔ نیز جس طرح مضمون میں معتدل نقطہ نظر کا خصوصی لحاظ رکھا جاتا ہے، دیباچہ میں بھی اس کا خیال رکھا جائے۔
دیباچہ میں موجود اہم معلومات باحوالہ ہونی ضروری ہیں تاکہ قارئین پر پہلا تاثر خوشگوار ہو نیز جو افراد محض دیباچہ پڑھنے پر اکتفا کریں انہیں معلومات کے ساتھ حوالہ جات بھی دستیاب ہو جائیں۔ دیباچہ انتہائی مختصر اور بہت زیادہ طویل نہ ہو، اصطلاحی الفاظ میں یوں کہا جا سکتا ہے کہ دیباچہ "اطناب ممل" اور "ایجاز مخل" سے خالی ہو۔ دیباچہ میں زیادہ سے زیادہ 4 پیراگراف کافی ہیں۔
جلی عنوان
ترمیمعموماً مضمون کا عنوان دیباچہ کے پہلے جملے میں لکھا جاتا ہے۔ تاہم یہ ضروری نہیں کہ ہمیشہ دیباچہ مضمون کے عنوان ہی سے شروع ہو، بسا اوقات عنوان کو دیباچہ کے شروع میں رکھنے کی بجائے جملے کے درمیان میں رکھنا زیادہ مناسب معلوم ہوتا ہے۔اگر دیباچہ کے پہلے جملہ میں مضمون کا عنوان یا مشابہ عنوان درج کریں تو اسے لازماً جلی حرفوں میں لکھیں۔ مثلاً بھارت کے مضمون میں موجود دیباچہ کا آغاز اس طرح ہوگا:
"جمہوریہ بھارت جو عموماً بھارت کے نام سے معروف ہے ایک۔۔۔۔"