ویکیپیڈیا:صارف نام حکمت عملی

جب آپ ویکیپیڈیا میں کوئی نیا کھاتہ تخلیق کرتے ہیں تو اپنا صارف نام منتخب کرنا لازم ہوتا ہے۔ اس صفحہ میں ان قواعد وضوابط کی نشان دہی کی گئی ہے جو ویکیپیڈیا میں صارف نام سے متعلق اختیار کیے گئے ہیں۔

صارف نام کی ضرورت

جب آپ داخل نوشتہ ہوکر یہاں ترامیم کریں تو آپ کی ترامیم آپ کے صارف نام کے ساتھ محفوظ ہوگا اگر آپ کی کسی ترمیم یا اضافہ سے متعلق کسی صارف کو شک ہو کہ یہ حقوق نسخہ کے خلاف ہے تو وہ آپ کے تبادلۂ خیال پر آپ سے استفسار کرسکتا ہے۔

وجوہات

صارف نام کا اصل مقصد ویکیپیڈیا صارفین میں تعارف اور امتیاز ہے۔ اس سے رابطہ اور تعاون میں آسانی ہوتی ہے۔
تاہم صارف نام دائرۃ المعارف کی تعمیر وترقی کی بنیادی ضرورت نہیں ہے۔

دستخط

اپنی ترجیحات میں جا کر آپ اپنی پسند کے دستخط کا انتخاب کرسکتے ہیں، جو آپ کے صارف نام سے مختلف بھی ہوسکتا ہے۔ لیکن کسی ایسے دستخط کا انتخاب نہ کریں جو کسی دیگر صارف کے زیر استعمال یا کسی کا صارف نام ہو۔ ہرچند کہ یہ ضروری نہیں تاہم اگر دستخط اپنے صارف نام کے مطابق ہو تو بہتر ہے۔
دستخط سے متعلق مزید معلومات کے لیے ملاحظہ فرمائیں دستخط حکمت عملی۔

صارف نام کا انتخاب

سب سے بہترین صارف نام آپ کا حقیقی نام ہے۔ لیکن آپ ایسا نام بھی منتخب کرسکتے ہیں جسے آپ جالبین پر عرصہ سے استعمال کرتے ہوں یا کوئی دوسرا نام جو صرف ویکیپیڈیا کے لیے مخصوص ہو۔
براہ مہربانی ایسا صارف نام منتخب کریں جو دائرۃ المعارف کے مفاد میں ہو اور اس کی ترقی وتوسیع میں معاون ہو۔
ایسے نام کا انتخاب کریں جو بیک وقت آپ کے اور دیگر صارفین کی نگاہ میں مناسب بلکہ مستحسن ہو۔
اور صارف نام کے انتخاب کے وقت اس بات کا خیال رہے کہ یہ ایک عالمی دائرۃ المعارف ہے۔ آپ کے صارف نام سے کسی مذہب، ثقافت، وطن یا نسل کی تحقیر نہ ہوتی ہو۔
نیز سیاست دانوں یا مذہبی اور عسکری علامات کے نام نہ اختیار کیے جائیں۔ مزید یہ کہ انتہائی گھٹیا اور حقیر نام کے استعمال سے بھی گریز کریں۔

غیر مناسب نام

ویکیپیڈیا میں درج ذیل ناموں کی اجازت نہیں ہے:

  • آپ کا صارف نام کسی دوسرے صارف نام کے مشابہ نہ ہو۔ اگر آپ ایسا نام رکھنا چاہتے ہیں جو کسی دوسرے صارف کے زیر استعمال ہے تو ایسا نام منتخب کریں جو ہم معنی ہو۔ یا اپنا حقیقی نام استعمال کریں یا دونوں ناموں میں امتیاز پیدا کرنے کے لیے اپنے نام میں چند حروف یا اعداد کا اضافہ کر لیں۔

ناقابل قبول نام

  1. دائرۃ المعارف کے انتظامی مراتب۔ مثلاً: منتظم، پڑتالگر صارف، مامور اداری، مضیف یا اس قبیل کے تمام الفاظ واصطلاحات جو دیگر زبانوں میں زیر استعمال ہوں۔
  2. ایسے نام جن میں لفظ ویکی یا ویکیمیڈیا کے دیگر منصوبوں کے نام شامل ہوں یا ان کے جانب اشارہ کرتے ہوں۔ مثلاً: عاشق ویکیپیڈیا، محب ویکیپیڈیا یا اس قبیل کے تمام الفاظ واصطلاحات جو دیگر زبانوں میں زیر استعمال ہوں۔
  3. ایسے نام جو ویکیپیڈیا میں ترمیم وتدوین کے لیے مخصوص ہیں۔ مثلاً: حذف، محفوظ، رجوع مکرر، منتقل، استرجع، پڑتال یا اس قبیل کے تمام الفاظ واصطلاحات جو دیگر زبانوں میں زیر استعمال ہوں۔
  4. ایسے نام جو صارف کے متعلق روبہ ہونے کا گمان پیدا کریں جبکہ فی الواقع ایسا نہ ہو۔ مثلاً: روبہ، روبالہ، بوٹ، روبوٹ یا اس قبیل کے تمام الفاظ واصطلاحات جو دیگر زبانوں میں زیر استعمال ہوں۔
  5. ایسے نام جو صارف کے متعلق یہ تاثر دے کہ یہ ویکیپیڈیا کے لیے مخلص نہیں ہے۔ مثلاً: تخریب کار، متنازع، جھگڑالو وغیرہ۔
  6. ایسے نام جن کا تعلق ایسے افراد سے ہو جو ماضی میں ویکیپیڈیا کے لیے انتہائی غیر مخلص اور تخریب کار ثابت ہوئے۔ یا ویکیپیڈیا برادری متفقہ طور پر جن پر رضامند نہ ہو۔
  7. ایسے نام جو انتہائی گھٹیا یا فحش ہوں۔
  8. ایسے نام جن سے نسل پرستی کی عکاسی ہو۔ مثلاً: عرب دشمن، مسلم دشمن، یہود حامی، امریکا مخالف یا اس قبیل کے تمام الفاظ واصطلاحات جو دیگر زبانوں میں زیر استعمال ہوں۔
  9. ایسے نام جو کسی مخصوص مکتب فکر کے غماز ہوں۔ مثلا: نازی، سرمایہ دار، حنفی، اہل حدیث یا اس قبیل کے تمام الفاظ واصطلاحات جو دیگر زبانوں میں زیر استعمال ہوں۔
  10. ایسے نام جن سے کراہیت یا تشدد کی بو آتی ہو۔
  11. ایسے نام جو مخصوص مذہبی اصطلاحات پر مشتمل ہوں۔ مثلاً: اللہ، محمد، رب، شیطان، جبریل یا اس قبیل کے تمام الفاظ واصطلاحات جو دیگر زبانوں میں زیر استعمال ہوں۔
  12. ایسے نام جو مذہبی شخصیات اور ان کے متبعین کے ہوں۔ مثلاً: انبیا کے نام یا اس قبیل کے تمام الفاظ واصطلاحات جو دیگر زبانوں میں زیر استعمال ہوں۔
  13. مشہور سیاست دانوں کے نام۔ مثلاً: ہٹلر، اسٹالین، مسولینی یا اس قبیل کے تمام الفاظ واصطلاحات جو دیگر زبانوں میں زیر استعمال ہوں۔
  14. ایسے مشاہیر کے نام جو بقید حیات ہوں۔
  15. انتہائی طویل نام۔
  16. ایسے نام جو کسی مشہور مرافقہ، تنظیم یا ادارہ کا ہو یا آئی پی پتہ (آئی پی) یا برقی ڈاک (ای میل) سے مشابہ ہو۔
  17. ایسے نام جن کا کسی شخص کے تئیں غلط استعمال کیا جاسکتا ہو۔ مثلاً: فون نمبر، ای میل وغیرہ۔
  18. ایسے نام جو کسی ملک، صوبہ، شہر، گاؤں، ٹاؤن, قصبہ، علاقہ، خطہ، براعظم، بحر، بحیرہ، دریا، پہاڑ، جھیل، آبشار یا کوئی دیگر تغیرات ارض کے ہوں۔

درج بالا فہرست میں شامل نام

اگر آپ کا نام درج بالا فہرست میں شامل ہو تو کسی مامور ادرای سے رابطہ کریں اور اپنے نام کی تبدیلی کی درخواست یہاں دیں۔