ویکیپیڈیا:پانچ ستون
(ویکیپیڈیا:پانچ ارکان سے رجوع مکرر)
ویکیپیڈیا کی تمام ہدایات و حکمت عملیاں پانچ بنیادوں پر استوار ہیں، ذیل میں انہی پانچ بنیادوں کی تعریف پیش کی گئی ہے۔
ویکیپیڈیا ایک دائرۃ المعارف ہے: جہاں معلومات کو عام دائرۃ المعارف، کتابوں اور رسائل و جرائد سے باحوالہ پیش کیا جاتا ہے۔ یہاں اصل تحقیق پیش کرنے کی قطعا اجازت نہیں اور جو مواد بھی درج کیا جائے وہ قابل اعتماد ذرائع سے اخذ کردہ ہونا ضروری ہے۔ چنانچہ ایسا مواد جس کا کوئی حوالہ پیش نہ کیا گیا ہو اسے حذف کیا جاسکتا ہے۔ لہذا اپنی معلومات کے ماخذ ضرور درج کریں۔ نیز ویکیپیڈیا اپنے آرا و خیالات، نظریات و افکار کے اظہار اور اپنے تجربات وتجزیے بیان کرنے کی جگہ ہے، نہ یہ کوئی سیاسی منبر، انارکی اور جمہوریت کی تجربہ گاہ ہے؛ یہاں حوالہ جات من وعن نہیں رکھے جاتے۔ بلکہ ویکیپیڈیا میں ان منصوبوں پر عمل کیا جاتا ہے اور ان کے فروغ کی کوششیں کی جاتی ہیں۔ | |
ویکیپیڈیا میں معتدل نقطہ نظر اختیار کیا جاتا ہے: ہماری کوشش ہوتی ہے کہ تمام مضامین میں معتدل نقطہ نظر اختیار اور فرقہ وارانہ، متعصب و جانبدارانہ نقطہ نظر سے گریز کیا جائے۔ تاہم اس کوشش میں حقائق کا چہرہ مسخ نہیں کیا جاتا۔ بعض اوقات مضمون کے متعلق متعدد نقطہائے نظر موجود ہوتے ہیں اور معلومات کی فراہمی کی غرض سے انہیں بیان کرنا ضروری ہوتا ہے، اس صورت میں تمام نقطہائے نظر کو بیان کر دیا جاتا ہے، لیکن صحیح اور غلط کا فیصلہ نہیں کیا جاتا اور نہ ہی کسی کے حق میں رائے دی جاتی ہے۔ اگر کسی مضمون کے مواد پر اس طرح کی اختلافی بحث چھڑ جائے تو صفحہ میں {{مشکوک}} کا ٹیگ چسپاں کر دیا جاتا ہے اور اس کی تفصیلات تبادلۂ خیال صفحہ پر رکھ دی جاتی ہیں، بعد ازاں حل نزاع کی ہدایات کی پیروی کی جاتی ہے۔ | |
ویکیپیڈیا آزاد مواد دائرۃ المعارف ہے، جسے ہر ایک استعمال، ترمیم، اصلاح اور تقسیم کرسکتا ہے: یہاں شائع شدہ مواد جی این یو عمومی العوام اجازت نامے کے تحت تصور کیا جاتا ہے، نیز یہاں موجود مضامین اور دیگر مواد کسی کی ملکیت نہیں بلکہ ان میں کسی بھی وقت کوئی بھی شخص بے رحمی سے ترمیم اور اسے تقسیم کرسکتا ہے۔ براہ کرم اپنی تحریروں میں کاپی رائٹ کو پامال نہ کریں، ادبی سرقہ سے گریز کریں اور ایسا کوئی مواد پیش نہ کریں جو جی این یو عمومی العوام اجازت نامے سے متصادم ہو۔ | |
تمام صارفین آپس میں باہمی احترام اور شائستگی کو برقرار رکھیں: تمام صارفین باہم عزت سے پیش آئیں خواہ فکر و نظر میں اختلاف ہو؛ آداب و اطوار کو برقرار رکھیں، ذاتی حملوں سے گریز کریں اور آپسی اختلاف و انتشار کی بجائے باہمی اتفاق کی فضا قائم کریں؛ اس بات کو ذہن میں رکھیں کہ اردو ویکیپیڈیا میں 211,412 مضامین ہیں جن کی درستی اور اصلاح کا کام زیادہ اہم ہے۔ ہر معاملہ میں نیک نیتی اور شائستگی کو ملحوظ رکھیں، بے جا اختلاف اور تنقید سے گریز نیز نئے صارفین کو خوش آمدید کہیں، ان کے کاموں کی حوصلہ افزائی اور بوقت ضرورت ان کی رہنمائی کریں۔ | |
ویکیپیڈیا کے اصول و قوانین تغیر پذیر ہیں: ان پانچ اصولوں کے علاوہ ویکیپیڈیا کے دیگر تمام اصول و قوانین تغیر پزیر ہیں، انہیں حرف آخر نہ سمجھا جائے، وقت اور حالات کے ساتھ ان میں ترمیم و تبدیلی کی گنجائش موجود ہے۔ لہذا ویکیپیڈیا میں جرات اور آزادی سے کام کریں لیکن غیر محتاط رویہ سے پرہیز کریں۔ مضمون کے تمام سابقہ نسخے اس کے تاریخچے میں محفوظ ہوتے ہیں، اس لیے مضامین میں ترمیم و تحریر کے دوران میں ایسی غلطیاں نہ کریں جو دیگر افراد کے لیے تکلیف و اذیت کا باعث ہو اور انہیں درست نہ کیا جا سکے۔ |