مشرقی افریقا
براعظم افریقا کا سب سے مشرقی خطہ جس کی جغرافیائی و سیاسی پیرائے میں مختلف تعریفیں کی جاتی ہیں۔ اقوام متحدہ کے "منصوبہ برائے جغرافیائی علاقے" کے مطابق مشرقی افریقہ (east africa) یا (eastern africa) میں 19 ممالک و علاقے شامل ہیں:
- کینیا، تنزانیہ اور یوگینڈا- جو مشرقی افریقی انجمن (ایسٹرن افریقن کمیونٹی) کے بھی رکن ہیں۔
- جبوتی، ایریٹیریا، ایتھوپیا اور صومالیہ- جنہیں قرن افریقہ کے ممالک بھی کہا جاتا ہے۔
- موزمبیق اور مڈغاسکر – چند تعریفوں میں یہ دونوں ممالک جنوبی افریقہ میں شمار ہوتے ہیں۔
- ملاوی، زیمبیا اور زمبابوے- عام طور پر جنوبی افریقہ میں شمار کیے جاتے ہیں۔
- برونڈی اور روانڈا – کبھی کبھار وسطی افریقہ میں شامل کیے جاتے ہیں۔
- جزائر قمر، موریشس اور سیشلس – بحر ہند کے جزائر پر مشتمل چھوٹے ممالک
- ری یونین اور مایوٹ- بحر ہند میں فرانسیسی مقبوضہ جات
جغرافیائی طور پر مصر اور سوڈان بھی کبھی کبھار اس خطے میں شامل سمجھے جاتے ہیں۔
عام طور پر مشرقی افریقہ اس خطے کو کہا جاتا ہے جو کینیا، تنزانیہ اور یوگینڈا [1] اور روانڈا، برونڈی اور صومالیہ [2] پر مشتمل ہے۔
مشرقی افریقہ کے چند علاقے اپنے جنگلی جانوروں کے باعث دنیا بھر میں مشہور ہیں جن میں ہاتھی، جنگلی بھینسے، شیر، تیندوے اور گینڈے قابل ذکر ہیں۔ غیر قانونی اور بے دریغ شکار کے باعث ان جانوروں کی آبادی میں تیزی سے کمی ہو رہی ہے خصوصاً گینڈے اور ہاتھی تیزی سے کم ہو رہے ہیں۔
مشرقی افریقہ قدرتی حسن سے مالا مال ہے جن میں عظیم وادی شق کے باعث تشکیل پانے والی وادیاں، افریقہ کے دو بلند ترین پہاڑ کلیمنجارو اور ماؤنٹ کینیا، دنیا کی میٹھے پانی کی دوسری سب سے بڑی جھیل جھیل وکٹوریہ اور دنیا کی دوسری سب سے گہری جھیل ٹانگانیکا قابل ذکر ہیں۔
بے مثال جغرافیے اور کھیتی باڑی کے لیے انتہائی موزوں ہونے کے باعث ہی یہ علاقہ 19 ویں صدی میں یورپی قابض اقوام کی جارحیت کا نشانہ بنا اور غلامی میں چلا گیا۔ آج کل کینیا، تنزانیہ اور یوگینڈا میں سیاحت اہم ترین صنعت ہے۔
علاقے کے کئی ممالک سیاسی عدم استحکام، بدعنوانی، بے امنی اور خانہ جنگی کا شکار رہے ہیں تاہم کینیا اور تنزانیہ مستحکم حکومت اور معیشت کے حامل ہیں تاہم سیاسی اتار چڑھاؤ سے یہ ممالک بھی محفوظ نہیں۔
حوالہ جات
ترمیم- ↑ نئی آکسفرڈ انگریزی لغت، جوڈی پیرسل، آکسفرڈ، برطانیہ: آکسفرڈ یونیورسٹی پریس صفحہ 582
- ↑ میریم ویبسٹر جغرافیائی لغت تیسرا ایڈیشن۔ 2001۔ اسپرنگ فیلڈ، میریم-ویبسٹر انکارپوریٹڈ صفحہ 339