کوٹلی رائے ابو بکر

قصبہ
ملک پاکستان
صوبہپنجاب
ضلعقصور
تحصیلقصور
منطقۂ وقتپاکستان کا معیاری وقت (UTC+5)

پاکستان کا ایک قصبہ ہے جو صوبہ پنجاب کے ضلع قصور میں واقع ہے، اس کا شمار آبادی اور رقبے کے اعتبار سے ضلع قصور کے بڑے اور مشہور و معروف قصبات میں ہوتا ہے۔

کوٹلی رائے ابو بکر محل وقوع کے اعتبار سے قصور شہر سے 22 کلو میٹر کے فاصلہ پر مغرب میں اور کوٹ رادھاکشن کے مشرق میں واقع ہے۔ اس کے شمال میں رائیونڈ اور جنوب میں کھڈیاں خاص واقع ہے۔

پنجاب کا ایک قدیم دریائے بیاس اب موجود نہیں ہے، لیکن اس کی پرانی گذر گاہ کے آثار مشرق سے مغرب کی طرف ضلع قصور کے وسط میں اب بھی واضح طور پر موجود ہیں، جس نے قدرتی طور پر اس علاقے کو دو حصوں میں تقسیم کر رکھا ہے، اس گذر گاہ کا شمالی علاقہ جنوبی علاقے کی نسبت اونچا ہے، جس کی اوسط اونچائی تقریباً ساڑھے پانچ میٹر ہے، شمالی علاقہ اونچا ہونے کی وجہ سے ماجھا اور جنوبی علاقہ ہٹھاڑ کہلاتا ہے، ماجھا کے علاقے میں دریائے بیاس کے ساتھ ساتھ مٹی کے بہت بڑے بڑے ٹیلوں کا ایک وسیع سلسلہ بھی موجود ہے، کوٹلی رائے ابو بکر قصور قدیم شہر کی طرح ماجھا کے جنوب مغربی سرے پر آباد ہے۔

اس قصبہ میں اہل سنت کے تینوں مسالک اہل حدیث، دیوبندی اور بریلوی کے پیروکار آباد ہیں، آبادی اور مساجد کے اعتبار سے اہل حدیث مسلک کی واضح اکثریت ہے، جب کہ باقی مسالک کی ایک ایک مسجد ہے۔ اس گاؤں میں حفاظ، قراء اور علماء کرام کثیر تعداد میں ہیں جو ملک بھر میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

یہاں تمام لوگوں کا تعلق راجپوت برادری سے ہے۔ مادری زبان پنجابی ہے، اس کے ساتھ ایک کوٹ ہے، جہاں مَلک یعنی کھوکھر برادری آباد ہے، دال پورہ کے نام سے دوسرا کوٹ ہے جو مہاجر میواتی برادری پر مشتمل ہے، اس کے علاوہ لوہار، ترکھان، کمہار، موچی اور جولاہے وغیرہ بھی آباد ہیں۔

اس قصبہ میں لڑکوں کے لیے گورئمنٹ ہائی اسکول، لڑکیوں کے لیے گورنمنٹ مڈل اسکول قائم ہے، نجی اسکول بھی کام کر رہے ہیں، اس کے علاوہ ہسپتال، سول ویٹرنری ڈسپنسری، یونین کونسل بھی موجود ہے۔

یہاں کے اکثر لوگوں کاپیشہ زراعت ہے، بڑی بڑی فصلوں میں گندم، باجرہ، کپاس، مکئی اور چارہ وغیرہ شامل ہیں، سبزیاں بھی کاشت ہوتی ہیں یہاں کا زیادہ تر سیراب اراضی کا نظام نہری پانی پر مشتمل ہے، جبکہ آبپاشی کے لیے ٹیوب ویل بھی ایک ذریعہ ہیں اور ایک کثیر تعداد سرکاری وغیر سرکاری ملازمت سے بھی منسلک ہے۔

حوالہ جات

ترمیم