شاہ احمد نورانی
مولانا شاہ احمد نورانی صدیقی (پیدائش: یکم اپریل1926ء— وفات: 11 دسمبر 2003ء) پاکستان کے اسلامی دینی اور سیاسی میدان میں ایک قد آور شخصیت تھے۔
شاہ احمد نورانی | |
---|---|
مناصب | |
رکن قومی اسمبلی | |
رکن مدت 14 اپریل 1972 – 7 مارچ 1977 |
|
حلقہ انتخاب | حلقہ این اے۔247 (جنوبی کراچی-2) |
معلومات شخصیت | |
پیدائش | 1 اپریل 1926ء میرٹھ |
وفات | 11 دسمبر 2003ء (77 سال) اسلام آباد |
مدفن | مزار عبد اللہ غازی |
شہریت | برطانوی ہند پاکستان |
جماعت | جمیعت علمائے پاکستان متحدہ مجلس عمل |
اولاد | شاہ اویس نورانی |
والد | عبد العلیم صدیقی |
عملی زندگی | |
مادر علمی | الہ آباد یونیورسٹی |
پیشہ | فلسفی ، سیاست دان ، مصنف |
مادری زبان | اردو |
پیشہ ورانہ زبان | اردو |
تحریک | تحریک ختم نبوت 1974ء |
درستی - ترمیم |
پیدائش
وہ 1926ء کو میرٹھ میں مولانا عبدالعلیم صدیقی کے گھر پیدا ہوئے۔ جن کا شجرہ نسب حضرت ابوبکر صدیق سے اور شجرہ طریقت امام احمد رضا خان قادری سے جا ملتا ہے۔
تعلیم
انھوں نے آٹھ سال کی عمر میں قرآنِ مجید حفظ کر لیا تھا۔ نيشنل عربک کالج سے گريجويشن کرنے کے بعد الہ آباد يونيورسٹی سے فاضل عربی اور دار العلوم عربيہ سے درس نظامی کی سند حاصل کی۔
پاکستان آمد
قیام پاکستان کے وقت آپ متحدہ برطانوی ہند میں ایک طالب علم اور تحریک پاکستان کے ایک سرگرم کارکن تھے۔ قیام پاکستان کے کچھ عرصہ بعد پاکستان چلے آئے۔
جمعیت علما پاکستان
1948ء میں علامہ احمد سعید کاظمی نے جمیعت علمائے پاکستان کے نام سے جماعت بنائی، مولانا نورانی نے 1970ء میں جب پہلی بار الیکشن میں حصہ لیا تو جمیعت میں شامل ہوئے، اس وقت جمیعت کے سربراہ خواجہ قمر الدین سیالوی تھےـ 1970ء میں جمعیت علمائے پاکستان کے ٹکٹ پر کراچی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔
ذوالفقار علی بھٹو کے مدمقابل انھوں نے وزیر اعظم کے عہدے کے انتخاب میں حصہ لیا۔ آپ دو مرتبہ رکن اسمبلی اور دو مرتبہ سینٹر بھی منتخب ہوئے۔
قیادت
1972ء میں مولانا نورانی جمیعت علمائے پاکستان کے سربراہ بنے اور اپنی وفات تک اس کے سربراہ رہے ـ
تحریک نظام مصطفیٰ
1977ء میں تحریک نظام مصطفیٰ کے پلیٹ فارم پر فعال ہونے کی وجہ سے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔
ورلڈ اسلامک مشن
مولانا نے دنیا بھر میں اسلام کا آفاقی پیغام عام کرنے کے لیے 1972ء میں ورلڈ اسلامک مشن کی بنیاد رکھی۔ اور مختلف ممالک میں اس کے دفاتر بنا کر اسے فعال کیا۔ نرم مزاجی اور حلم کی وجہ سے وہ دوستوں اور دشمنوں میں یکساں مقبول تھے۔
تحریک ختم نبوت1974
صفحہ تحریک ختم نبوت1974
مولانا شاہ احمد نورانی نے 30 جون 1974ء میں قومی اسمبلی میں بل پیش کیا اور 7 ستمبر 1974ء سے قادیانیوں کے خلاف آئین میں ہونے والی (2) دوسری ترمیم کے اصل محرک تھے جس کو اسمبلی نے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ قرارداد کے تحت قادیانیوں کو آئین پاکستان میں غیر مسلم قرارد دیا گیا۔ مولانا نے اس موقع پر قادیانیوں کے سربراہ ناصر مرزا کو مناظرے میں شکست فاش بھی دی تھی۔
عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ اور فتنہ قادیانیت کی سرکوبی کے سلسلہ میں مولانا شاہ احمد نورانی کی خدمات آب زر سے لکھنے کے قابل ہیں۔ انھوں نے بے شمار قادیانی مبلغین سے مناظرے کیے اور انھیں ہمیشہ شکست فاش دی۔ آپ نے بیرون ممالک میں قادیانیوں کی اسلام دشمن سرگرمیوں کا مسلسل تعاقب کیا۔ انھوں نے آئین پاکستان میں مسلمان کی تعریف شامل کروائی۔ 30 جون 1974ء کو آپ نے قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دینے کے لیے قومی اسمبلی میں تاریخی قرارداد پیش کی۔ قادیانی جماعت کے سربراہ مرزا ناصر احمد کو اپنی جماعت کے عقائد کے بارے میں صفائی اور موقف پیش کرنے کا مکمل اور آزادانہ موقع دیا گیا۔ 13 دن تک اس پر جرح ہوئی۔ بعد ازاں ملک کی منتخب پارلیمنٹ نے متفقہ طور پر قادیانیوں کو ان کے کفریہ عقائد کی بنا پر غیر مسلم اقلیت قرار دیا۔ مولانا نورانی اکثر فرمایا کرتے تھے کہ ’’قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دینے کی قرارداد کی سعادت اللہ تعالیٰ نے مجھے بخشی اور مجھے یقین کامل ہے کہ بارگاہ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم میں میرا یہ عمل سب سے بڑا وسیلہ شفاعت و نجات ہوگا۔‘[1]
ملی یکجہتی کونسل
اتحاد بین المسلمین کے لیے انھوں نے 1995ء میں ملی یکجہتی کونسل بنائی۔ جس میں تمام مسالک کے علما کو ایک پلیٹ فارم پر مجتمع کر کے کشیدگی کم کرنے میں معاون ثابت ہوئے۔
متحدہ مجلس عمل
مشرف کے دور حکومت میں 2002ء دینی جماعتوں کو متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم پر جمع کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ مذہبی جماعتوں کا اتحاد عمل میں آیا تو انھیں متفقہ طور پر سربراہ مقرر کیا گیا۔ جمہوریت کے لیے ان کی کوششوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ اپنی موت تک وہ ایم ایم اے(متحدہ مجلس عمل) کے سربراہ رہے۔
وفات
دل کا دورہ پڑنے سے اسلام آباد میں 16 شوال 1424ھ 11 دسمبر 2003ء کو ان کا انتقال ہوا۔
جنازہ
ان کی نماز جنازہ ان کے بیٹے انس نورانی نے پڑھائی۔
مزار
انھیں کراچی میں حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار (کلفٹن) کے احاطے میں سپرد خاک کیا گیا۔
بیرونی روابط
حوالہ جات
- ↑ "حضرت مولانا شاہ احمد نورانیؒ"۔ 2019-09-14 کو اصل سے آرکائیو کیا گیا۔ اخذ شدہ بتاریخ 2015-10-12