محمد فہیم عالم
محمد فہیم عالم (پیدائش: 12 اکتوبر 1993ء) ایک معروف پاکستانی بچوں کے مصنف، مدیر، ڈراما نگار اور ناشر ہیں۔ آپ گزشتہ 15 برسوں سے بچوں کے ادب سے وابستہ ہیں اور بچوں کے لیے لکھنے میں خصوصی مہارت رکھتے ہیں، جس کی بدولت آپ نے اپنی مقبولیت کو طویل عرصے سے برقرار رکھا ہواہے۔ آپ نے اب تک بچوں کے لیے 500 سے زائد کہانیاں اور مختلف موضوعات پر 2 درجن سے زائد کتب تحریر کی ہیں۔
محمد فہیم عالم | |
---|---|
معلومات شخصیت | |
پیدائش | 12 اکتوبر 1993ء (31 سال) جھگیاں ، تحصیل چونیاں ، ضلع قصور |
رہائش | لاہور |
شہریت | پاکستان |
مذہب | اسلام |
والد | بشیر احمد |
عملی زندگی | |
مادر علمی | جامعہ اشرفیہ، لاہور |
تعلیمی اسناد | درس نظامی ، حافظ قرآن |
پیشہ | بچوں کے مصنف ، ناشر ، مصنف ، مترجم |
مادری زبان | میواتی |
پیشہ ورانہ زبان | اردو |
اعزازات | |
قومی سیرت النبی ایوارڈ (2024) اخوت ایوارڈ (2023) پاکستان رائٹرز گلڈ ایوارڈ (2018) قومی سیرت النبی ایوارڈ (2016) قومی سیرت النبی ایوارڈ (2015) قومی سیرت النبی ایوارڈ (2015) قومی سیرت النبی ایوارڈ (2014) قومی سیرت النبی ایوارڈ (2013) |
|
باب ادب | |
درستی - ترمیم |
محمد فہیم عالم کی کہانیاں پاکستان سے شائع ہونے والے نمایاں بچوں کے رسائل، ماہنامہ تعلیم و تربیت، ماہنامہ ہمدرد نونہال، ذوق و شوق، بچوں کی دنیا، بچوں کا باغ، جگنو، ماہنامہ ساتھی، ہفت روزہ بچوں کا اسلام اور دیگر میں شائع ہو چکی ہیں۔ بطور مدیر ایک منفرد اعزاز حاصل ہے کہ وہ اب تک بچوں کے کل 10 رسائل کی ادارت کر چکے ہیں۔ جن میں ایک انگریزی اور 9 اردو رسائل شامل ہیں۔
ابتدائی زندگی و تعلیم
ترمیممحمد فہیم عالم 12 اکتوبر 1993ء کو ضلع قصور کی تحصیل چونیاں کے نواحی علاقے جھگیاں میں پیدا ہوئے۔ آپ کے آبا و اجداد تقسیم ہند کے بعد میوات سے ہجرت کرکے پاکستان آئے تھے۔آپ کے والد بشیر احمد، پہلے کھیتی باڑی سے منسلک تھے، تاہم بعد میں گارمنٹس فیکٹری میں کام کرنے لگے۔ محمد فہیم عالم چاربھائیوں میں سب سے چھوٹے ہیں۔ فہیم عالم کی عمر تقریباً 7 سال تھی کہ ان کی والدہ کا انتقال ہو گیا۔
محمد فہیم عالم نے ابتدائی تعلیم جھگیاں میں جماعت چہارم تک حاصل کی۔ بعد ازاں، ان کا خاندان لاہور منتقل ہو گیا، جہاں انھوں نے فیروز پور روڈ پر واقع ایک کالونی میں رہائش اختیار کی اور لاہور میں اپنی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا۔ چھٹی جماعت کے بعد انھوں نے مدرسہ انوار القرآن، لاہور سے حفظِ قرآن مکمل کیا۔حفظِ قرآن کے بعد لاہور میں جامعہ عبداللہ بن عمر سے درسِ نظامی کے ابتدائی پانچ درجات مکمل کیے اور پھر جامعہ اشرفیہ، لاہور سے درسِ نظامی کی تکمیل کی۔ درس نظامی کی تعلیم کے ساتھ ساتھ آپ نے عصری تعلیم میں بھی دلچسپی برقرار رکھی اور ایف اے تک کی تعلیم حاصل کی۔
درس نظامی کی تکمیل کے بعد، محمد فہیم عالم کو ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) پاکستان کی جانب سے درس نظامی کی اسناد پر معادلتی سرٹیفکیٹ (Equivalence Certificate) دیا گیا، جو ایم اے عربی اور ایم اے اسلامیات کے مساوی ہے۔[1]
ادبی خدمات
ترمیممحمد فہیم عالم بچوں کے ہمہ جہت ادیب ہیں، انھوں نے بچوں کے لیے تقریباً ہر موضوع پر لکھا ہے۔ بچوں کے لیے آسان اور عام فہم انداز میں سیرت الانبیاء علیہم السلام، سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم، سیرت الصحابہ، اسلامی تاریخ، مسلم فاتحین، احادیث اور سنتوں کو موضوع بنا کر لکھی گئی کہانیوں کے ساتھ ساتھ انھوں نے اپنے مقبول و معروف مزاحیہ کردار "چچا تیز گام" پر بچوں کے لیے مزاحیہ کہانیاں بھی لکھی ہیں۔ ان کی کتابوں کے اب تک ہزاروں نسخے فروخت ہو چکے ہیں۔ ان کی کتابیں پاکستان کے مختلف نجی اسکولوں میں بطور اردو ریڈر شامل نصاب ہیں۔ بچوں کے اردو ادب میں کامک کی کمی کو محسوس کرتے ہوئے بچوں کے لیے ”اردو کامک“ کے نام سے کامک بکس کی ایک سیریز بھی لکھی ہے۔
ڈراما نگاری
ترمیمآپ کا بچوں کے لیے تحریر کردہ ٹی وی ڈراما نیکی کا سکہ، جو ایکسپریس انٹرٹینمینٹ پر نشر ہوا[2] اور بچوں میں مقبول ہوا۔ اس ڈرامے کی کل 30 اقساط تھیں، اور اس کی کہانی، دل چسپ موضوع اور تجسس سے بھرپور پلاٹ کی وجہ سے اسے وسیع پیمانے پر پسند کیا گیا۔ڈرامے کی تمام اقساط یوٹیوب پر بھی دستیاب ہیں، جہاں لاکھوں بچوں اور والدین نے اسے دیکھ کر پسندیدگی کا اظہار بھی کیا ہے۔
ادارت
ترمیممحمد فہیم عالم کو بطور مدیر ایک منفرد اعزاز حاصل ہے کہ وہ اب تک (جون 2024ء)کل 10 رسائل کی ادارت کر چکے ہیں۔ جن میں ایک انگریزی اور 9 اردو رسائل شامل ہیں۔
- ماہ نامہ اقراء (برائے پانچویں، چھٹی)، (دسمبر 2015ء تا حال)
- اقراء (برائے ساتویں، آٹھویں)، (دسمبر 2015ء تا حال)
- ماہ نامہ بچوں کی دنیا، (اکتوبر 2018ء تاحال)[3]
- ماہ نامہ بچوں کا باغ، (اکتوبر 2018ء تاحال)[4]
- ماہ نامہ جگنو، (اکتوبر 2018ء تاحال)
- ماہ نامہ روشنی، (فروری 2022ء تا حال)
- ماہ نامہ ارقم، (ستمبر 2016ء تا مئی 2017ء)
- ماہ نامہ تعليم الاطفال، (جنوری 2016ء تا مارچ 2017ء)
- حديقة الاطفال، (اکتوبر 2016ء تا دسمبر 2016ء)
- Monthly Passion Magazine (جنوری تا مئی 2014ء)
جہاں تک بچوں کے اُردو ادب کی تاریخ معلوم ہے اس سے قبل یہ اعزاز کسی بھی اور ادیب یا مدیر کو حاصل نہیں۔[5]
تصنیفات
ترمیم- سنت کہانی (اوّل)، بیت العلم ٹرسٹ پبلشرز، کراچی، اشاعت اول: 2011ء
- اجنبی خیر خواہ، ادارہ اسلامیات، لاہور، اشاعت اول: 2011ء
- کیسا بھروسا، ادارہ اسلامیات، لاہور، اشاعت اول: 2013ء
- چچا تیز گام، علم و عرفان پبلشرز، لاہور، اشاعت اول: 2013ء
- نئے کپڑے، ادارہ اسلامیات، لاہور، اشاعت اول: 2013ء
- سنت کہانی (دوم)، بیت العلم ٹرسٹ پبلشرز، کراچی، اشاعت اول:2013ء
- ایک تھا بادشاہ!، علم و عرفان پبلشرز، لاہور، اشاعت اول: 2014ء
- ایک ورق، ایک کہانی، بچوں کا کتاب گھر، لاہور، اشاعت اول: 2014ء
- ایک سنت، ایک کہانی، بچوں کا کتاب گھر، لاہور۔، اشاعت اول: 2015ء
- معراج النبیﷺ لمحہ بہ لمحہ، دارالمصحف پبلشرز، لاہور، اشاعت اول: 2015ء
- اچھے قصے، بچوں کا کتاب گھر، لاہور، اشاعت اول: 2016ء
- ننھے صحابہ ؓ، بچوں کا کتاب گھر، لاہور، اشاعت اول: 2018ء
- اک تھا بت شکن، دارالمصحف پبلشرز، لاہور، اشاعت اول: 2018ء
- حسرت کا قیدی، بچوں کا کتاب گھر، لاہور، اشاعت اول: 2018ء
- سیرت محمدﷺ بن عبد اللہ، دارالمصحف پبلشرز، لاہور، اشاعت اول: 2023ء[6]
- چچا تیز گام کی تیزیاں، بچوں کا کتاب گھر، لاہور، اشاعت اول: 2024ء
- انسپکٹر لومڑ کے جاسوسی کارنامے، بچوں کا کتاب گھر، لاہور، اشاعت اول: 2024ء
- اسٹاپو ماسٹر، بچوں کا کتاب گھر، لاہور، اشاعت اول: 2024ء
- ہمارے ناراض دوست، بچوں کا کتاب گھر، لاہور، اشاعت اول: 2024ء
اشاعتی سرگرمیاں
ترمیممحمد فہیم عالم گزشتہ 10 سال سے تین نمایاں اشاعتی ادارے بچوں کا کتاب گھر، دارالمصحف اور کتاب نگر چلا رہے ہیں، جن کے ذریعے ملک کے معروف ادیبوں کی ایک ہزار سے زائد کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ ان اداروں کا بنیادی مقصد بچوں کے ادب کو فروغ دینا اور معیاری ادبی مواد کو بچوں تک پہنچانا ہے۔ محمد فہیم عالم نہ صرف ایک ناشر ہیں بلکہ وہ اپنی این جی او، چلڈرن لٹریری سوسائٹی کے ذریعے بچوں کے ادب اور ادیبوں کی فلاح و بہبود کے لیے بھی فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔
چلڈرن لٹریری سوسائٹی کا مقصد ملک میں بچوں کے ادب کو فروغ دینا ہے، جس کے لیے مختلف ادبی مقابلے منعقد کیے جاتے ہیں۔ ان مقابلوں میں نئے اور ابھرتے ہوئے لکھاریوں کو نقد انعامات اور تعریفی اسناد دے کر ان کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔ مزید برآں، اس این جی او کے تحت بچوں اور بچوں کے ادیبوں کے لیے تربیتی ورکشاپس اور معاشرتی اور تعلیمی موضوعات پر کانفرنسیں بھی منعقد کی جاتی ہیں، جن کا مقصد بچوں کی فکری اور اخلاقی تربیت میں کردار ادا کرنا ہے۔
اعزازات
ترمیممحمد فہیم عالم کو سرکاری و غیر سرکاری اداروں اور ادبی تنظیموں کی طرف سے اعزازات اور یادگاری شیلڈ بھی مل چکی ہیں:
سرکاری
ترمیم- قومی سیرت ایوارڈ
محمد فہیم عالم کو سات کتابوں پر قومی سیرت ایوارڈ مل چکا ہے:
- 2013ء، وزارت مذہبی امور، پاکستان کے تحت ہونے والے مقابلہ بچوں کے لیے سیرت 2013ء میں کتاب سنت کہانی پر بدست صدر پاکستان آصف علی زرداری۔
- 2014ء، وزارت مذہبی امور، پاکستان کے تحت ہونے والے مقابلہ بچوں کے لیے سیرت 2014ء میں کتاب اجنبی خیر خواہ (حدیث کہانی سیریز) پر سیرت بدست صدر پاکستان ممنون حسین۔
- جنوری 2015ء، وزارت مذہبی امور، پاکستان کے تحت ہونے والے مقابلہ بچوں کے لیے کتب سیرت میں کتاب نئے کپڑے (حدیث کہانی سیریز) پر بدست صدر پاکستان ممنون حسین۔
- دسمبر 2015ء، وزارت مذہبی امور، پاکستان کے تحت ہونے والے مقابلہ بچوں کے لیے کتب سیرت میں کتاب ایک سنت ایک کہانی پر بدست صدر پاکستان ممنون حسین ۔
- 2016ء، وزارت مذہبی امور، پاکستان کے تحت ہونے والے مقابلہ بچوں کے لیے سیرت میں کتاب اچھے قصے پر۔
- 2017ء، وزارت مذہبی امور، پاکستان کے تحت ہونے والے مقابلہ بچوں کے لیے کتب سیرت میں کتاب معراج النبی ﷺ لمحہ بہ لمحہ پر قومی سیرت ایوارڈ بدست صدر پاکستان ممنون حسین دیا گیا۔
- 2024ء، وزارت مذہبی امور، پاکستان کے تحت ہونے والے مقابلہ بچوں کے لیے کتب سیرت 2023ء میں کتاب محمد ﷺبن عبداللہ پر قومی سیرت ایوارڈ بدست چئیرمین سینیٹ پاکستان یوسف رضا گیلانی دیا گیا۔
- دیگر سرکاری اعزازات
- بین الاقوامی اسلامی یونی ورسٹی اسلام آباد شعبہ بچوں کا ادب کے تحت ہونے والے دعوۃ ادبی ایوارڈ برائے بچوں کی کتب 2012ء میں مسودہ اجنبی خیر خواہ کو دوم انعام دیا گیا۔
- بین الاقوامی اسلامی یونی ورسٹی اسلام آباد شعبہ بچوں کا ادب کے تحت ہونے والے اورینٹ دعوۃ ادبی ایوارڈ برائے بچوں کا ادب 2011ء میں بہترین مزاح لکھنے پر کردار چچا تیز گام نے افطاری کی کو سید امتیاز علی تاج ایوارڈ دیا گیا۔
- بین الاقوامی اسلامی یونی ورسٹی اسلام آباد شعبہ بچوں کا ادب کے تحت ہونے والے اورینٹ دعوۃ ادبی ایوارڈ برائے بچوں کا ادب 2009ء میں کہانی نئے کپڑے کو سید نظر زیدی ایوارڈ دیا گیا۔
غیر سرکاری اعزازات
ترمیم- سنت کہانی کو یو بی ایل اینڈ جنگ (جیو) گروپ کی طرف سے یو بی ایل اینڈ جنگ لٹریری ایوارڈ 2013ء (انعام برائے بچوں کی بیترین کتاب) مع ایک لاکھ روپے نقد دیا گیا۔
- نوائے وقت گروپ اورماہ نامہ پھول کی جانب سے بچوں کے ادب میں نمایاں خدمات پر مجید نظامی ایوارڈ 2016ء دیا گیا۔
- پاکستان رائٹرز گلڈ کی طرف سے کتاب اچھے قصے کو رائٹرز گلڈ ایوارڈ 2018ء مع 15 ہزار روپے نقد انعام دیا گیا۔
- اخوت فاؤنڈیشن کی طرف سے بچوں کے ادب میں نمایاں خدمات پر اخوت ادبی ایوارڈ2023ء مع 25 ہزار روپے نقد انعام دیا گیا
حوالہ جات
ترمیم- ↑ رہبران ادب، روزینہ فیصل، صفحہ 49-51، یاسر پبلیکیشنز، لاہور، 2024ء
- ↑ "alif scripts – Alif Kitab"۔ 2024-10-04۔ اخذ شدہ بتاریخ 23 اکتوبر 2024
- ↑ عبید رضا، پنڈی گھیب (2024-02-26)۔ "ماہنامہ بچوں کی دنیا کے 75 سال"۔ ہم سب۔ اخذ شدہ بتاریخ 25 ستمبر 2024
- ↑ نعیم احمد ناز (2023-06-05)۔ "بچوں کا ادب اور ہماری ذمہ داریاں"۔ ہم سب۔ اخذ شدہ بتاریخ 23 اکتوبر 2024
- ↑ "محمد فہیم عالم – چراغ"۔ اخذ شدہ بتاریخ 22 ستمبر 2024
- ↑ "محمد فہیم عالم کی کتاب "سیرت ایوارڈ" کے لیے نامزد"۔ jawanadab.com۔ اخذ شدہ بتاریخ 01 اکتوبر 2024 النص " جواں ادب " تم تجاهله (معاونت)
بیرونی روابط
ترمیم- محمد فہیم عالم کی کتابیں۔ کتاب نگر پر