مقداد بن عمرو

(مقداد سے رجوع مکرر)

مقداد بن اسود الکندی رضی اللہ عنہ (37ق.ھ / 33ھ) محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے اصحاب میں سے تھے۔ مقداد بن عمرو بن ثعلبہ بن مالک بن ربیعہ بن عامر۔ ان کا تعلق قبیلہ کندہ سے تھا جو نواحِ یمن میں حضرموت میں رہتے تھے۔ مقداد اپنے قبیلہ سے نکل کر مکہ میں رہائش پزیر ہو گئے تھے جہاں اسود نامی شخص کے ساتھ منسلک رہے یا انھیں اسود نامی شخص نے پالا جس کی وجہ سے آپ کومقداد ابن الاسود کہا جانے لگا۔ مقداد بن اسود نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ مکہ و مدینہ میں گزارا۔ آپ کا شمار السابقون الاولون میں ہوتا ہے ،آپ پچیس سال کی عمر میں مسلمان ہو گئے تھے۔بعض روایات کے مطابق اسلام قبول کرنے والوں میں سے آپ ساتویں نمبر پر ہیں۔آپ اپنے اسلام کا علی الاعلان اظہار فرماتے تھے ۔مکہ مکرمہ میں اگرچہ مسلمانوں کی تعداد بہت کم تھی لیکن اس کے باوجود آپ مشرکین مکہ سے کبھی مرعوب نہ ہوئے ۔ آپ کو دو بار ہجرت کرنے کا شرف حاصل ہوا۔ ایک بار مکہ مکرمہ سے حبشہ کی طرف اور دوسری بار حبشہ سے مدینہ منورہ کی طرف۔آپ بہت خوش قسمت انسان تھے ۔ حضرت مقداد خود فرماتے ہیں کہ’’جب ہم لوگ ہجرت کرکے مدینہ منورہ پہنچے تو ایک گھر میں دس دس افراد ٹھہرائے گئے۔جن دس افراد کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ ایک ہی گھر میں ٹھہرنے کا شرف حاصل ہوا ان میں ایک میں بھی تھا۔ہم سب لوگوں کے گذر بسر کے لیے ایک ہی بکری کا دودھ کافی ہوتا تھا۔‘‘[1] آپ رضی اللہ عنہ غزوہ بدر سمیت تمام غزوات میں شریک ہوئے ۔غزوہ بدر کے موقع پر آپ نے ایک ایسی منفرد اور تاریخی تقریر کی جس نے مسلمانوں کے دلوں میں جذبہ جہاد مزید اجاگر کر دیا جیسا کہ حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے حضرت مقداد رضی اللہ عنہ کی زبان سے ایسی بات سنی ہے اگر وہ بات میری زبان سے ادا ہو جاتی تو میرے لیے یہ بات دنیا کی کسی بھی چیز کے مقابلے میں زیادہ عزیز ہوتی۔وہ یہ کہ جب حضرت مقداد نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے ، اس وقت آپ مشرکین مکہ کے خلاف بددعا کر رہے تھے ، تو حضرت مقداد نے عرض کیا: یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہم وہ نہیں کہیں گے جو حضرت موسیٰ علیہ السلام کی قوم نے کہا تھا کہ’’تم جاؤ اور تمھارا رب ان سے جنگ کرو‘‘۔بل کہ اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم!’’ ہم آپ کے غلام ہیں۔ہم آپ کے دائیں، بائیں، آگے اور پیچھے جمع ہوکر کفار سے لڑیں گے ‘‘۔حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے دیکھا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا چہرہ مبارک چمکنے لگا، آپ بہت زیادہ خوش ہوئے آپ نے حضرت مقداد کے لیے کلمہ خیر فرمایا اور ان کے لیے دعا فرمائی۔[2] حضرت مقداد رضی اللہ عنہ عاجزی و انکسار کا پیکر تھے۔تکبر کو قریب تک نہ آنے دیتے تھے۔حضور خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے آپ کو ایک ’’سریہ‘‘ کا امیر بنا کر بھیجا۔جب آپ واپس آئے تو آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے پوچھا اے ابو معبد! تو نے امارت کے منصب کو کیسا پایا؟ تو آپ نے عرض کیا: یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ! جب میں جہاد کے لیے نکلا تو میری یہ حالت ہو گئی تھی کہ میں دوسروں کو اپنا غلام تصور کر رہا تھا۔اس پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ’’اے ابو معبد! امارت تو اسی طرح ہی ہے سوائے اس کے جسے اللہ تعالیٰ اس کے شر سے محفوظ رکھے ‘‘۔حضرت مقداد بن عمرو نے عرض کیا :یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ’’اس ذات کی قسم جس نے آپ کو حق کے ساتھ نبی بنا کر بھیجا ہے اب میں دو آدمیوں پر بھی نگران بننا پسند نہ کروں گا‘‘۔یہ بات آپ کے تقویٰ اور عاجزی کو ظاہر کر رہی ہے کہ آپ ہر صورت تکبر سے بچنا چاہتے ہیں۔اسی طرح آپ کسی کی بے جا تعریف نہ خود کرتے اور نہ کسی سے سننا پسند کرتے تھے۔جیسا کہ ایک مرتبہ کسی نے امیرالمومنین عثمان غنی رضی اللہ عنہ کی ان کے سامنے تعریف کی تو آپ نے مٹی لے کر اس شخص کے چہرے پر ڈال دی اور فرمایا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ہے کہ ’’جب تم تعریف کرنے والوں سے ملو توان کے چہروں پر مٹی ڈال دو‘‘[3] حضرت مقداد رضی اللہ عنہ اصحاب صفہ میں سے تھے۔مالی طور پر بہت تنگ دست تھے ،حتیٰ کہ بعض اوقات درختوں کے پتے کھاتے تھے ۔ حضرت مقداد رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ’’ہم دو دو یا تین تین دن بعد رفع حاجت کے لیے جاتے تھے تو ایک دن میں رفع حاجت کے لیے ویرانے کی طرف نکلا تو وہاں میں نے ایک چوہے کو سوراخ سے دینار نکالتے ہوئے دیکھا یہاں تک کہ اٹھارہ دینار اس سوراخ سے برآمد ہوئے جو میں لے کر نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کیا: اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم! آپ اس میں سے زکوٰۃ لے لیجئے ۔ حضور خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا’’ جا لے جاؤ! اس میں زکوٰۃ نہیں ہے ۔ اللہ تعالیٰ تمھیں اس میں برکت عطا فرمائے ‘‘۔ پھر ان اٹھارہ دینار میں اس قدر برکت پیدا ہوئی کہ حضرت مقداد رضی اللہ عنہ کے وصال تک وہ دینار ختم نہ ہوئے ۔[4] آپ رضی اللہ عنہ سے بہت سی احادیث مبارکہ بھی مروی ہیں۔آپ سے روایت کرنے والوں میں کبار صحابہ کرام بھی شامل ہیں، جن میں حضرت انس بن مالک حضرت عبداللہ بن مسعود ، عبداللہ بن عباس،آپ کی بیٹی کریمہ اور زوجہ ضباعہ بنت زبیر رضی اللہ عنہم وغیرہ شامل ہیں۔ آپ کے فضائل و مناقب میں بہت سی احادیث مروی ہیں۔آپ وہ خوش قسمت مجاہد اسلام ہیں جنھوں نے سب سے پہلے گھوڑے پر جہاد کیا۔آپ کا شمار ان چار اشخاص میں ہوتا ہے جن سے محبت کرنے کا حکم اللہ تعالیٰ نے اپنے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو دیا۔آپ ان چودہ خوش قسمت لوگوں میں سے ایک ہیں جنہیں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنا نجیب اور رفیق قرار دیا۔ ابن کثیر کے مطابق آپ کو خادم رسول ہونے کا بھی شرف حاصل ہے۔آپ کی شادی نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کی چچا زاد حضرت ضباعہ بنت زبیر بن عبد المطلب سے ہوئی جن سے ایک بیٹی کریمہ اور ایک بیٹے عبد اللہ تولد ہوئے۔عبد اللہ رضی اللہ عنہ جنگ جمل میں شہید ہوئے۔آپ رضی اللہ عنہ کا انتقال 33ھ میں حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے دور خلافت میں ہوا۔[5][6]

مقداد بن عمرو
(عربی میں: المقداد بن الأسود ویکی ڈیٹا پر (P1559) کی خاصیت میں تبدیلی کریں

معلومات شخصیت
پیدائش سنہ 590ء   ویکی ڈیٹا پر (P569) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
یمن   ویکی ڈیٹا پر (P19) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
وفات سنہ 652ء (61–62 سال)  ویکی ڈیٹا پر (P570) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
مدینہ منورہ   ویکی ڈیٹا پر (P20) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
مدفن جنت البقیع   ویکی ڈیٹا پر (P119) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
شہریت خلافت راشدہ   ویکی ڈیٹا پر (P27) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
عملی زندگی
پیشہ سائنس دان   ویکی ڈیٹا پر (P106) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
عسکری خدمات
لڑائیاں اور جنگیں غازی ،  اسلامی فتح شام ،  اسلامی فتح مصر   ویکی ڈیٹا پر (P607) کی خاصیت میں تبدیلی کریں

نام و نسب

ترمیم

مقداد نام، ابوالاسود کنیت، عمرو کندی کے لخت جگر تھے، پورا سلسلہ نسب یہ ہے: مقداد بن عمرو بن ثعلبہ بن مالک بن ربیعہ بن ثمامہ بن مطر دوالنہرنی حضرت مقداد ؓ دراصل بہراء کے رہنے والے تھے، چونکہ ان کے خاندان کے ایک ممبر نے کسی ہمسایہ قبیلہ میں خونریزی کی تھی، اس لیے انتقام کے خوف سے کندہ چلے آئے تھے، لیکن یہاں بھی یہی مصیبت پیش آئی، بالآخر مکہ آکر آباد ہوئے اور اسود بن عبد یغوث کے خاندان سے حلیفانہ تعلق پیدا کر لیا تھا جس نے محبت سے ان کو اپنا متبنی کر لیا تھا، چنانچہ عمرو کی بجائے اسود ہی کے انتساب سے مشہور ہوئے۔ [7] [8]

اسلام

ترمیم

وہ مکہ میں ابھی اچھی طرح تو طن گزین بھی نہ ہونے پائے تھے کہ صدائے توحید کانوں میں آئی اور رسالت مآب کی دعوت و تبلیغ نے ان کو اسلام کا شیدائی بنادیا، یہ وہ پر آشوب زمانہ تھا کہ علانیہ ایک کو ایک کہنا قلمرو شرک میں شدید ترین جرم خیال کیا جاتا تھا، لیکن حضرت مقدادؓ بن عمرو نے اپنی بے بسی و غریب الوطنی کے باوجود اخفائے حق گوارانہ کیا، چنانچہ وہ ان سات بزرگوں کی صف میں نظر آتے ہیں جنھوں نے ابتدا ہی میں اپنے حلقہ بگوشِ اسلام ہونے کا اعلان کر دیا تھا۔ [9] [10][11]

ہجرت

ترمیم

آپ کی اس حق پسندی کا لازمی نتیجہ یہ ہوا کہ وہ طرح طرح کے مصائب اور گونا گوں مظالم کانشانہ بنالیے گئے ، یہاں تک کہ پیمانہ صبر و تحمل لبریز ہو گیا اور مکہ چھوڑ کر عازم حبش ہوئے۔ [12] کچھ دنوں کے بعد سرزمین حبش سے واپس آئے تو مدینہ کی طرف ہجرت کی تیاریاں ہورہی تھیں، لیکن وہ ایک عرصہ تک اپنی بعض دشواریوں کے باعث مدینہ جانے سے مجبور رہے، یہاں تک کہ جب رسول اللہ بھی تشریف لے گئے اور کفر و اسلام میں فوجی چھیڑ چھاڑ کا آغاز ہوا، تو یہ اور حضرت عتبہ بن غزوان ؓ ایک قریشی متجسس دستۂ فوج کے ہمراہ مدینہ کی طرف روانہ ہوئے، عکرمہ بن ابی جہل اس کا امیر عسکر تھا، راہ میں مجاہدین اسلام کی ایک جماعت سے مڈ بھیڑ ہوئی، حضرت عبیدہ بن الحارث اس کے افسر تھے، یہ دونوں موقع پاکر مسلمانوں سے مل گئے اور مدینہ پہنچ کر حضرت کلثوم بن ہدم ؓ کے مہمان ہوئے۔ [13] رسول اللہ نے ان کو بنی عدیلہ کے محلہ میں مستقل سکونت کے لیے زمین مرحمت فرمائی ، کیونکہ حضرت ابی بن کعب ؓ کی دعوت پر انھوں نے اس حصہ میں رہنا پسند کیا تھا۔ [14]

غزوات

ترمیم

سے شرک و توحید میں باقاعدہ معرکہ آرائیوں کا سلسلہ شروع ہوا اور مشرکین قریش کا ایک خوفناک سیلاب میدانِ بدر کی طرف امنڈ آیا، چونکہ جان نثارانِ رسول اللہ کے لیے یہ اولین آزمائش تھی، اس لیے رسول اللہ نے پہلے مشورہ طلب کرکے اس قلیل لیکن اولو العزم جماعت کا امتحان لینا چاہا، چنانچہ سب سے پہلے حضرت ابوبکرؓ نے اپنی صداقت شعاری کا جوہر دکھایا، پھر ان کے بعد حضرت عمرؓ نے ایک تقریر میں اپنے خلوص و وفاشعاری کا اظہار کیا، لیکن حضرت مقداد ؓ نے جس جوش و وارفتگی کے ساتھ اپنی فدویت وجان نثاری کا ثبوت دیا، اس نے یکا یک تمام فدائیوں کے جذبہ سرفروشی میں ہیجان پیدا کر دیا، انھوں نے عرض کیا ہم قومِ موسیٰ کی طرح یہ نہیں کہیں گے کہ تو اور تیرا خدا جاکر لڑے، بلکہ ہم آپ کے داہنے، بائیں آگے اور پیچھے اپنی جانبازی کے جوہر دکھائیں گے، [15] قسم ہے اس ذات کی جس نے آپ کو دین حق کے ساتھ مبعوث فرمایا ہے، اگر آپ ہم کو برک غماد تک لے چلیں گے تو ہم آپ کے ساتھ جا کر لڑیں گے ،[16] اس سادہ لیکن پرجوش اظہار فدیت سے آنحضرت اس قدر خوش ہوئے کہ فرط انبساط سے چہرۂ مبارک چمک اٹھا۔ [17]

حضرت مقداد بن عمرو ؓ تیر اندازی ، نیزہ بازی اور شہسواری میں کمال رکھتے تھے، جنگ بدر میں صرف یہی یکہ و تنہا شہسوار تھے جو اپنے سجہ صبا رفتار کو مہمیز کر رہے تھے، محدثین واصحاب سیر کا عام طور پر اتفاق ہے کہ اس جنگ میں ان کے سوا اورکسی کے پاس گھوڑا نہ تھا، غزوۂ بدر کے علاوہ غزوہ احد، غزوہ خندق اور تمام دوسرے مشہور معرکوں میں پامردی و جانبازی کے ساتھ شریک کا رزار تھے۔ [18] [19][11]

فتح مصر

ترمیم

20ھ میں جب مصر پر فوج کشی ہوئی اور حضرت عمرو بن العاص ؓ امیر عسکر نے دربار خلافت سے مزید کمک طلب کی تو حضرت عمرؓ نے دس ہزار سپاہی اور چار افسر جن میں سے ایک حضرت مقداد ؓ بھی تھے ان کی مدد کے لیے روانہ فرمایا اور لکھا کہ ان افسروں میں سے ہر ایک دشمن کے ایک ہزار سپاہیوں کے برابر ہے، چنانچہ درحقیقت اس کمک کے پہنچتے ہی جنگ کی حالت بدل گئی اور نہایت قلیل عرصہ میں تمام سر زمینِ فراعنہ فرزندانِ توحید کا ورثہ بن گئی۔ [20] [21]

وفات

ترمیم

حضرت مقدادؓ عظیم البطن تھے، ایام پیری میں یہ مرض زیادہ تکلیف دہ ثابت ہوا تو ان کے ایک رومی غلام نے اس پر عمل جراحی کیا، جو غلطی سے ناکام رہا، بالآخر وہ خوف وندامت کے باعث روپوش ہو گیا اورانہوں نے اسی حالت میں مدینہ سے تین میل کے فاصلہ پر مقام جرف میں داعیِ جنت کو لبیک کہا ، یہ 33ھ میں خلیفہ ثالث کا عہد تھا، خود امیر المومنینؓ نے جنازہ کی نماز پڑھائی اور لاش مدینہ لا کر بقیع کے گورِ غریباں میں دفن کی گئی، انھوں نے کم و بیش ستر برس کی عمر پائی۔ [22] [23]

اخلاق

ترمیم

حضرت مقدادؓ بن عمرو گو ناگون محاسنِ اخلاق کے مظہراتم تھے، انھوں نے غزوۂ بدر کے موقع پر جس جوشِ فدویت کا اظہار کیا وہ تمام صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم کے لیے باعثِ رشک تھا، حضرت عبداللہ بن عمرؓ فرمایا کرتے تھے کاش میں اس وقت جنگ میں شریک ہونے کے لائق ہوتا اور یہ جملے میری زبان سے ادا ہوتے، حضرت عبداللہ بن مسعودؓ فرماتے ہیں کہ میں جنگ بدر میں مقداد بن اسود ؓ کے ساتھ تھا، حقیقت یہ ہے کہ مجھے اس جنگ میں ان کے ساتھ ہونا اس قدر محبوب ہے کہ تمام دنیا اس کے آگے ہیچ ہے۔ [24]

سپاہیانہ سادگی ، صاف گوئی اور ملنساری کے ساتھ زندہ دلی اور حاضر جوابی نے ان کی صحبت کو نہایت دلچسپ بنادیا تھا،ایک دفعہ وہ کسی صراف کی دکان پر بیٹھے تھے کہ ایک شخص نے ان کے بلغمی تن و توش پر طعنہ زن ہو کر کہا "ابوالاسود ! خدانے تم کو جہاد میں شریک ہونے سے معاف کر دیا ہے، برجستہ بولے، نہیں! "انفرواخفا وثقالا" کا حکم اس سے منکر ہے۔ [25] وہ نہایت صاف گو اور سادہ مزاج تھے، ایک دفعہ حضرت عبدالرحمن بن عوفؓ نے ان سے کہا کہ تم شادی کیوں نہیں کرتے ؟ سادگی کے ساتھ بولے، تم اپنی لڑکی سے بیاہ دو؛ حضرت عبد الرحمن اس بیباکی وصفا گوئی پر سخت برہم ہوئے اوربُرا بھلا کہنے لگے، حضرت مقدادؓ نے ان کی اس برہمی کی شکایت دربارِ نبوت میں پیش کی تو ارشاد ہوا، اگر کسی کو انکار ہے تو ہونے دو میں تم کو اپنی بنتِ عم سے بیاہ دوں گا، چنانچہ اس کے بعد ہی حضرت ضباعہ بنت زبیرؓ بن عبد المطلب ان کے عقدِ نکاح میں آئیں۔ [26] آغازِ اسلام کی عسرت و ناداری نے ان کو حددرجہ جفاکش و قانع بنادیا تھا فرماتے ہیں کہ :جب میں ہجرت کرکے مدینہ آیا تو یہاں میرے رہنے سہنے اور کھانے پینے کا کوئی سہارانہ تھا،بھوک سے حالت تباہ تھی،بالآخر رسول اللہ نے مجھ کو اور میرے دونوں ساتھیوں کو اپنے میزبان کلثوم بن ہدم ؓ کے گھر میں جگہ دی، آپ کے پاس اس وقت صرف چار بکریاں تھیں، جن کے دودھ پر ہم لوگوں کا گزارا تھا، ایک دفعہ رات کے وقت آپ باہر تشریف لے گئے اور دیر تک تشریف نہ لائے، میں نے خیال کیا کہ آج کسی انصاری نے دعوت دی ہوگی اورآپ آسودہ ہوکر تشریف لائیں گے، اس خیال کے آتے ہی میں نے اُٹھ کر آنحضرت کے حصہ کا دودھ بھی پی لیا، لیکن پھر خیال آیا کہ اگر یہ قیاس غلط ثابت ہوا تو بڑی ندامت ہوگی، غرض میں اس شش وپنج میں تھا کہ آنحضرت تشریف لائے اور دودھ کی طرف بڑھے، دیکھا تو پیالہ خالی تھا، مجھے اپنی غلطی پر سخت ندامت ہوئی، خصوصا ًجب کہ آپ نے کچھ کہنے کے لیے دونوں ہاتھ اٹھائے تو میرے خوف وہراس کی کوئی انتہا نہ تھی اور اندیشہ ہوا کہ عنقریب آنحضرت کی بددعاء سے ہماری دنیا وآخرت تباہ ہو جائے گی ؛لیکن آپ نے فرمایا: "اللھم اطعمہ من اطعمنی واسق من سقانی" یعنی خدایا جو مجھے کھلائے اس کو کھلا اور جو مجھے سیراب کرے اس کو سیراب کر اس دعا سے کچھ ہمت بڑھی، اُٹھ کر بکریوں کے پاس گیا کہ شاید کچھ دودھ نکل آئے،لیکن خداکی قدرت جس تھن پر ہاتھ پڑا وہ دودھ سے لبریز نظر آیا،غرض کافی مقدار میں دودھ نکال کر خدمت بابرکت میں پیش کیا، آپ نے پوچھا، کیا تم لوگ پی چکے ہو؟ عرض کیا یارسول اللہ! آپ پہلے نوش فرمالیں تو پھر مفصل واقعہ عرض کروں، آنحضرت نے خوب سیر ہوکر نوش فرمالیا تو مجھے اپنی گذشتہ غلطی وندامت پر بے اختیار ہنسی آگئی،آپ نے پوچھا ابوالاسود! یہ کیا ہے؟ میں نے تمام واقعہ بیان کیا تو ارشاد ہوا: "یہ خدا کی رحمت تھی،تم نے اپنے دونوں ساتھیوں کو کیوں بیدار نہ کر دیا کہ وہ بھی اس سے مستفیض ہوتے۔ [27] خوشامدانہ مداحی سے سخت متنفر تھے، ایک مرتبہ حضرت عثمان ؓ کے دربار میں چند آدمیوں نے ان کے روبرو تعریف وتوصیف شروع کی، حضرت مقدادؓ اس تعلق اور چاپلوسی پر اس قدر برہم ہوئے کہ ان کے منہ پر خاک ڈالنے لگے، حضرت عثمانؓ نے فرمایا مقداد! یہ کیا ہے؟ بولے رسول اللہ نے ہم کو حکم دیا ہے کہ خوشامدیوں کے منہ میں خاک بھردو۔ [28] ایک دفعہ ایک تابعی نے ان کے پاس آکر کہا،مبارک ہیں آپ کی آنکھیں ،جنھوں نے رسول اللہ کی زیارت کی ہے، کاش میں بھی اس زمانہ میں ہوتا، حضرت مقدادؓ ان پر سخت برہم ہوئے،لوگوں نے تعجب سے پوچھا کہ یہ برہمی کی کیا بات تھی، بولے،حاضر کو غائب کی تمنا عبث ہے، جن لوگوں نے رسول اللہ کا زمانہ پایا ہے، ان میں بہت سے ایسے ہیں جن کو ایمان نہ لانے کے باعث خدا نے جہنم واصل کر دیا، اس کو کیا معلوم کہ وہ اس وقت کس گروہ میں ہوتا؟ تم لوگوں کو خدا کا شکر کرنا چاہیے کہ بغیر امتحان وآزمائش رسول اللہ کی تعلیم سے مستفیض ہوئے۔ [29] کسی شخص کے متعلق اچھی یا بری رائے قائم کرنے میں نہایت محتاط تھے، فرمایا کرتے تھے کہ میں صرف نتائج پر نظر رکھتا ہوں، خصوصاً جب سے رسول اللہ نے یہ فرمایا ہے کہ انسان کا دل نہایت تغیر پزیر ہے۔ [30] [31]

جاگیر و ذریعۂ معاش

ترمیم

تجارت اصلی ذریعہ ٔمعاش تھی، رسول اللہ نے ان کو خیبر میں جاگیر بھی مرحمت فرمائی تھی، جس کو حضرت امیر معاویہ ؓ نے اپنے عہد حکومت میں ان کے ورثہ سے ایک لاکھ درہم میں خرید لیا تھا۔ [32] [33]

حلیہ

ترمیم

حضرت مقدادؓ بن اسود طویل القامت، عظیم البطن وفربہ اندام تھے، سر کے بال گھنے ،آبرو پیوستہ اور ڈاڑھی نہایت موزوں وخوبصورت تھی۔ [34]

اولاد

ترمیم

حضرت ضباعہ بنت زبیرؓ سے ایک لڑکی کریمہ نامی یادگار چھوڑی بعض روایات کے مطابق ایک بیٹا عبد اللہ بھی تھا۔۔ [35] [36]

حوالہ جات

ترمیم
  1. (تہذیب التہذیب ، تذکرہ مقدار بن اسود)
  2. (صحیح بخاری: حدیث نمبر 3952)
  3. (سنن ابی داؤد: حدیث نمبر 4804)
  4. (سنن ابن ماجہ: حدیث نمبر 2508 )
  5. تهذيب الكمال للمزي» المقداد بن عمرو بن ثعلبة بن مالك (1) آرکائیو شدہ 2016-12-29 بذریعہ وے بیک مشین
  6. , «» تهذيب الكمال للمزي» المقداد بن عمرو بن ثعلبة بن مالك (3) آرکائیو شدہ 2016-12-29 بذریعہ وے بیک مشین
  7. (اسد الغابہ تذکرہ مقداد بن عمرو ؓ)
  8. ابن حزم الأندلسي، علي بن أحمد۔ جمهرة أنساب العرب۔ مؤرشف من الأصل في 2023-05-24 {{حوالہ کتاب}}: |موقع= تُجوهل (مساعدة)
  9. (اسد الغابہ تذکرہ مقداد بن عمرو ؓ)
  10. سير أعلام النبلاء» الصحابة رضوان الله عليهم» المقداد بن عمرو آرکائیو شدہ 2017-09-25 بذریعہ وے بیک مشین
  11. ^ ا ب أسد الغابة في معرفة الصحابة - المقداد بن عمرو آرکائیو شدہ 2016-12-29 بذریعہ وے بیک مشین
  12. (طبقات ابن سعد قسم اول جز 3 :114)
  13. (اسد الغابہ تذکرہ مقداد بن عمرو)
  14. (طبقات ابن سعد قسم اول جز ثالث :114)
  15. ( بخاری کتاب المغازی باب غزوۂ بدر)
  16. (سیرت ابن ہشام :1/352)
  17. ( بخاری باب غزوۂ بدر)
  18. (مستدرک حاکم :3/ 348)
  19. الطبقات الكبرى لابن سعد - الْمِقْدَادُ بْنُ عَمْرِو (1) آرکائیو شدہ 2016-12-29 بذریعہ وے بیک مشین
  20. (مقریزی :1/65)
  21. الإصابة في تمييز الصحابة - المقداد بن الأسود (1) آرکائیو شدہ 2016-12-29 بذریعہ وے بیک مشین
  22. (اصابہ:3/455)
  23. تهذيب الكمال للمزي» المقداد بن عمرو بن ثعلبة بن مالك (2) آرکائیو شدہ 2016-12-29 بذریعہ وے بیک مشین
  24. (بخاری کتاب المغازی باب غزوۂ بدر)
  25. بخاری کتاب المغازی باب غزوۂ بدر)
  26. (اصابہ:3/454)
  27. (مسند احمد بن حنبل :6/4)
  28. (ایضاً :5)
  29. (ایضاً)
  30. (مسند احمد بن حنبل: 6/5)
  31. الطبقات الكبرى لابن سعد - الْمِقْدَادُ بْنُ عَمْرِو (2) آرکائیو شدہ 2016-12-29 بذریعہ وے بیک مشین
  32. (طبقات ابن سعد قسم اجزء 3 :115)
  33. الطبقات الكبرى لابن سعد - الْمِقْدَادُ بْنُ عَمْرِو (3) آرکائیو شدہ 2016-12-29 بذریعہ وے بیک مشین
  34. (طبقات ابن سعد قسم اجزء 3 :115)
  35. (طبقات ابن سعد قسم اجزء 3 :115)
  36. الإصابة في تمييز الصحابة - المقداد بن الأسود (2) آرکائیو شدہ 2016-12-29 بذریعہ وے بیک مشین

سانچے

ترمیم

لوا خطا ماڈیول:Navbox_with_columns میں 228 سطر پر: bad argument #1 to 'inArray' (table expected, got nil)۔