اسلامی جمعیت طلبہ
اسلامی جمعیت طلبہ، طلبہ کی ایک تنظیم ہے جو پاکستان کے تعلیمی اداروں میں اسلامی اقدار کی ترویج کے لیے کوشاں ہے جس کا قیام 23 دسمبر 1947ء کو عمل میں آیا تھا۔ جمعیت کے پہلے صدر یعنی ناظم اعلیٰ ظفر اللہ خان کے مطابق انھوں نے 1945ء میں ایک ایسی تنظیم کی ضرورت کو محسوس کیا جو اسلامی خیالات رکھنے والے طلبہ کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرسکے۔ اس مقصد کے لیے انھوں نے 50 طلبہ کو اکٹھا کیا اور مجلسِ تعمیرِ افکارِ اسلامی کے پرچم تلے ان کی اسلامی خطوط پر ذہن سازی کی۔ مئی 1947ء میں متحدہ ہندوستان (پاک و ہند) سے طلبہ دارالسلام پٹھان کوٹ میں جمع ہوئے جہاں یہ فیصلہ کیا گیا کہ پورے خطہ سے اسلامی ذہن رکھنے والے طلبہ کا ایک اجتماع اگست کی تعطیلات میں دہلی میں منعقد کیا جائے گا۔ مگر اس اجلاس سے قبل ہی 3 مئی 1947ء کو ہندوستان کی تقسیم کے منصوبے کا اعلان کر دیا گیا جس کے باعث اس اجتماع کا انعقاد ناممکن ٹھہرا۔
ناظمِ اعلیٰ | حسن بلال ہاشمی |
---|---|
معتمد عام | محمد اسامہ امیر |
معاون معتمد عام |
|
نعرہ | "اللہ اور اس کے رسولﷺ کے بتائے ہوئے طریقوں کے مطابق انسانی زندگی کی تعمیر کے ذریعے رضائے الہی کا حصول" |
تاسیس | 23 دسمبر 1947،لاہور |
صدر دفتر | لاہور، پاکستان |
اخبار | ماہنامہ ہم قدم |
نظریات | اسلامیت، حُب الوطنی |
ویب سائٹ | |
http://www.jamiat.org.pk |
تاسیسی اجتماع
قیام پاکستان کے بعد نومبر 1947ء میں طلبہ سے رابطوں اور اخبارات کے ذریعے اعلان کیا گیا کہ اسلام سے محبت کرنے والے طلبہ کا ایک اجتماع 21 دسمبر 1947ء کو لاہور میں منعقد ہوگا۔ اس کے نتیجے میں 25 طالب علم جمع ہوئے اور یوں 25 دسمبر 1947ء کو اسلامی جمعیت طلبہ کا قیام عمل میں آگیا۔ 21 تا 23 دسمبر جاری رہنے والے اس تین روزہ اجتماع میں شرکاء نے اپنی کارکردگی اور تجربات سے اک دوسرے کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کس طرح تعلیمی اداروں اور طلبہ میں دعوت دین کا کام کر رہے ہیں، اس دوران میں طویل بحث و مباحثہ کے بعد مستقبل کے پروگرام کی منصوبہ بندی کی گئی۔
پہلے اجتماع کے مقررین
اسلامی جمعیت طلبہ کے پہلے اجتماع میں طلبہ کے علاوہ سیدابوالاعلیٰ مودودی، نعیم صدیقی اور عبدالمجید قریشی نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔ مقررین نے اس موقع پر مختلف اسلامی موضوعات پر تقاریر کرتے ہوئے اسلامی اور فلاحی معاشرے کے قیام میں طلبہ کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
نام کی تجویز
تاسیسی اجتماع کے تیسرے روز سیدابوالاعلیٰ مودودی کے خطاب سے قبل ایک مباحثے میں نام کی تجویز کا مسئلہ زیر بحث آیا۔ طلبہ کی خواہش تھی کہ ایک ایسا نام تجویز کیا جائے جو بیک وقت طلبہ، اجتماعیت اور اسلام کا عکاسی کرتا ہو۔ مولانا مودودی سے جب اس بابت رائے لی گئی تو ان کا کہنا تھا کہ تنظیم کا نام انجمنِ نوجوانانِ اسلام رکھا جائے مگر یہ نام طلبہ کو پسند نہ آیا۔ ابھی یہ بحث جاری تھی کہ وہاں سے مولانا نصراللہ خان عزیز (مرحوم) گذرے جن کے استفسار پردرپیش مسئلہ بتایا گیا۔ انھوں نے برجستہ کہا کہ تینوں عناصر کی نمائندگی جو نام کرسکتاہے وہ اسلامی جمعیت طلبہ ہے۔ اس نام کو طلبہ نے بے حد پسند کیا اور یہی نام طے پایا۔ سید مودودی کے تجویز کردہ نام قبول نہ کرنے سے جمعیت کے اندر شورائیت کے نظام یعنی مشورے کی اہمیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے اور اس یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ جمعیت روز اول سے ہی ایک خود مختار طلبہ تنظیم ہے، اس وقت بھی طلبہ کو اتنا حق حاصل تھا کہ وہ سید مودودی کے تجویز کردہ نام کو قبول کرنے سے انکار کرسکیں۔
منشور
اسلامی جمعیت طلبہ کا منشور
- اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق انسانی زندگی کی تعمیر کے ذریعے رضائے الٰہی کا حصول
معاشرے و تعلیمی اداروں پر اثرات
اسلامی جمعیت طلبہ نے تعلیمی اداروں اور طلبہ میں غیر اسلامی نظریات بشمول سرمایہ دارانہ ذہنیت اور کمیونزم کا بھرپور مقابلہ کیا۔ جمعیت نے طلبہ اور تعلیم یافتہ طبقے کے اندر یہ سوچ پروان چڑھائی کہ اسلام آج بھی واحد ذریعہ نجات ہے اور قرآن و سنت ہمارے تمام مسائل کا حل ہے۔
ادارے اور شعبہ جات
اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان نے کئی شعبے اور ادارے قائم کیے ہیں۔ جن میں نمایاں ادارہ مطبوعات طلبہ ، ماہنامہ ہم قدم لاہور ،شعبہ امور خارجہ، شعبہ تجزیہ وتصنیف ، شعبہ تجزیہ و تحقیق شامل ہے۔[1]
طلبہ حقوق کے لیے جدوجہد
جمعیت نے طلبہ حقوق کے لیے طویل جدوجہد کی اور اس کے لیے بے شمار قربانیاں دیں، جن میں خواتین یونیورسٹی کا قیام، مخلوط نظام تعلیم کا خاتمہ، اسلامی نظام تعلیم کا نفاذ، تعلیمی اداوں میں نئے آنے والے طلبہ کو فول ڈے کے نام پر تضحیک کا نشانہ بنانے کی روک تھا شامل ہیں۔ مختلف تعلیمی اداوں میں طلبہ کو سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی تنظیم نے جدوجہد کی اور تعلیمی اداروں میں بدعنوانیوں کو بے نقاب بھی کیا اور اس کی روک تھام کے لیے جدوجہد کی۔ مسائل اور مطالبا کے حوالے سے چارٹر آف ڈیمانڈ کے نام سے مطالبات کی فہرست مرتب کی جاتی رہی اور طلبہ میں جائز اور قانونی حقوق کے حصول کے لیے شعور کو بیدار کیا گیا۔
مفت تعلیم
جمعیت نے کئی مقامات پر طلبہ کے لیے مفت ٹیوشن اور امتحانات کی تیاری کے لیے تجربات کا انتظام بھی طویل عرصے شروع کر رکھا ہے۔
اسلامی نظام کی حمایت
پاکستان میں جب اسلامی سیاسی جماعتوں نے 1953ء میں اسلامی آئین کے لیے جدوجہد کا آغاز کیا تو جمعیت نے اس کی بھر پور حمایت کی اور اس کے لیے ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں دستخطی مہم چلائی گئی۔ اسی سال جمعیت نے طلبہ کی فلاح کے لیے بھی مہم شروع کی۔
امریکا سے معاہدے کی مخالفت
جمعیت نے 1953ء میں ہونے والے پاک امریکا فوجی تعاون کے معاہدے کے خلاف بھی مہم چلائی اور اس معاہدے کو آئندہ پاکستان کی بقاء اور آزادی و خود مختاری کے خلاف سمجھتے ہوئے اس کی بھرپور مخالف کی۔
پہلی کامیابی
جمعیت نے 1954ء میں یونین کے الیکشن میں پہلی کامیابی کراچی کے اردو سائنس کالج میں طلبہ یونین کا انتخاب جیت کر حاصل کی، اسی برس مصر میں اسلامی تنظیم اخوان المسلمین کے رہنماؤں پر ہونے والے انسانیت سوز مظالم پر بھی طلبہ نے جمعیت کے پلیٹ فارم سے احتجاج کیا۔
جمعیت کے قومی سیاست پر اثرات
اسلامی جمعیت طلنہ نے اسلامی فکر رکھنے والے طلبہ کی ایک بہت بڑی تعداد کو طلبہ کے پلیٹ فارم سے تربیت فراہم کی جو آج پاکستان کی مختلف سیاسی اور مذہبی جماعتوں میں شامل ہوکر ملک و قوم کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔ جمعیت طلبہ پر بعد از تعلیم کسی بھی مخصوص سیاسی جماعت بشمول جماعت اسلامی میں شمولیت کی پابندی عائد نہیں کرتی نہ ہی ان سے کوئی وعدہ لیا جاتا جس کے باعث جمعیت کے سابقین آج پاکستان کی مختلف سیاسی جماعتوں میں شامل ہیں جن میں سے چند کے نام ذیل کی فہرست میں درج ہیں۔
چند مشہور شخصیات کی مختصر فہرست
- جنرل حمید گل،سابق سربراہ آئی ایس آئی
- کیپٹن کرنل شیر خان شہید (نشان حیدر)،کارگل کے محاذ پر حکومتی فیصلے کے برخلاف ہتھیار پھینکنے سے انکار کرنے والے پاک فوج کے جرات مند سپاہی، جسے ہندوستان کے فوجی جنرل نے بھی اس کی جرات پر سیلوٹ کیا۔
- جاوید ہاشمی،سابق وفاقی وزیر، ممبر قومی اسمبلی و مرکزی نائب صدر مسلم لیگ (ن)۔
- سید منور حسن، سابق ممبر قومی اسمبلی و امیر جماعت اسلامی پاکستان
- ڈاکٹر اسرار احمد، معروف مذہبی اسکالر
- خرم مراد، بیت اللہ کی تعمیر کی سعادت اور فرش کا منفرد ٹھنڈا ماربل تلاش و پیوست کرنے والے معروف انجینیر، بانی ینگ مسلمز برطانیہ۔
- احسن اقبال، سابق وفاقی وزیر، سیکریٹری اطلاعات مسلم لیگ (ن)
- لیاقت بلوچ، سابق ممبر قومی اسمبلی، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان
- پروفیسر خورشید احمد، سینیٹر، سابق وفاقی وزیر و نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان
- سید علی گیلانی،چئیرمین حریت کونسل، جموں و کشمیر، امیر جماعت اسلامی جموں و کشمیر
- عامر چیمہ، جرمنی میں توہین رسالت پر احتجاج کرنے والا اور اس کی پاداش میں جیل کے اندر مبینہ طور پر قتل کیا جانے والا نوجوان۔
- اوریا مقبول جان،دیانت داری سے شہرت پانے والا پاکستانی بیوروکریٹ اور معروف کالم نگار و دانشور
- ظہور نیازی،ایڈیٹر روزنامہ جنگ لندن۔
- خالد مسعود خان، مزاحیہ شاعر، کالم نویس، دانشور
- احمد حسن، ایڈیٹر جنگ کراچی
- طاہر عزیز خان ، ایڈیٹر جنگ کراچی
- ادریس بختیار، معروف صحافی بی بی سی اردو و ڈان ٹی وی
- اے ایچ خانزادہ، سیکریٹری جنرل کراچی پریس کلب
- نجیب احمد، صدر کراچی پریس کلب
- زبیر منصوری، رہنما کراچی یونین آف جرنلسٹ (دستوری)
- حسین حقانی، امریکا میں پاکستانی سفیر
- ڈاكٹر مسعود محمود خان، عالمی ایوارڈ یافتہ انجینئر، سابق سیکریٹری جنرل پاسپان اور آسٹریلیا میں نامور پاکستانی انجینئر
- میاں محمد عامر، ناظم لاہور شہر و رہنما مسلم لیگ (ق)
- الطاف شکور، نوجوانوں کی غیر سیاسی فلاحی تنظیم پاسبان پاکستان کے مرکزی صدر
ناظمین اعلیٰ
نمبر شمار | نام | مدت | تعلیم | تعلیمی ادارہ |
---|---|---|---|---|
1 | ظفراللہ خان | دسمبر 1947تا اکتوبر 1950 | ایم اے اسلامیات | اسلامیہ کالج لاہور |
2 | محمد نسیم | نومبر 1950 تا ستمبر1950 | ایم بی بی ایس | کنگ ایڈورڈ کالج لاہور |
3 | خرم مراد | اکتوبر 1951تا اکتوبر1952 | این ای ڈی انجینئری یونیورسٹی کراچی | |
4 | ڈاکٹراسرار احمد | نومبر1952تا جولائی 1953 | ایم بی بی ایس | کنگ ایڈورڈ کالج لاہور |
5 | سید مراد علی شاہ | نومبر1953تا اکتوبر1953 | ایم بی بی ایس | کنگ ایڈورڈ کالج لاہور |
6 | خورشید احمد | نومبر1953تا ستمبر1955 | ایم اے معاشیات | کراچی یونیورسٹی |
7 | حُسین خان | اکتوبر1955تا دسمبر1956 | ایم اے معاشیات | کراچی یونیورسٹی |
8 | ابصار عالم | جنوری 1957تا اکتوبر 1956 | ایم اے تاریخ | کراچی یونیورسٹی |
9 | حُسین خان | نومبر1958تانومبر 1958 | ایم اے معاشیات | کراچی یونیورسٹی |
10 | محبوب علی | دسمبر1962تا نومبر1964 | ایم اے سیاسیات | کراچی یونیورسٹی |
11 | سید منور حسن | دسمبر1964تا نومبر1967 | ایم اے سوشیالوجی | کراچی یونیورسٹی |
12 | محمد کمال خان | نومبر 1967تا نومبر1969 | ایم بی بی ایس | خیبر میڈیکل کالج پشاور |
13 | مطیع الرحمٰن نظامی | نومبر 1969تا ستمبر1971 | ایم اے اسلامیات | ڈھاکہ یونیورسٹی |
14 | تسنیم عالم منظر | 1971تا اگست1972 | این ای ڈی انجینئری یونیورسٹی کراچی | |
15 | ظفر جمال بلوچ | 1972تا ستمبر 1975 | ایل ایل بی | اُردو لا کالج کراچی |
16 | عبد المالک مجاہد | 1975تا ستمبر 1977 | ایم اے سیاسیات | کراچی یونیورسٹی کراچی |
17 | لیاقت بلوچ | 1977تا اگست 1979 | ایم اے صحافت | پنجاب یونیورسٹی لاہور |
18 | شبیر احمد خان | ستمبر1979تا ستمبر1982 | قانون | اسلامیہ لا کالج کراچی |
19 | معراج الدین خان | اکتوبر 1982 تا جون 1984 | قانون | اسلامیہ لا کالج کراچی |
20 | اعجاز احمد | جولائی 1984تا اگست1984 | سول انجینئری | انجئیرنگ یونیورسٹی لاہور |
21 | راشد نسیم | 1986تا اگست 1986 | ایم اے سیاسیات | کراچی یونیورسٹی کراچی |
22 | امیر العظیم | اکتوبر 1986تا ستمبر1988 | ایم بی اے | پنجاب یونیورسٹی |
23 | سراج الحق | 1988تا ستمبر1991 | ایم اے ایجوکیشن | پنجاب یونیورسٹی لاہور |
24 | اظہار الحق | اکتوبر1991تا ستمبر1993 | این ای ڈی انجینئری یونیورسٹی کراچی | |
25 | اویس قاسم | اکتوبر 1993تا جنوری1995 | ایم اے صحافت | پنجاب یونیورسٹی لاہور |
26 | سید وقاص انجم جعفری | فروری 1995تا جنوری 1996 | ایم اے ایجوکیشن | پنجاب یونیورسٹی لاہور |
27 | حافظ نعیم الرحمٰن | فروری 1996تا فروری2000 | این ای ڈی انجینئری یونیورسٹی کراچی | |
28 | مشتاق احمدخان | فروری 2000تا فروری2002 | ایم ایس سی فزکس | پشاور یونیورسٹی کراچی |
29 | محمد نوید انور | فروری 2002 تا فروری 2004 | کیمیکل انجینئری | انجینئری یونیورسٹی کراچی |
30 | زبیر احمد گوندل | فروری 2004تا فروری 2006 | ایم اے اسلامیات | پنجاب یونیورسٹی لاہور |
31 | نصراللہ گورائیہ | فروری 2006تا فروری2008 | ایم اے ایجوکیشن | پنجاب یونیورسٹی لاہور |
32 | عتیق الرحمٰن | فروری 2008تا فروری 2010 | ایم اے ،ایل ایل بی | پشاور یونیورسٹی پشاور |
33 | سید عبد الرشید | فروری 2010تا فروری 2012 | ایم اے ،ایل ایل بی | لا کالج کراچی |
34 | محمد زبیر صفدر | فروری 2012تا فروری2014 | ایم بی اے | بارانی یونیورسٹی راولپنڈی |
35 | محمد زبیر حفیظ | فروری 2014تا فروری 2016 | ایل ایل ایم | سپیریئر یونیورسٹی |
36 | سید صہیب الدین کاکا خیل | فروری 2016تا فروری 2018 | ایم اے سوشیالوجی | پشاور یونیورسٹی |
37 | محمد عامر | فروری 2018تا فروری 2020 | ایم فل ڈویلپمنٹ سٹڈیز | اقرا یونیورسٹی اسلام آباد |
38 | حمزہ محمد صدیقی | فروری2020تا فروری 2022 | ایم ایس سی ماس میڈیا | کراچی یونیورسٹی |
39 | شکیل احمد [3] | فروری 2022-تا فروری 2024 | ایم فل سیاسیات | قرطبہ یونیورسٹی پشاور |
40 | سید حسن بلال ہاشمی[4][5] | فروری 2024 - تا حال | پی ایچ ڈی ایگریکلچرل سائنس | بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان |
مزید دیکھیے
حوالہ جات
- ↑ تنویر اللہ خان۔ "اسلامی جمعیت طلبہ"۔ جسارت۔ جسارت سنڈے میگزین
- ↑ عدیل چودھری۔ "نظامت اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان"۔ روزنامہ جسارت
- ↑ "شکیل احمد 40 ویں ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان منتخب"۔ ڈی رپورٹرز
- ↑ "حسن بلال ہاشمی اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ منتخب"۔ روزنامہ پاکستان۔ 26 فروری 2024۔ اخذ شدہ بتاریخ 1 مارچ 2024
- ↑ "حسن بلال ہاشمی اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ منتخب"۔ روزنامہ جسارت۔ 26 فروری 2024۔ 01 مارچ 2024 میں اصل سے آرکائیو شدہ۔ اخذ شدہ بتاریخ 01 مارچ 2024