ویکیپیڈیا:ایک لاکھ مضامین
215.7% اب تک 215,724 مضامین اردو ویکیپیڈیا پر لکھے جا چکے ہیں۔
متناسق عالمی وقت کے مطابق اردو ویکیپیڈیا نے مورخہ 29 دسمبر 2015ء بروز منگل بوقت 18 بج کر 25 منٹ پر ایک لاکھ مضامین کا اہم ترین سنگ میل عبور کیا۔ اس موقع پر اردو ویکیپیڈیا کی جانب سے اس کے تمام صارفین اور منتظمین کو دلی مبارکباد اور اس سنگ میل کے عبور کرنے میں ان کی انتھک محنت، جدوجہد اور کاوشوں پر صدہا آفرین۔
ویکیپیڈیا انسانی تاریخ کا عظیم ترین اور وسیع ترین علمی دائرۃ المعارف تیار کرنے کی ایک تحریک ہے، ایسا دائرۃ المعارف جو بیک وقت مختلف الجہات، متعدد الفنون اور کثیر الالسنہ بھی ہو نیز تعلیم یافتہ افراد اور کم پڑھے لکھے قارئین ہر دو طبقہ کے لیے یکساں مفید بھی۔ اس منصوبہ کی ابتدا جنوری 2001ء میں ہوئی، جبکہ اس تحریک کے پرچم تلے اردو زبان نے اپنی ویکیپیڈیا کا آغاز جنوری 2004ء میں کیا۔ اردو ویکیپیڈیا نے اپنے آغاز ہی سے خاصا سرد و گرم ماحول دیکھا اور انتہائی صبر آزما مراحل سے دوچار رہا، آج جو اردو ویکیپیڈیا ہمارے سامنے ہے یہ ان افراد کی بے پناہ قربانیوں کا صلہ ہے جن کی زندگی کی اولین ترجیح اردو ویکیپیڈیا کی ترقی رہی، اور اس راہ میں ان افراد نے اپنے مال و زر اور وقت و صلاحیتوں کو بے دریغ استعمال کیا۔ ہمیں افسوس ہے ان دیرینہ رفقا میں سے بیشتر ساتھی اب اس علمی قافلہ کے ہم سفر نہیں رہے اور غم روزگار نے انہیں اس کاروان علم کے ہم رکاب نہ رہنے دیا۔ ان رفقاء گرامی میں بانی اردو ویکیپیڈیا اعلی حضرت شمس الدین محمد، سیف اللہ ثاقب سعود، سمرقندی اور فہد کیہر سرفہرست ہیں، ان کے علاوہ بھی صارفین و منتظمین کی ایک بڑی تعداد ہے جو اب متحرک نہیں رہی۔ اردو ویکیپیڈیا ان بچھڑے ساتھیوں کے تئیں گہرے رنج کا اظہار کرتا ہے اور ان کے لیے دست بدعا ہے کہ وہ زندگی کے تمام مراحل میں سرخرو اور کامیاب ہوں اور زندگی انہیں اتنی فرصت مہیا کردے کہ وہ دوبارہ لیلائے ویکیپیڈیا کی گیسوؤں کو سنوارنے کے لیے یہاں وارد ہوں اور اپنی مفید و تعمیری سرگرمیوں کو جاری کر سکیں۔
خوشی کے اس موقع پر اردو ویکیپیڈیا اپنے تمام رفقاء کار سے دست بستہ گذارش کرتا ہے کہ خدارا ماضی کی تمام تلخ یادوں اور مباحثات کو فراموش کر کے نئے عزم و استقلال اور تازہ ولولوں کے ساتھ ایک بار پھر اس منصوبہ کے ہمنوا بنیں اور اس دائرۃ المعارف کو اردو زبان کا منفرد موسوعہ بنانے میں تعاون فرمائیں، ہماری آنے والی نسلیں اس منصوبہ سے استفادہ کر کے ہماری شکرگزار ہو گی۔ ہمیں امید ہے جملہ صارفین و منتظمین اس پر مسرت موقع سے لطف اندوز ہونگے اور کسی طرح کی تلخی کو اب روا نہ رکھیں گے۔
اطلاع: تمام احباب سے گذارش ہے درج ذیل طریقہ پر ان لمحات کے متعلق اپنے تاثرات کو قلمبند فرمائیں، آپ کے یہ تاثرات اردو ویکیپیڈیا کی تاریخ میں محفوظ ہوکر امر بن جائیں گے۔
اپنا تاثراتی پیغام درج کرنے سے قبل اپنے پیغام کا مناسب سا عنوان درج کریں، پھر پیغام اور تاثرات درج کریں، نیز اردو ویکیپیڈیا کی ترقی وترویج کے لیے مناسب تجاویز بھی تحریر کرسکتے ہیں، اس کے بعد اپنی دستخط لازماً شامل کریں۔
خیال سے حقیقت تک!
پسند-تمام اردو دنیا کے لیے آج ایک اہم دن ہے، جب اردو زبان کے آن لائن سب سے بڑے دائرۃ المعارف نے ایک لاکھ مضمون مکمل کیے ہیں۔ سب ویکی صارفین کو بہت مبارک باد، جنہوں نے رات دن کام کیا؛ ان کو بھی، اور ان کو بھی مبارک باد؛ جنہوں نے صرف تنقید کی، جس سے ہمیں حرارت ملتی رہی، ہم آگے بڑھتے رہے، اور آج ہم نے اس علمی دنیا میں ایک سنگ میل عبور کیا ہے۔ سب کا شکریہ! ان سب کا؛ جو یہاں ایک دن ہی آئے، ان سب کا؛ جنہوں نے صرف ایک ہی ترمیم کی، ان سب کا بھی؛ جنہوں نے صرف پڑھنے تک خود کو محدود رکھا۔ ہمارا مقصد صرف ایک ہے، کہ ہم اردو میں مستند مواد با حوالہ، بلا تعصب؛ مفت ہر ایک اردو پڑھنے والے تک پہنچائیں۔--Obaid Raza (تبادلۂ خیال • شراکتیں) 19:32, 29 دسمبر 2015 (م ع و)
ناقابل یقین
یقین ہی نہیں ہوتا کہ اردو ویکیپیڈیا بھی دنیا کی بڑی ویکیپیڈیاؤں کے صف میں شامل ہو گیا ہے۔ یوں لگ رہا ہے جیسے ابھی کل ہی کی بات ہے جب میں نے دیوان عام پر یہ دہائی دی تھی اور شمع اردو کے پروانوں نے ایک لاکھ مضامین کا سنگ میل عبور کر کے مجھ کو یہ باور کرنے پر مجبور کر دیا کہ اردو زندہ ہے اور اس کے متکلمین باحوصلہ ہیں۔ میں اس موقع پر اپنی خوشی کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا، میرے پاس ایسے الفاظ ہی نہیں۔ بس آخری میں ان تمام احباب کی خدمت میں سلام پیش کرتا ہوں جن کی کاوشیں دراصل اس سنگ میل کی تکمیل کا باعث بنیں۔ طاہر محمود، عبید رضا، ساجد امجد، امین اکبر، مزمل الدین سید، عارف سومرو، عثمان خان، علی نقی، ابو السرمد یوسف اور عرفان ارشد صاحبان کو خصوصی طور پر مبارکباد، کہ یہ وہ قافلہ ہے جس کے بغیر یہ سنگ میل عبور کرنا محض ایک خواب تھا۔ بار الہا، یہ تیرے مخلص بندے اپنی زبان کی ترقی کے لیے دن رات کوشاں ہیں، تو ان مخلصین میں مجھے بھی شامل فرما کر ان کی کاوشوں اور قربانیوں کو ہم سب کے لیے وسیلہ نجات بنا دے، آمین! :)
—خادم— 21:02, 29 دسمبر 2015 (م ع و)
لاکھ گھنٹوں میں لاکھ مضمون
دس سال میں 50 ہزار کا ہدف پورا ہوا تھا اور دو سال میں ایک لاکھ ۔ بڑے لوگوں نے بڑا کام کیا ہے۔ آج 29 دسمبر 2015ء کا دن یادگار رہے گا۔ سب احباب کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد۔ (اردو کا پہلا مضمون ایک لاکھ گھنٹے دو لاکھ منٹ اور نو لاکھ سیکنڈ قبل لکھا گیا تھا۔ فی مضمون ایک گھنٹہ 2 منٹ نو سیکنڈ۔) علی نقی (تبادلۂ خیال • شراکتیں) 22:45, 29 دسمبر 2015 (م ع و)
- - --Obaid Raza (تبادلۂ خیال • شراکتیں) 04:57, 30 دسمبر 2015 (م ع و)
بہت خوشی ایک لاکھ مضامین پورے ہونے پر
آج اردو ویکی پر ایک لاکھ مضامین پورے ہونے پر بہت خوشی ہوئی اللہ پاک نے آپ سب کی خدمتوں کو ضایہ ہونے نہیں دیا اور دسمبر ختم ہونے سے پہلے ئی سنگ میل پورا ہوگیا مجھے اس بات کا افسوس ہے کہ مینے بہت عرصے سے اردو ویکی پر مضامین نہیں لکھے ہیں.. پر ماشاءاللہ بہت سارے جدید صارفین بھی متحرک ہوگئے ہیں بہت خوشی ہو رہی ہے اللہ پاک آپ سب کو ہمیشہ ایسے ئی رکھے اور ہمیشہ خوش رکھے آمین..--محمد مجیب (تبادلۂ خیال • شراکتیں) 04:08, 30 دسمبر 2015 (م ع و)
- آپ ایک کام کریں، سندھی ویکی پر اردو ویکیپیڈیا کا مضمون بنائیں۔ ویکی اصول کے مطابق ہر ایک ویکی کا الگ الگ مضمون بن سکتا ہے۔--Obaid Raza (تبادلۂ خیال • شراکتیں) 04:55, 30 دسمبر 2015 (م ع و)
- عبید بھائی وہ تو پہلے سے ئی موجود ہے یہ دیکھیے اردو وڪيپيڊيا--محمد مجیب (تبادلۂ خیال • شراکتیں) 16:32, 30 دسمبر 2015 (م ع و)
یہ انعام ہم سب کے لیے ہے
خوشی ہے کہ اردو ویکیپیڈیا کے ایک لاکھ مضامین مکمل ہوئے ہیں۔ یہ انعام ہم سب کے لیے ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ میں ایک ادنیٰ معاون ہوں۔
اب ہمیں معیارومعلومات کے اضافے پر زور دینا چاہیے۔
ساتھ ہی متن کو غیر جانبدار بنانا چاہیے، بالخصوصی مذہبی اور سیاسی معاملوں میں۔
--مزمل (تبادلۂ خیال • شراکتیں) 05:02, 30 دسمبر 2015 (م ع و)
سنگ میل
اس پر مسرت موقع پر جب تمام ویکی پیڈین خوشی سے سرشار ہیں کہ ایک بہت بڑا ہدف ایک لاکھ مضامین کا حاصل ہو چکا میں دلی مبارکباد دیتا ہوں ان حضرات کو جوواقعی مبارکباد کے مستحق ہیں لیکن یہ منزل نہیں ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے ۔ اب میری گذارش ہے کہ تعداد کو چھوڑ کر معیار کو سنگ میل بنائیں ایسے مضامین جن کی ضرورت نہیں کنارہ کشی اختیار کریں جو دراصل دائرۃ المعارف کو ہگن ہٹی بناتے ہیں (مثلاً 6 سے پہلے 5 اور بعد میں7 آتا ہے ایسے مضامین لکھ کر کیا بتانا چاہتے ہیں)--ابو السرمدمحمد یوسف (تبادلۂ خیال • شراکتیں) 05:17, 30 دسمبر 2015 (م ع و)
دل سے جو بات نکلتی ہے اثر رکھتی ہے
السلام علیکم، ایک لاکھ مضامین مکمل ہونے پر جتنی خوشی مجھے ہو رہی ہے میں الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا۔ میں نے (جب جب موقع یا وقت ملا) اپنی زندگی میں ہمیشہ اردو ویکیپیڈیا کو ایک خاص اہمیت دی ہے۔ میں نے اس کی ترقی کے لئے جتنا بن پڑا کیا اور الحمد للہ میں بھی اس کارواں میں شامل ہوں جو اس ویکیپیڈیا کو اپنے کندھوں پر سوار کر کے آگے کی جانب لے جانے کے لئے کوشاں ہیں۔ اس موقع پر سابقین جو اب اس ویکیپیڈیا پر فعال نہیں ہے اور بانیان ہیں ان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں خصوصا سمرقندی، فہد کیہر، کاشف عقیل کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اس کے علاوہ موجود جتنے بھی فعال منتظمین اور صارفین ہیں وہ اس اردو کے اس پودے کو تناور درخت بنانے میں برابر کے شریک ہیں۔ میری طرف سے لاکھ مضامین مکمل ہونے پر لاکھ لاکھ مبارکباد۔ فائل:Smile.PNG ساجد امجد ساجدپیغام لکھئے 06:38, 30 دسمبر 2015 (م ع و)
ناممکن، ممکن ہوگیا
آخر اردو ویکیپیڈیا کو اسکی ٹیم و کارکنان نے دنیا کے بڑے ویکیپیڈیاؤں میں شامل کر کے دکھادیا۔ تقریبا ڈیڑھ سال پہلے جب دیگر بڑے ویکیپیڈیاؤں کو دیکھا تو دل میں خواہش ابھری کہ کاش اردو ویکیپیڈیا بھی اس فہرست میں شامل ہوجائے۔ مگر اس وقت ناتجربہ کا ر افرادی قوت کا فقدان دیکھ کر یہ بات ناممکن نظر آتی تھی کہ اردو ویکی کی قسمت میں ایسے محنت کرنے والے افراد بھی ہوں گے جنہیں ایک ہدف ملا جو انہوں ممکن بنا کر دکھادیا۔ یہاں چند ایک افراد ایسے ہیں جنہیں اس ساری کامیابی کا کریڈٹ جاتا ہے۔ جنہوں نے رات دن ایک کر کے ارود ویکی پیڈیا کو صف اول میں لاکھڑا کیا۔ ان کی محنت کی بدولت آج اردوویکیپیڈین کا سر فخر سے بلند ہوا۔ ان میں منتظمین محمد شعیب، امین اکبر ،علی نقی، ساجد امجد ساجد، احمد نثار، عبید رضا، عثمان خان، Drcenjary، مزمل، طاہر محمود، خاورkhawar اور محمد عارف سومرو قابل ذکر ہیں۔ میری جانب ان احباب گرامی قدر اور تمام متحرک و غیر متحرک صارفین کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارک ہو۔۔۔“
امید ہے کہ ان کا سایہ رہا تو اردو ویکیپیڈیا کبھی پیچھے نہیں رہ سکے گا اور سب سے بڑا ویکیپیڈیا گردانا جائے گا۔
--ترویج اردو (تبادلۂ خیال • شراکتیں) 07:02, 30 دسمبر 2015 (م ع و)
مبارکباد!
تمام احباب اردو ویکیپیڈیا پر ایک لاکھ مضامین پورے ہونے پر مبارکباد قبول کریں۔ ایک چیز، جب میں ویکیپیڈیا پر متحرک ہوا کرتا تھا تب (بیس ہزار کا ہدف سامنے تھا) اور آج بھی (جب مضامین ایک لاکھ ہو چکے ہیں)، میں یہی سوچتا ہوں کہ اس خزینے کا استعمال کیا ہے؟ اگر ہم اس بابت کچھ شائع کر سکیں، یعنی اگر ہمیں اعداد و شمار سے معلوم ہو سکے کہ ادارت اور بوٹ فنکشن کے علاوہ کتنے لوگ ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر اردو ویکیپیڈیا سے استفادہ حاصل کرتے ہوں؟ اسی طرح، میرے خیال میں ہمیں لوگوں کو اب ویکیپیڈیا میں حصہ ڈالنے کی دعوت کی بجائے، اس کے استعمال کی طرف راغب کرنا چاہیے۔ آپ تمام احباب کو اس سنگ میل پر مبارکباد! --عمر احمد بنگش (تبادلۂ خیال • شراکتیں) 07:11, 30 دسمبر 2015 (م ع و)
شاباش اور مبارکباد
ایک لاکھ مضامین کا سنگ میل عبور کرنے پر تمام ساتھیوں کو شاباش اور مبارکباد --Zaheeruddin25 (تبادلۂ خیال • شراکتیں) 07:21, 30 دسمبر 2015 (م ع و)
ﻣﺠﮭﮯ ﻓﺨﺮ ﮨﮯ ﮐﮧ ﻣﯿﮟ ﺍﺭﺩﻭ ویکیپیڈیا ﺻﺎﺭﻑ ﮨﻮں
آپ سبھی احباب کو میری جانب سے سلام پیش خدمت ہے سب سے پہلے ۔ایک لاکھ مضامین ہونے کے مبارک موقع پر دلی مبارک باد قبول فرمایئے ۔مجھے فخر ہے کہ میں ایک اردو ویکیپیڈیا صارف ہو۔ میں ہندوستان کے صوبہ اتر پردیش کے ضلع بہرائچ سے ہو میں شمالی ہند سے اردو ویکیپیڈیا پر چند ہندوستانی صارف میں سے ہو اور مجھے پہلے ایک لاکھ مضامین میں اپنے مضامین ہونے پر بھی فخر ہے ۔میری کوشش یہ رہی کی میں خود اپنے آس پاس موجود ادبی شخصیات سے مل کر ان کے بارے میں جانکاری ایکجاکیا اور اسے اردو ویکیپیڈیا پر شامل کیا ۔ میرے کچھ مضامین ادھورے بھی ہے جسے میں جانکاری حاصل کر کے پورا کرنے کی برابر کوشش کر رہا ہوں ۔ --Faranjuned (تبادلۂ خیال • شراکتیں) 12:25, 30 دسمبر 2015 (م ع و)
مبارک باد
ایک لاکھ اردو مضامین کا ہدف عبور کرنے پر میری طرف سے تمام اردو لکھاریوں، منتظمین، ویکیپیڈین اور اردو دوست ساتھیوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد قبول ہو --رحمت عزیز چترالی 13:28, 30 دسمبر 2015 (م ع و)
اردو کی کامیابی
اردو وکیپیڈیا پر ایک لاکھ مضامین کا ہدف پورا ہونے پر تمام اہلِ وکی کو بہت بہت مبارک فیروز اردووالا Fairoz Kerala (تبادلۂ خیال • شراکتیں) 15:31, 30 دسمبر 2015 (م ع و)
بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ ور پیدا
تمام ساتھیوں کو بہت بہت مبارک ہو۔ اردو ویکیپیڈیا کے منتظمین و صارفین قابل تعریف ہیں جنہوں نے اس مرتبہ اتنا بڑا ہدف اتنے کم وقت میں پورا کرنے میں ویکیپیڈیا کے ساتھ فراخدلی سے تعاون کیا۔ اس سے نہ صرف آپ دوستوں کی اردو ویکیپیڈیا سے محبت کا اظہار ہوتا ہے، بلکہ اس سے آپ کا ہماری اردو کی ترویج کی کاوشوں پر اعتماد کا اظہار بھی ہوتا ہے۔ اردو ویکیپیڈیا برادری شاید چند برادریوں میں سے ہے جہاں بڑے مثبت انداز میں مختلف چیزوں پر بات چیت ہوتی ہے اور جب لوگ اردو ویکیپیڈیا آتے ہیں اور یہاں کا اچھا ماحول دیکھتے ہیں تو ان کو یہ امید ہوجاتا ہے کہ ہاں یہاں اگر کام کیا جائے تو اسے قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ اور اردو ویکیپیڈیا کے اچھے ماحول کی وجہ سے ہی اردو ویکیپیڈیا برصغیر پاک و ہند کے دیگر زبانوں والے ویکیپیڈیاؤں میں خصوصی امتیاز رکھتی ہے۔ اردو ویکیپیڈیا کے تمام صارفین ایک لاکھ مضامین مکمل ہونے پر مبارکباد کے مستحق ہیں خاص کر وہ شخصیات جنہوں نے اپنی زندگی کا ایک بہت بڑا حصہ ویکیپیڈیا کی بہتری کے لیے صرف کر کے دن رات محنت کی اور اردو ویکیپیڈیا کو اتنے بڑے ویکیپیڈیاؤں کے صف میں لا کھڑا کیا۔ اب آگے ان مضامین کے معیار پر خصوصی توجہ دی جائے ۔اور اگر ان میں سانچہ جات،زمرہ جات ،وغیرہ پر توجہ دی جائے تو مضامین میں چار چاند لگ جائیں گے۔--✿عثمان خان||تبادلہ خیال✿ 16:25, 30 دسمبر 2015 (م ع و)
تیرے سامنے آسماں اور بھی ہیں
اردو ویکیپیڈیا کو ایک لاکھ مضامین مکمل کرنے پر مبارک باد پیش کرتے ہیں . کسے معلوم تھا کہ اردو ویکیپیڈیا بھی آہستہ آہستہ ترقی کی منزلیں طے کرتا ہوا اس مقام تک اتنی جلدی پہنچ جاۓ گا مگر اب ہمارے سامنے دروازے کھل چکے ہیں اب بنا پیچھے دیکھے اپنی سمت اپنی منزل مقصود تک پہنچنا ہے اور اردو کا اس کا وہ نمایاں کردار دوبارہ اپنی سرزمین پر رائج کرنا ہے جس سے ہم دور ہوتے چلے جا رہے ہیں .
Sayam asjad (تبادلۂ خیال • شراکتیں) 21:33, 30 دسمبر 2015 (م ع و)
ایک لاکھ مضامین۔ خواب سے حقیقت تک
تمام صارفین، منتظمین اور ویکیپیڈیا کی ٹیم کواردو ویکیپیڈیا پر ایک لاکھ مضامین کے سنگِ میل حاصل کرنے پرمبارک باد ہو۔ امید ہے مستقبل میں بھی تمام صارفین و منتظمین اسی جانفشانی سے کام کرتے رہیں گے اور اردو ویکیپیڈیا کے معیار کو بلند سے بلند تر کرنے میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔ نیازمند--محمد عارف سومرو (تبادلۂ خیال • شراکتیں) 04:22, 31 دسمبر 2015 (م ع و)
دوسرا سنگ میل
اس سنگ میل کے وقت پر حصول کے لیے میں تمام اردو ویکیپیڈیا کے صارفین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پچھلے سال ہم نے اپنا پہلا ہدف 50,000 اور دوسرا ہدف 100.000 مکرر کیا تھا۔ دونوں اہداف کی تکمیل پر میں انتہائی مسرت کے ساتھ سب ساتھیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ لیکن ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں۔ --طاہر محمود (تبادلۂ خیال • شراکتیں) 05:00, 31 دسمبر 2015 (م ع و)
کارنامہ
اُردو ویکیپیڈیا کے تمام صارفین خاص کر وہ جو ابھی فعال ہیں یا ماضی میں کبھی فعال رہے ہیں، اس عظیم کارنامے پر بے حد مبارک باد کے مستحق ہیں۔ یہ ایک بہت بڑی کام یابی ہے، اور مجھے فخر ہے کہ میں اس وقت اُردو ویکیپیڈیا کا حصہ ہوں۔ اب ہمیں چاہیے کہ مضامین کی تعداد بڑھانے کے ساتھ ساتھ موجودہ مضامین کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دیں، تاکہ یہاں مقدار کے علاوہ معیار بھی نظر آئے۔ ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں! ابھی عشق کے امتحاں اور بھی ہیں! --عمار ابنِ ضیا (تبادلۂ خیال • شراکتیں) 05:27, 31 دسمبر 2015 (م ع و)
قومی زبان اورویکیپیڈیا
میری طرف سے تمام اردوویکیپیڈیاٹیم کو بہت بہت مبارک باد قبول ہو۔اللہ پاک آپ کو اوراردوویکیپیڈیا کو کامیابی وکامرانی عطافرمائے۔۔۔۔۔آمین۔۔۔۔۔۔ آپ تمام دوستوں کا بہت بہت شکریہ کہ آپ نے ہم جیسے ناچیز اردودان طبقہ کے لیے ایک بہترین انسائیکلوپیڈیا اردوزبان میں تخلیق کر کے شاندارکارنامہ سرانجام دیاہے۔اللہ پاک اس کا اجرآپ کو روزقیامت جنت کی صورت میں عطافرمائے۔۔۔۔۔آمین۔۔۔۔۔ فرحان اشرف۔سٹی پولیس اسٹیشن ہارون آباد
امید کہ ایسی شرمناک چیزیں آئندہ پڑھنے میں نہ آئیں:
- In Russia, whenever Pakistani diplomats and dignitaries are invited to deliver speeches and attend get-togethers, they always speak in English. Compare this with the Indian guests- (former Indian PM) Vajpayee was recently visiting for instance- and they can always be heard delivering speeches and speaking in Hindi. My friend, David Matthews, who teaches Urdu in London, once recounted how he’d accompanied a group of students for a mixer at the Pakistani embassy and all through the evening they didn’t hear a single word uttered in Urdu. He couldn’t help being dismayed when his students asked him with sardonic surprise which country’s embassy he’d brought them to.حوالہ --مزمل (تبادلۂ خیال • شراکتیں) 12:54, 1 جنوری 2016 (م ع و)
ایک اور سنگ میل
یقیناً یہ بہت بڑی کامیابی ہے۔ اللہ پاک کے کرم سے یہ مشکل کام ممکن ہو سکا۔ وہ تمام احباب لائق تحسین ہیں جنہوں نے اپنا خصوصی وقت نکال کر اس سنگ میل کو عبور کرنے میں حصہ ڈالا۔ امید ہے کہ اب ان مضامین کی بہتری کی طرف توجہ دی جائے گی۔ اور اسی طرح کے مزید منصوبوں اور مقابلہ جات کے ذریعے مضامین کی تعداد اور معیار کو بہتر بنایا جائے گا۔ یہ صرف ایک سنگ میل ہے، منزل نہیں۔ کیونکہ ترقی کا سفر ہمیشہ جاری رہتا ہے۔ اللہ تعالٰی سب کو توفیق عطا فرمائیں اور اس دائرۃ المعارف کو سب کے لیے مفید بنائیں۔ آمین۔--محمد جہانزیب عادل (تبادلۂ خیال • شراکتیں) 05:42, 1 جنوری 2016 (م ع و)
آئندہ کے لیے اگر ہر صارف صرف ایک نیا مضمون روز تحریر کرے اور اپنے پرانے مضامین کو بہتر بنائے تو بہتری اور ترقی کا کام ساتھ ساتھ چل سکتا ہے۔ نیز صارفین پر زیادہ بوجھ بھی نہ ہو گا۔ انشا اللہ۔ --محمد جہانزیب عادل (تبادلۂ خیال • شراکتیں) 12:40, 1 جنوری 2016 (م ع و)
جستجو میری کہ " ہر علم کو گھیرے اردو معارف کا دائرہ"
اردو معارف کو اس مقام تک پہنچانے کے لئے کردار ادا کرنے والے تمام کرداروں "وہ جو معروف ہیں اور وہ جو گمنام ہو ئے" سب کو تہہ دل سے مبارکباد۔۔-- 14:26, 1 جنوری 2016 (م ع و)
چلے چلو کہ وہ منزل ابھی نہیں آئی
- اور ہم نے ہدف کو پا لیا ۔صاحبو! مبارک ہو! دعا ہے کہ ہماری دلچسپی اورمحنت قائم رہےاور ہم اپنے قمیتی وقت کا عطیہ اردو ویکی پیڈیا کودینےکاسلسلہ بھی یوں ہی جاری رکھیں اور ہم سب کی نظر ہندی (+1,00,634)، عربی (+4,02,206) اور فارسی (+4,78,823) ویکی پیڈیاؤں سے ہٹے نہیں۔ منصوبہ کو ہر حال میں جاری رکھنا ہو گا۔ اگر ہر صارف ایک اور صارف کو لا سکتا ہے، سابق میں فعال رہے سبھی ویکی پیڈین واپس آ سکتے ہیں اور ہم ہندو پاک کی جامعات کے پروفیسروں، لکچرروں اور ریسرچ اساکالرز تک ویکی پیڈیا کا پیغام پہنچا سکتے ہیں تو۔۔۔۔منزل تک پہنچ سکتے ہیں۔--Drcenjary (تبادلۂ خیال • شراکتیں) 19:33, 1 جنوری 2016 (م ع و)
پہلی بڑی کامیابی پر مبارک
سب دوستوں کو اس بڑی کامیابی پر مبارک۔ اردو ویکیپیڈیا سے جڑے ماضی اور حال کے تمام ویکیپیڈین مبارک باد کے مستحق ہیں کہ اُن کی وجہ سے ہم یہ اہم سنگ میل عبور کر پائے۔ چند دن آرام کر کے پھر کمر کس لیں کہ ہم درجے میں ابھی قریباً300 ویکیپیڈیاؤں میں 50 سے بھی اوپر کے نمبر پر ہیں۔صفحات کی تعداد یقیناً اہم ہے مگر صفحات کا معیار بھی کافی اہم ہے۔ اب ہم صفحات کے ساتھ ساتھ معیار پر بھی توجہ دیں گے۔نئے صفحات کے ساتھ ساتھ پچھلے بنے ہوئے صفحات پر بھی توجہ دینی ہوگی۔ ویسے تو صرف مضمون کا نام دیکھ لینا ہی اکثر میرے جیسے بندے کی معلومات میں اضافہ کرتا ہے تاہم اگر تمام احباب پہلے یک سطری اور بغیر اندرونی روابط والے مضامین پر توجہ دیں تو صفحات کی تعداد میں کافی اضافہ ہوجائے گا اور مضامین کا معیار بھی بڑھے گا ۔امین اکبر (تبادلۂ خیال • شراکتیں) 19:38, 3 جنوری 2016 (م ع و)
- اردو ویکیپیاپر ایک لاکھ مضامین پورے ہونے پر تمام صارفین اور منتظمین کو دلی مبارکباد ہو۔--Faranjuned (تبادلۂ خیال • شراکتیں) 14:04, 5 جنوری 2016 (م ع و)جنید احمد نوربہرائچاتر پردیش،بھارت
- یہ کامیابی آپ کو مبارک اس لیے آپ بھی ایک فعال اردو ویکی پیڈین ہیں۔ --مزمل (تبادلۂ خیال • شراکتیں) 16:31, 6 جنوری 2016 (م ع و)
ہنوز دلی دور است
- اردو ویکیپیڈیا کے تمام رضاکار اور ٹیم ایک لاکھ مضامین مکمل کرنے پر انتہائی زیادہ داد و تحسین کی مستحق ہے، لیکن جہاں یہ ایک خوشی کا لمحہ ہے وہیں ابھی بھی ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ اردو ویکیپیڈیا پر اردو مقالہ جات کا معیار ابھی یقیناً ایسا نہیں جس کا دیگر زبانوں میں موجود ویکیپیڈیا سے مقابلہ کیا جا سکے ۔
- اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ زیادہ سے زیادہ رضاکاروں کو ویکیپیڈیا پر موجود اس علمی تحریک میں شامل ہونئے پر راغب کیا جائے اور کوشش کی جائے کے مقالات ایسی زبان میں ہوں جو کہ واقعی اردو داں طبقے کی سمجھ میں آ سکے ،یعنی مضامین میں عام فہم الفاظ و سائنسی اصطلاحات استعمال کی جائیں تا کہ زیادہ سے زیادہ انٹرنیٹ صارفین اردو ویکیپیڈیا سے استفادہ حاصل کر سکیں۔
--شان علی (تبادلۂ خیال • شراکتیں) 14:52, 7 جنوری 2016 (م ع و)
- ویکیپیڈیا کی ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے، کہ اتنی تیزی سے مضامین مندرج ہوتے جا رہے ہیں۔ابو محمد 16:02, 16 جنوری 2016 (م ع و)سید عبدالوہاب شیرازی
- شکریہ مبارکباد / داد تحسین کے لیے۔ ہم آگے سنگہائے میل کے لیے بھی تیار ہیں اور اس سلسلے میں آپ حضرات کا تعاون چاہتے ہیں!!--مزمل (تبادلۂ خیال • شراکتیں) 14:50, 17 جنوری 2016 (م ع و)
ویکیمیڈیا بلاگ
اردو ویکیپیڈیا پر ایک لاکھ مضامین کی تکمیل سے متعلق حسب ذیل ویکیمیڈیا بلاگ ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔ اس میں بلاگ ٹیم کے اصرار کی وجہ سے کافی اختصار سے کام لینا پڑا۔ پھر بھی امید ہے کہ ہماری برادری کی صحیح عکاسی کی جانب ایک حقیر سی کوشش کی گئی ہے:
https://blog.wikimedia.org/2016/01/21/community-digest-urdu-milestone/
--مزمل (تبادلۂ خیال • شراکتیں) 08:22, 22 جنوری 2016 (م ع و)
دیر آید درست آید !!!
اگرچہ اردو نے کمپیوٹر کی دنیا میں اپنا سفر دیر سے شروع کیا ہے لیکن الحمد للہ بہت تیزی سے گامزن ہے ...
ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب تمام اردو سے واقف افراد اپنی تمام تحریریں بجائے انگلش یا رومن اردو کے، صرف اردو میں ہی تحریر فرمائیں گے...
اپنی خوشی کو ظاہر کیے بغیر نہیں رہ سکتا جب دیکھ رہا ہوں کہ یہ طویل سفر اور یہ سو ہزاری ہدف حاصل ہو چکا ہے ...
تمام اردو سے لگاؤ رکھنے والوں کی خدمت میں مبارکباد عرض ہے.
Wikiwriter73 (تبادلۂ خیال • شراکتیں) 04:33, 26 جنوری 2016 (م ع و)
ویکیپیڈیا آزاد دائرۃ المعارف - علم کی دنیا کا ایک دروازہ
اگر میں کہوں کہ ا سکول کے درسی نصاب کے بعداگر کسی دوسرے ذرائع نے مجھے علم سے مستفید کیا ہے تو وہ بیشک ویکیپیڈیا آزاد دائرۃ المعارف(اردو)ہے۔ مجھے جب بھی کسی مضمون کو جاننے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے تو میں ویکیپیڈیا کا رخ کرتا ہوں۔ غیرنصابی کتب کے بعد میرے علم کا 99 فیصد منبع' 'ویکیپیڈیا آزاد دائرۃ المعارف(اردو)ہے۔ میری خواہش کہ دنیا کا ہرمضمون اردو زبان میں موجود ہو لیکن دیگر زبانوں پرعبور حاصل نا ہونے کی وجہ سے میں تراجم نہیں کرسکتا جس کا مجھے بے حد افسوس ہے۔ میں ویکیپیڈیا آزاد دائرۃ المعارف(اردو) کو ایک لاکھ مضامین کی تکمیل پر مبارکباد پیش کرتاہوں۔
محمدبلال--MBilal106 (تبادلۂ خیال • شراکتیں) 19:37, 1 مارچ 2016 (م ع و)
اللہ رب العزت کی ذات کا شکر ہے کہ ہم دنیا کو یہ بتا رہے ہیں کہ ہم گونگے نہیں ہیں انشاءاللہ ہم بہت جلد دو لاکھ کا سنگِ میل بھی عبور کریں گے جزاک اللہ --Zhgujjar (تبادلۂ خیال • شراکتیں) 13:36, 14 مارچ 2016 (م ع و)چودھری ظفر حبیب گجر
مزید
تازہ ترین اعداد و شمار بھی ساتھ ہونے چاہیے۔@ibn Maryam Ibne maryam (تبادلۂ خیال • شراکتیں) 20:06، 12 دسمبر 2023ء (م ع و)