مویشی، مال مویشی یا ڈھور ڈنگر ایک یا زیادہ گھریلو جانوروں کے لیے استعمال کی جانے والی اصطلاح ہے۔ زرعی زبان میں مویشی وہ جز ہے جو خوراک، لحمیات یا مال برداری جیسی پیداور کے لیے مشہور ہو۔ گو اس مقالے میں مویشی کے زمرے میں مرغبانی اور ماہی گیری کو شامل نہیں کیا گیا، لیکن عام طور پر یہ دونوں جز بھی زرعی اصطلاح “مویشی“ کے زمرے میں شامل کیے جاتے ہیں۔ مویشی پالنے کا تصور عمومی طور پر منافع کمانے سے تعلق رکھتا ہے۔ جانوروں کی دیکھ بھال جدید زراعت کا انتہائی اہم جز تصور ہوتا ہے۔ مویشی پالنے کی روایت تاریخ انسانی میں ہر تہذیب میں ملتی ہے اور کہا جاتا ہے کہ رفتہ رفتہ جب انسان نے شکار کے ذریعے گذر بسر چھوڑی تو مویشی سدھارنے اور پالنے کی روایت نے جنم لیا۔ ایک اندازے کے مطابق دنیا میں مویشیوں کی آبادی تقریباً 65 ارب ہے، جس میں مرغیاں اور مچھلیاں شامل نہیں ہیں۔

بھیڑیں اور ایک گائے جنوبی افریقہ کے ایک ہی باڑے میں

تاریخ

ترمیم

مویشی پالنے کی روایت انتہائی قدیم تہذیبوں میں بھی ملتی ہے۔ کسی بھی قسم کے جانور کا رہن سہن، نسل کشی اور زندگی گزارنے کا طریقہ انسانوں کے زیر دست ہو، ایسے جانوروں کو مویشی یا گھریلو جانور کہا جاتا ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مویشی پالنے کے طریقہ کار، گھریلو جانوروں کے رویے، نسل کشی اور جسمانی خصوصیات میں کئی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں۔ کئی جانور جو اب زرعی فارموں پر دستیاب ہیں، ایک وقت میں جنگلی جانور تھے اور اب ان کا جنگل میں زندہ رہنا ناممکن ہے۔ کتے کو تقریباً 15000 سال پہلے پالتو جانور کے طور پر اپنایا گیا تھا، اسی طرح بھیڑ اور بکریوں کو ایشیا میں 8000 قبل مسیح میں گھریلو جانور کا درجہ ملا۔ گھوڑے کو پالتو بنانے کی روایت تقریباً 4000 قبل مسیح میں ملتی ہے۔ تاریخ انسانی جو انگریزی لکھاریوں نے بیان کی ہے، خاص طور پر بادشاہ جیمز کے زمانے میں رائج بائبل کے مطابق مویشی کی اصطلاح کھر والے جانوروں کے لیے استعمال ہوئی ہے۔ یہ لفظ جسے انگریزی میں Cattle کہا جاتا ہے، قدیم انگریزی کی اصطلاح مانی جاتی ہے، جس کا مطلب "حرکت کرنے والی زندہ جائداد جو انسان کی ملکیت ہوں" کے ہیں۔

اقسام

ترمیم

مال مویشی کئی اقسام کے ہو سکتے ہیں، اسی لیے علم الحیوانات کے ماہرین اس میں شامل اقسام کے لحاظ سے کئی تعریفیں کرتے ہیں۔ اس ضمن میں ایک جامع تعریف یہ ہے کہ “مال مویشی سے مراد جانوروں کی خاص نسل یا آبادی سے ہے جو انسان اپنے فائدے کے لیے اور اپنی معاشی ضروریات کے لیے پالتا ہے۔ اس سے مراد پالتو، نیم پالتو اور سدھائے گئے جنگلی جانور لیے جا سکتے ہیں۔ نیم پالتو سے مراد وہ جانور ہیں، جو کسی خاص وجہ سے نیم درجہ فائدہ مند ہوں اور اور کا درجہ اس لحاظ سے متنازع ہو۔ جانوروں کی یہ آبادی پالتو اور سدھائے جانے کے عمل سے گذر رہے ہوتے ہیں۔ کئی ماہرین مال مویشی سے مراد صرف وہ جانور لیتے ہیں جو صرف مالی و خوراکی فائدے کے لیے پالے جائیں، مثلاً گوشت یا دودھ کی پیداوار والے جانور۔
نوٹ: یاد رہے کہ یہ جدول دنیا کے چیدہ چیدہ مال مویشی کی اقسام کو بیان کرتا ہے، اس میں تمام پالتو، نیم پالتو یا سدھائے جانے والے جانور شامل نہیں ہیں۔

جانور / قسم پالتو جانوروں میں درجہ جنگلی آبا و اجداد وقت سدھاؤ / پالتو رہنے کا عرصہ علاقہ سدھاؤ / پالتو صنعتی و معاشی فوائد
الپاکا
ممالیہ, گھاس خور
پالتو ویکونا 4000 سے 50000 قبل مسیح انڈس اون
باسن
ممالیہ, گھاس خور
پالتو غیر متعلق 19 ویں صدی کے اواخر میں شمالی امریکا گوشت, چمڑہ
اونٹ
ممالیہ, گھاس خور
پالتو جنگلی بیسریرن اونٹ 1400 سے 4000 قبل مسیح کے درمیان ایشیا مال برداری, زرعی مشقت, گوشت, دودھ, بال
گائے
ممالیہ, گھاس خور
پالتو [[آرکس 6000 قبل مسیح جنوب مغربی ایشیاء, ہندوستان, شمالی افریقہ (?) گوشت، خون, اعضاء, دودھ, چمڑہ, مال برداری
ہرن
ممالیہ, گھاس خور
پالتو غیر متعلق 1970ء شمالی امریکا گوشت (اعضاء), چمڑہ, سینگ
کتا
ممالیہ, ہمہ خور
پالتو بھیڑیا 12000 قبل مسیح مال برداری, مشقت, شکار, رکھوالی, تلاش, چوکیداری, گوشت
گدھا
ممالیہ, گھاس خور
پالتو افریقی جنگلی گدھا 4000 قبل مسیح مصر مشقت, مال برداری, گوشت, دودھ
بکری
پستانیہ, نباتات خور
پالتو بیزور بکری 8000 قبل مسیح جنوب مغربی ایشیاء دودھ, گوشت, اون, چمڑہ, مشقت
خچر
ممالیہ, گھاس خور
پالتو گھوڑے اور گدھے کا ملاپ     مشقت, مال برداری, جنگی مقاصد
سور
ممالیہ, ہمہ خور
پالتو جنگلی سور 7000 قبل مسیح اناتولیا گوشت, چمڑہ
خرگوش
ممالیہ, گھاس خور
پالتو جنگلی خرگوش 400 - 900 عیسوی کے درمیان فرانس گوشت, جلد
بھیڑ
ممالیہ, گھاس خور
پالتو ایشیائی بھیڑ 9000 قبل مسیح جنوب مغربی ایشیاء اون, دودھ, چمڑہ, گوشت
بھینس
پستانیہ, نباتات خور
پالتو [[جنگلی بھینسا 4000 قبل مسیح جنوبی ایشیاء مشقت, مال برداری, گوشت, دودھ
یاک
ممالیہ, گھاس خور
پالتو جنگلی یاک   تبت, نیپال گوشت, دودھ, اون, مشقت, مال برداری

فوائد

ترمیم
 
ایک نسواری سوئس گائے

مال مویشی کی ایک تعریف حاصل ہونے والے فوائد کی بنیاد پر بھی کی جاتی ہے کہ جانوروں کا پالنا انسان کو خوراک، ریشہ اور مشقت کی صورت میں فائدہ دے۔ جانوروں کے معاشی فوائد میں شامل ہیں:

گوشت
خوراکی لحمیات اور توانائی کا ذریعہ
دودھ کی مصنوعات
دودھ جو انسانی خوراک کا بڑا ذریعہ ہے اور اس سے حاصل ہونے والی مصنوعات جیسے دہی, پنیر, مکھن, آئس کریم, وغیرہ۔
ریشہ
مال مویشی سے ریشہ اور چمڑی وغیرہ بھی حاصل ہوتی ہے، جو کپڑے اور پہننے کے دوسرے لوازمات کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر بکری اور بھیڑ سے بال اور اون حاصل ہوتے ہیں۔ گائے، ہرن اور بھیڑ کی چمڑی سے پہننے کی مصنوعات ملتی ہیں۔ ہڈی، کھر اور سینگوں سے بھی کئی مصنوعات تیار ہوتی ہیں
کھاد
گوبر یا فضلہ کھیتوں میں قدرتی کھاد کے طور پر استعمال ہو سکتا ہے۔ اسی وجہ سے قدیم دور سے ہی جانوروں کو سدھایا بھی جاتا رہا ہے تاکہ زراعت کو تقویت دی جا سکے۔ گوبر سے دیواروں اور فرش کی لپائی کا کام اور چولہے میں جلانے کا ایندھن بھی دستیاب ہوتا ہے۔ مال مویشی کا خون اور ہڈیاں بھی کھاد کے طور پر استعمال کی جا سکتی ہیں۔
مشقت
جانور جیسے گھوڑے، گدھے، یاک وغیرہ میکانکی توانائی پیدا کرنے کے ذرائع ہیں۔ بھاپ سے چلنے والے انجن کے زمانے سے پہلے مال مویشی کو ہی مشقت کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ اس کے علاوہ مشقت کے طور پر ہل چلانا، مال برداری اور فوجی فوائد کے لیے بھی مال مویشی کو پہلے اور اب بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
زرعی مقاصد
مال مویشی کے گھاس چرنے کی عادات کو زرعی زمینوں کے انتظام کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ ان کے ذریعے جھاڑیوں اور خاردار پودوں اور چھوٹے نباتات کا زرعی زمین سے بآسانی خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ مثال کے طور پر وہ علاقے جو قدرتی آگ سے متاثر ہو سکتے ہیں وہاں بھیڑ اور بکری کے چرنے کی وجہ سے خشک جھاڑیوں کا صفایا کیا جاتا ہے، اس طرح قدرتی آگ لگنے کے وقوع کو ہونے سے روکا جاتا ہے یا اس کے خطرے کو کم کیا جا سکتا ہے۔

جانوروں کی دیکھ بھال کی تاریخ میں، بنیادی فوائد جیسے گوشت، دودھ، چمڑی کے علاوہ بھی کئی فوائد دریافت کیے گئے ہیں۔ ان میں ہڈیوں اور اعضاء کا استعمال شامل ہے، اس طرح آلودگی میں کمی بھی واقع ہوئی ہے۔ مثال کے طور پر کسی بھی جانور کے جسم کے وہ حصے جو خوراک کے طور پر استعمال نہ ہوتے ہوں، ان کو مختلف طریقوں سے ڈھال کر یا تو انسانی یا حیوانی خوراک بنا دیا جاتا ہے یا پھر اسے کھاد کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ جسم کے ان حصوں کی بطور انسانی یا حیوانی خوراک میں استعمال ہونے سے طبی مسائل جنم لے سکتے ہیں، جن کے خطرات کو کم کرنے کے لیے تحقیق جاری ہے۔

جنگلی جانوروں سے مویشیوں کو خطرات

ترمیم

مال مویشی پالنے والے کسانوں کو ہمیشہ سے ہی دو خطرات کا سامنا رہا ہے، جس میں شکاری جانوروں اور مال مویشی کی چوری جیسے خطرات شامل ہیں۔ شمالی امریکا میں بھیڑیے، ریچھ، گوگر، کالے ریچھ وغیرہ ایسے جانور ہیں جن سے مال مویشی کو ہمیشہ ہی خطرہ لاحق رہا ہے۔ یورو ایشیاء اور افریقہ میں بھیڑیوں، بھورے ریچھ، تیندوے، چیتے، شیر، کالے ریچھ، لگڑبھگڑ اور ایسے ہی دوسرے گوشت خور جانوروں سے خطرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ آسٹریلیا میں ڈینگو، لومڑیوں، نوک دار دم والی چیلوں کتوں وغیرہ سے مال مویشی کو نقصان پہنچتا رہتا ہے۔ لاطینی امریکہ میں مال مویشی کو یہی خطرات آوارہ کتوں، بھیڑیوں، گوگر اور تیندوے سے لاحق ہیں۔

مویشیوں کی بیماریاں

ترمیم

مال مویشیوں کی بیماریاں عام طور پر نہ صرف جانوروں کی صحت کو متاثر کرتی ہیں بلکہ یہ ان کی پیداواری صلاحیت پر بھی اثرانداز ہوتی ہیں اور کئی بیماریاں ایسی بھی ہیں جو مال مویشی سے انسانوں کو منتقل ہو سکتی ہیں۔ نت نئی تحقیق سے جانوروں کی ان بیماریوں کا علاج اب ممکن ہے اور بہتر نگہداشت اور دیکھ بھال سے ان میں کمی بھی لائی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ اینٹی بائیوٹک ادویات اور حفاظتی ٹیکوں کا استعمال عام ہونے کی وجہ سے بھی مال مویشی کی بیماریوں میں خاطر خواہ کمی دیکھی گئی ہے۔ ترقی پزیر ممالک میں ادویات کا استعمال نسبتاً کم ہے جس کی وجہ سے بیماریوں کا تدارک بہتر دیکھ بھال سے کیا جاتا ہے، مگر اس سے ان جانوروں کی پیداواری صلاحیت برقرار نہیں رکھی جا سکتی۔ جانوروں کی بیماریوں بارے قابل عمل حل نکالنے کے بعد ہی کسی ملک کی زراعت سے وابستہ پیداواری اہداف کا تعین ممکن بنایا جا سکتا ہے اور ترقی پزیر ممالک جن میں زیادہ تر کی معیشت کا دارومدار زراعت پر ہے اس بارے سوچ وچار میں مصروف ہیں۔
جانوروں کی بیماریوں بارے قابل اعتبار حل ایک لحاظ سے جانوروں کی بہتر دیکھ بھال اور نشو و نما میں پوشیدہ ہوتا ہے۔ اس ضمن میں جر ثوموں کی بڑھوتری کو کم سے کم سطح پر رکھ کر اور مختلف نسل کے جانوروں کی دیکھ بھال ایک ہی باڑے میں کرنے سے یہ ہدف حاصل بخوبی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اسی طرح حفظان صحت کے اصولوں میں بہتری لا کر اور بیمار جانوروں کے لیے جدا جگہ بنانے اور علاج کی جانب بہتر توجہ سے بھی بیماریوں کے پھیلاؤ میں خاطر خواہ کمی لائی جا سکتی ہے۔ مال مویشی کی عام بیماریاں جو پیداواری صلاحیت کو بری طرح سے متاثر کرتی ہیں حفاظتی ٹیکوں اور اینٹی بائیوٹکس کے استعمال سے احسن طریقے سے کم کی جا سکتی ہیں۔ انٹی بائیوٹک کے علاوہ بڑھوتری میں مددگار ادویات کے استعمال سے بھی مال مویشی کی پیداواری صلاحیت کو % 15-10 تک بڑھایا جا سکتا ہے۔[1] گو اینٹی بائیوٹک کا استعمال مال مویشی کی زیادہ تر بیماریوں سے بچاؤ میں مددگار ہو سکتا ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ کئی خطرات جیسے اینٹی بائیوٹک کی جانوروں میں مدافعت اور انسانوں کو خوراک میں منتقلی بھی درپیش ہیں۔ دنیا کے بیشتر ممالک میں اسی وجہ سے ان ادویات کے استعمال کے لیے ویٹر نری سند کے اجرا کی ضرورت جانوروں کی ترسیل، منڈی میں بیچنے اور خوراک کے طور پر استعمال سے قبل پیش آتی ہے۔

حوالہ جات

ترمیم