ابو الاعلی مودودی

مشہور عالم دین، مجدد، مجتہد، مفسر قرآن اور جماعت اسلامی کے بانی
(ابوالاعلی مودودی سے رجوع مکرر)

سید ابو الاعلیٰ مودودی (1903ء1979ء) مشہور عالم دین اور مفسر قرآن اور جماعت اسلامی کے بانی تھے۔ بیسوی صدی کے موثر ترین اسلامی مفکرین میں سے ایک تھے۔ ان کی فکر، سوچ اور ان کی تصانیف نے پوری دنیا کی اسلامی تحریکات کے ارتقا میں گہرا اثر ڈالا اور بیسویں صدی کے مجدد اسلام ثابت ہوئے۔ مولانا مودودی وہ دوسرے شخص تھے جن کی غائبانہ نماز جنازہ کعبہ میں ادا کی گئی، پہلے نجاشی تھے۔[9][10]

ابو الاعلیٰ مودودی
(اردو میں: ابو الاعلىٰ مودودی‎)،(عربی میں: أبو الأعلى المودودي ویکی ڈیٹا پر (P1559) کی خاصیت میں تبدیلی کریں

معلومات شخصیت
پیدائش 25 ستمبر 1903ء [1][2][3][4][5]  ویکی ڈیٹا پر (P569) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
اورنگ آباد [6]  ویکی ڈیٹا پر (P19) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
وفات 22 ستمبر 1979ء (76 سال)[1][2][3][4][5]  ویکی ڈیٹا پر (P570) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
نیویارک شہر   ویکی ڈیٹا پر (P20) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
شہریت برطانوی ہند
پاکستان [7]  ویکی ڈیٹا پر (P27) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
جماعت جماعت اسلامی پاکستان   ویکی ڈیٹا پر (P102) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
عملی زندگی
پیشہ الٰہیات دان ،  سیاست دان ،  فلسفی ،  صحافی ،  مترجم ،  مصنف   ویکی ڈیٹا پر (P106) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
مادری زبان اردو   ویکی ڈیٹا پر (P103) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
پیشہ ورانہ زبان اردو [2]  ویکی ڈیٹا پر (P1412) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
شعبۂ عمل قرآنیات ،  معاشیات ،  فلسفہ   ویکی ڈیٹا پر (P101) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
کارہائے نمایاں تفہیم القرآن ،  خلافت و ملوکیت   ویکی ڈیٹا پر (P800) کی خاصیت میں تبدیلی کریں
مؤثر ابن تیمیہ، خواجہ معین الدین چشتی، شاہ ولی اللہ، محمد اقبال
متاثر طفیل محمد، حسن البنا، عبداللہ یوسف عزام، اسرار احمد، سید قطب، امام کعبہ خالد غامدی، حسین احمد، غلام اعظم، دلاور حسین سعیدی، عبدالقادر ملا، مطیع الرحمان نظامی، علی احسن محمد مجاہد، خورشید احمد، شيخ محمد كاراكونو، شیخ عبدالقیوم، ابو عمار یاسر قاضی، ابو عیسیٰ نعمت اللہ، تقی الدین النبہانی اور سید علی گیلانی
اعزازات
عالمی شاہ فیصل اعزاز (1979)
ویب سائٹ
ویب سائٹ www.maududi.org
سید ابو الاعلیٰ مودودی
قبر مولانا در پاکستان
مزارقبر مودودی، پاکستان

اسلام کی دنیا بھر میں موجودہ پزیرائی سید ابوالاعلیٰ مودودی اور شیخ حسن البناء (اخوان المسلمون کے بانی) کی فکر کا ہی نتیجہ ہے جنھوں نے عثمانی خلافت کے اختتام کے بعد نہ صرف اسے زندہ رکھا بلکہ اسے خانقاہوں سے نکال کر عوامی پزیرائی بخشی۔ سید ابوالاعلیٰ مودودی کا پاکستانی سیاست میں بھی بڑا کردار تھا۔ پاکستانی حکومت نے انھیں قادیانی گروہ کو غیر مسلم قرار دینے پر پھانسی کی سزا بھی سنائی جس پر عالمی دباؤ کے باعث عملدرآمد نہ ہو سکا۔ سید ابوالاعلیٰ مودودی کو ان کی دینی خدمات کی پیش نظر پہلے شاہ فیصل ایوارڈ سے نوازا گیا۔ آپ کی لکھی ہوئی قرآن مجید کی تفسیر تفہیم القرآن کے نام سے مشہور ہے اور جدید دور کی نمائندگی کرنے والی اس دور کی بہترین تفسیروں میں شمار ہوتی ہے۔

ابتدائی زندگی

سید ابوالاعلیٰ مودودی 1903ء بمطابق 1321ھ میں اورنگ آباد دکن میں پیدا ہوئے۔ آپ کے آبا و اجداد میں ایک مشہور بزرگ خواجہ قطب الدین مودود چشتی گذرے تھے جو خواجہ معین الدین چشتی اجمیری کے شیخ الشیوخ تھے۔ سید مودودی کا خاندان انہی خواجہ مودود چشتی کے نام سے منسوب ہوکر ہی مودودی کہلاتا ہے۔

آپ کا گھرانہ ایک مکمل مذہبی گھرانہ تھا۔ مودودی نے ابتدائی دور کے پورے گیارہ برس اپنے والد کی نگرانی میں رہے اور گھر پر تعلیم حاصل کی۔ بعد ازاں انھیں مدرسہ فرقانیہ اورنگ آباد کی آٹھویں جماعت میں براہِ راست داخل کیا گیا۔

1914ء میں انھوں نے مولوی کا امتحان دیا اور کامیاب ہوئے۔ اس وقت ان کے والدین اورنگ آباد سے حیدرآباد منتقل ہو گئے جہاں سید مودودی کو مولوی عالم کی جماعت میں داخل کرایا گیا۔

اس زمانے میں دارالعلوم کے صدر مولانا حمید الدین فراہی تھے جو مولانا امین احسن اصلاحی کے بھی استاد تھے۔ تاہم والد کے انتقال کے باعث وہ دار العلوم میں صرف چھ ماہ ہی تعلیم حاصل کر سکے۔

بطور صحافی

کیونکہ سید مودودی لکھنے کی خداداد قابلیت کے حامل تھے اس لیے انھوں نے قلم کے ذریعے اپنے خیالات کو لوگوں تک پہنچانے اور اسی کو ذریعہ معاش بنانے کا ارادہ کر لیا۔ چنانچہ ایک صحافی کی حیثیت سے انھوں نے اپنی عملی زندگی کا آغاز کیا اور متعدد اخبارات میں مدیر کی حیثیت سے کام کیا جن میں اخبار "مدینہ" بجنور (اترپردیش)، "تاج" جبل پور اور جمعیت علمائے ہند کا روزنامہ "الجمعیت" دہلی خصوصی طور پر شامل ہیں۔

1925ء میں جب جمعیت علمائے ہند نے کانگریس کے ساتھ اشتراک کا فیصلہ کیا تو سید مودودی نے بطور احتجاج اخبار"الجمعیۃ" کی ادارت چھوڑ دی۔

پہلی تصنیف

جس زمانے میں سید مودودی"الجمعیۃ" کے مدیر تھے۔ ایک شخص سوامی شردھانند نے شدھی کی تحریک شروع کی جس کا مقصد یہ تھا کہ مسلمانوں کو ہندو بنالیا جائے۔ چونکہ اس تحریک کی بنیاد نفرت، دشمنی اور تعصب پر تھی اور اس نے اپنی کتاب میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی توہین کی جس پر مسلمان نوجوان علم دین نے غیرت ایمانی میں آکر سوامی شردھانند کو قتل کر دیا۔ اس پر پورے ہندوستان میں ایک شور برپا ہو گیا۔ ہندو دینِ اسلام پر حملے کرنے لگے اور علانیہ یہ کہا جانے لگا کہ اسلام تلوار اور تشدد کا مذہب ہے۔

انہی دنوں مولانا محمد علی جوہر نے جامع مسجد دہلی میں تقریر کی جس میں بڑی دردمندی کے ساتھ انھوں نے اس ضرورت کا اظہار کیا کہ کاش کوئی شخص اسلام کے مسئلہ جہاد کی پوری وضاحت کرے تاکہ اسلام کے خلاف جو غلط فہمیاں آج پھیلائی جا رہی ہیں وہ ختم ہوجائیں۔ اس پر سید مودودی نے الجہاد فی الاسلام کے نام سے ایک کتاب لکھی۔ اس وقت سید مودودی کی عمر صرف 24 برس تھی۔

اس کتاب کے بارے میں علامہ اقبال نے فرمایا تھا:

اسلام کے نظریہ جہاد اور اس کے قانونِ صلح و جنگ پر یہ ایک بہترین تصنیف ہے اور میں ہر ذی علم آدمی کو مشورہ دیتا ہوں کہ وہ اس کا مطالعہ کرے

ترجمان القرآن

"الجمعیۃ" کی ادارت اور اخبار نویسی چھوڑکر سید مودودی حیدرآباد دکن چلے گئے۔ جہاں اپنے قیام کے زمانے میں انھوں نے مختلف کتابیں لکھیں اور 1932ء میں حیدرآباد سے رسالہ"ترجمان القرآن" جاری کیا۔

1935ء میں آپ نے "پردہ" کے نام سے اسلامی پردے کی حمایت میں ایک کتاب تحریر کی جس کا مقصد یورپ سے مرعوب ہوکر اسلامی پردے پر کیے جانے والے اعتراضات کا جواب دینا تھا۔ اس کے علاوہ "تنقیحات" اور"تفہیمات" کے مضامین لکھے جن کے ذریعے انھوں نے تعلیم یافتہ مسلمانوں میں سے فرنگی تہذیب کی مرعوبیت ختم کردی۔

تحریک پاکستان میں کردار

مولانا مودودی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انھوں نے نہ صرف یہ کہ مطالبہ پاکستان کی مخالفت کی، بلکہ پاکستان بننے کے بعد بھی جماعت اور مولانا مودودی قائد اعظم کی مخالفت کرتے رہے اور مولانا مودودی پاکستان بننے کے بعد بھی اس موقف پر قائم رہے کہ قائد اعظم ایک قومیتی ریاست قائم کرنے کے لیے پاکستان بنانا چاہتے تھے اور پاکستان میں شریعت کا نفاذ ان کا مقصد نہیں تھا۔اس حوالے سے بطور دلیل درج ذیل اقتباسات پیش کیے جاتے ہیں۔

ہم اس تحریک کو آج بھی صحیح نہیں سمجھتے جس کے نتیجے میں پاکستان بنا ہے اور پاکستان کا اجتماعی نظام جن اصولوں پر قائم ہو رہا ہے ان اصولوں کو اسلامی نقطہ نظر سے ہم کسی قدر و قیمت کا مستحق نہیں سمجھتے

ہفت روزہ ’کوثر ‘ 16 نومبر 1947ء

ہماری قوم نے اپنے لیڈروں کے انتخاب میں غلطی کی تھی اور اب یہ غلطی نمایاں ہو کر سامنے آگئی ہے۔ ہم چھ سال سے چیخ رہے تھے کہ محض نعروں کو نہ دیکھو بلکہ سیرت اور اخلاق کو بھی دیکھو۔ اس وقت لوگوں نے پروا نہ کی لیکن اب زمام کار ان لیڈروں کو سونپنے کے بعد ہر شخص پچھتا رہا ہے کہ واہگہ سے دہلی تک کا علاقہ اسلام کے نام سے خالی ہو چکا ہے

بحوالہ روز نامہ انقلاب 9 اپریل 1948ء

یہ عین وہی لوگ ہیں جو اپنی پوری سیاسی تحریک میں اپنی غلط سے غلط سرگرمیوں میں اسلام کو ساتھ ساتھ گھسیٹتے پھرے ہیں۔انہوں نے قرآن کی آیتوں اور حدیث کی روایتوں کو اپنی قوم پرستانہ کشمکش کے ہر مرحلے میں استعمال کیا ہے…. کسی ملک و قوم کی انتہائی بدقسمتی یہی ہو سکتی ہے کہ نااہل اور اخلاق باختہ قیادت اس کے اقتدار پر قابض ہو جائے“۔اسی شمارے میں مزید فرمایا ” جونہی انگریز اور کانگرس کی باہمی کشمکش ختم ہوئی۔ تو اس قیادت عظمیٰ نے اپنے آپ کو ایسی حالت میں پایا جیسے اس کے پاﺅں تلے زمین نہ ہو۔ اب وہ مجبور ہو گئی کہ جو کچھ جن شرائط پر بھی طے ہو اسے غنیمت سمجھ کر قبول کر لیں۔ بنگال و پنجاب کی تقسیم اسے بے چون و چرا ماننی پڑی۔ سرحدوں کے تعین جیسے نازک مسئلے کو اس نے صرف ایک شخص کے فیصلے پر چھوڑ دیا۔ انتقال اختیارات کا وقت اور طریقہ بھی بلاتامل مان لیا۔ حالانکہ یہ تینوں امور صریح طور پر مسلمانوں کے حق میں مہلک تھے۔ انہی کی وجہ سے ایک کروڑ مسلمانوں پر تباہی نازل ہوئی اور انہی کی وجہ سے پاکستان کی عمارت روز اول ہی سے متزلزل بنیادوں پر اٹھی

ترجمان القرآن نے جون 1948ء [11]

تحریک پاکستان کی حمایت

اسلامی قومیت

1938ء میں کانگریس کی سیاسی تحریک اس قدر زور پکڑ گئی کہ بہت سے مسلمان اور خود علمائے کرام کی ایک بہت بڑی تعداد بھی ان کے ساتھ مل گئی۔

کانگریس کے اس نظریہ کو "متحدہ قومیت" یا "ایک قومی نظریہ" کانام دیا جاتا تھا۔ سید مودودی نے اس نظریے کے خلاف بہت سے مضامین لکھے جو کتابوں کی صورت میں "مسئلہ قومیت" اور ’’مسلمان اور موجودہ سیاسی کشمکش" حصہ اول و دوم کے ناموں سے شائع ہوئی۔ مولانا مودودی صاحب پر یہ بھی الزام ہے کہ وہ قیام پاکستان کے خلاف تھے۔ اپنے ایک کتابچے میں لکھتے ہیں کہ:۔

پس جو لوگ یہ گمان کرتے ہیں کہ مسلم اکثریت کے علاقے ہندو اکثریت کے تسلط سے آزاد ہو جائیں۔۔۔ اس کے نتیجہ میں جو کچھ حاصل ہوگا وہ صرف مسلمانوں کی کافرانہ حکومت ہوگی۔ [12]

حالانکہ ان کی تحریروں کو اگر کاٹ چھانٹ کر پیش کرنے کی بجائے مکمل سیاق و سباق کے ساتھ اور پورے جملے کو پڑھا جائے تو اصل صورت حال واضح ہوکر سامنے آجاتی ہے۔ چونکہ تحریک پاکستان کی بنیاد دو قومی نظریہ پر تھی۔ اس تصور کو پیش کرنے، اسے نکھارنے اور فروغ دینے میں سید مودودی کی تحریرات کا حصہ تھا، اسے اس شخص کی زبان سے سنیئے جو محمد علی جناح اور خان لیاقت علی خان کا دست ِ راست تھا۔ ۔۔۔۔۔ یعنی آل انڈیا مسلم لیگ کے جائنٹ سیکریٹری، اس کی مجلس ِ عمل Committee Of Action اور مرکزی پارلیمانی بورڈ کے سیکریٹری ظفر احمد انصاری لکھتے ہیں۔

اس موضوع پر مولانا ابوالاعلیٰ مودودی صاحب نے ’’مسئلہ قومیت“ کے عنوان سے ایک سلسلہ ءِ مضامین لکھا جو اپنے دلائل کی محکمی، زور ِ استدلال اور زور ِ بیان کے باعث مسلمانوں میں بہت مقبول ہوا اور جس کا چرچا بہت تھوڑے عرصے میں اور بڑی تیزی کے ساتھ مسلمانوں میں ہو گیا۔ اس اہم بحث کی ضرب متحدہ قومیت کے نظریہ پر پڑی اور مسلمانوں کی جداگانہ قومیت کا احساس بڑی تیزی کے ساتھ پھیلنے لگا۔ قومیت کے مسئلہ پر یہ بحث محض ایک نظری بحث نہ تھی بلکہ اس کی ضرب کانگریس اور جمعیت علماء ہند کے پورے موقف پر پڑتی تھی۔ ہندوؤں کی سب سے خطرناک چال یہی تھی کہ مسلمانوں کے دلوں سے ان کی جدا گانہ قومیت کا احساس کسی طرح ختم کرکے ان کے ملی وجود کی جڑیں کھوکھلی کردی جائیں۔ خود مسلم لیگ نے اس بات کی کوشش کی کہ اس بحث کا مذہبی پہلو زیادہ سے زیادہ نمایاں کیا جائے تاکہ عوام کانگریس کی کھیل کو سمجھ سکیں اور اپنے دین و ایمان کے تقاضوں کو پورا کرنے کی طرف متوجہ ہوں۔[13]۔

مسلم لیگی رہنما مزید لکھتے ہیں۔

دراصل پاکستان کی قرار داد سے پہلے ہی مختلف گوشوں سے ’’حکومت الہٰیہ“ ، ’’مسلم ہندوستان“ اور ’’خلافت ربانی“ وغیرہ کی آوازیں اٹھنے لگی تھیں۔ علامہ اقبال نے ایک ’’مسلم ہندوستان“ کا تصور پیش کیا تھا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ مودودی صاحب کے لٹریچر نے حکومت الہٰیہ کی آواز بلند کی تھی۔ چوہدری فضل حق نے اسلامی حکومت کا نعرہ بلند کیا تھا۔ مولانا آزاد سبحانی نے خلافتِ ربانی کا تصور پیش کیا تھا۔ جگہ جگہ سے اس آواز کا اٹھنا اس بات کی نشان دہی کرتا ہے کہ مسلمان اپنے مخصوص طرز فکر کی حکومت قائم کرنے کی ضرورت پوری شدت سے محسوس کر رہے تھے اور حالات کے تقاضے کے طور پر ان کے عزائمِ خفتہ ابھر کر سامنے آ رہے تھے۔[14]

علامہ اقبال اور سید مودودی

ڈاکٹر علامہ محمد اقبال سید مودودی کی تحریرات سے بے حد متاثر تھے۔ بقول میاں محمد شفیع (مدیر ہفت روزہ اقدام)، علامہ موصوف ’’ترجمان القرآن“ کے اُن مضامین کو پڑھوا کر سنتے تھے۔ اُن (مضامین) ہی سے متاثر ہوکر علامہ اقبال نے مولانا مودودی کو حیدرآباد دکن چھوڑ کر پنجاب آنے کی دعوت دی اور اسی دعوت پر مولانا 1938ء میں پنجاب آئے۔ میاں محمد شفیع صاحب اپنے ہفت روزہ اقدام میں لکھتے ہیں کہ

مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی تو درحقیقت نیشنلسٹ مسلمانوں کی ضد تھے اور میں یہاں پوری ذمہ داری کے ساتھ عرض کرتا ہوں کہ میں نے حضرت علامہ اقبال رحمۃ اللہ کی زبان سے کم و بیش اس قسم کے الفاظ سنے تھے کہ ’’مودودی ان کانگریسی مسلمانوں کی خبر لیں گے“۔ جہاں علامہ اقبال بالکل واضح طور سے آزاد (مولانا آزاد) اور مدنی (مولانا حسین احمد مدنی) کے نقاد تھے وہاں وہ مولانا کا ’’ترجمان القرآن“ جستہ جستہ مقامات سے پڑھواکر سننے کے عادی تھے۔ اور اس امر کے متعلق تو میں سو فیصدی ذمہ داری سے بات کہہ سکتا ہوں علامہ نے مولانا مودودی کو ایک خط کے ذریعے حیدرآباد دکن کے بجائے پنجاب کو اپنی سرگرمیوں کا مرکز بنانے کی دعوت دی تھی۔ بلکہ وہ خط انہوں نے مجھ سے ہی لکھوایا تھا۔ [15]

شریف الدین پیرزادہ کی گواہی

اس وقت کے مارشل لا حکومت کے قائم کردہ دستوری کمیشن کے مشیر اور کمپنی لا کمیشن کے صدر سید شریف الدین پیرزادہ اپنی کتاب ’’ارتقائے پاکستان“ Evolution of Pakistan میں لکھتے ہیں۔

مولانا مودودی نے ترجمان القرآن کے ایک سلسلہ مضامین کے ذریعے جو 1938ء اور 1939ء کے درمیان میں شائع ہوئے، کانگریس کے چہرے سے نقاب اتاری اور مسلمانوں کو متنبہ کیا۔ موصوف نے برصغیر میں مسلمانوں کی تاریخ کا جائزہ لیا، کانگریس کی لادینیت کی قلعی کھولی اور یہ ثابت کیا کہ ہندوستان کے مخصوص حالات میں اس کے لیے جمہوریت ناموزوں ہے۔ اس لیے کہ اس میں مسلمانوں کو ایک ووٹ اور ہندوؤں کو چار ووٹ ملیں گے۔ انہوں نے ہندوؤں کےقومی استعمار کی بھی مذمت کی اور اس رائے کا اظہار کیا کہ محض مخلوط انتخاب یا اسمبلیوں میں کچھ زیادہ نمائندگی Weightage اور ملازمتوں میں ایک شرح کا تعین مسلمان قوم کے سیاسی مسائل کا حل نہیں ہے۔ جو تجویز انہوں نے پیش کی اس میں تین متبادل صورتوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔[16]

ان صورتوں میں آخری صورت ہندوستان کی تقسیم کی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ سید شریف الدین پیرزادہ ارتقائے پاکستان میں جس نتیجہ پر پہنچتے ہیں اس امر کا اظہار کرتے ہیں کہ

وہ تجاویز اور مشورے جو سر عبداللہ ہارون، ڈاکٹر لطیف، سرسکندر حیات، ’’ایک پنجابی“، سید ظفرالحسن، ڈاکٹر قادری، مولانا مودودی، چودھری خلیق الزمان وغیرہ نے دیئے، وہ ایک معنی میں پاکستان تک پہنچنے والی سڑک کے سنگہائے میل ہیں۔[17]

ریفرنڈم میں پاکستان کی حمایت

صوبہ سرحد اور سلہٹ کے ریفرنڈم کے موقع پر مولانا مودودی نے پاکستان کے حق میں ووٹ ڈالنے کا مشورہ دیا اور لوگوں کو اس موقع پر آمادہ کرنے کے لیے کہا

اگرمیں صوبہ سرحد کا رہنے والا ہوتا تو استصواب رائے میں میرا ووٹ پاکستان کے حق میں پڑتا۔ اس لیے کہ جب ہندوستان کی تقسیم ہندو اور مسلم قومیت کی بنیاد پر ہورہی ہے تو لامحالہ ہر اس علاقے کو جہاں مسلمان قوم کی اکثریت ہو اس تقسیم میں مسلم قومیت ہی کے علاقے کے ساتھ شامل ہونا چاہیے۔[18]

اس تاریخی موقع پر آئندہ کے نظام کے بارے میں مولانا نے لکھا

وہ نظام اگر فی الواقع اسلامی ہوا جیسا کہ وعدہ کیا جارہا ہے تو ہم دل و جان سے اس کے حامی ہوں گے، اور اگر وہ غیر اسلامی نظام ہوا تو ہم اسے تبدیل کرکے اسلامی اصولوں پر ڈھالنے کی جدوجہد اسی طرح کرتے رہیں گے جس طرح موجودہ نظام میں کررہے ہیں۔ [19]

مسلم لیگ علما کمیٹی کی رکنیت

قیام پاکستان کی جدوجہد کے دوان مسلم قومیت پر سید مودودی کے مضامین مسلم لیگ کے حلقوں میں بڑے پیمانے پر استعمال ہوتے رہے۔ بعد ازاں مسلم لیگ یو پی نے اسلامی نظام مملکت کا خاکہ تیار کرنے کے لیے علما کی ایک کمیٹی بنائی تو مولانا مودودی نے اس کی رکنیت قبول کرتے ہوئے اس کام میں پوری دلچسپی لی۔ اس کا مسودہ کمیٹی سے وابستہ ایک معاون تحقیق مولانا محمد اسحاق سندیلوی نے Working Paper تیار کیا تھا۔ اس کتاب کے پیش لفظ میں مولاناعبدالماجد دریا بادی لکھتے ہیں۔

غالبا 1940ء یا شاید اس سے بھی کچھ قبل جب مسلم لیگ کا طوطی ہندوستان میں بول رہا تھا۔ ارباب لیگ کو خیال پیدا ہوا کہ جس اسلامی حکومت (پاکستان) کے قیام کا مطالبہ شد و مد سے کیا جارہا ہے خود اس کا نظام نامہ یا قانون ِ اساسی بھی تو خالص اسلامی بنانا چاہیے۔ اس غرض سے یو پی کی صوبائی مسلم لیگ نے ایک چھوٹی سی مجلس ایسے ارکان کی مقرر کردی جو اس کے خیال میں شریعت کے ماہرین تھے کہ یہ مجلس ایسا نظام نامہ مرتب کرکے لیگ کے سامنے پیش کرے۔ اس مجلس ِ نظام ِ اسلامی کے چار ممبران کے نام تو اچھی طرح یاد ہیں۔ (1) مولانا سید سلیمان ندوی (2) مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی (3) مولانا آزاد سبحانی (4) عبدالماجد دریا بادی۔[20]

جماعت اسلامی کا قیام

سید مودودی نے ترجمان القرآن کے ذریعے ایک پابندِ اسلام جماعت کے قیام کی تجویز پیش کی اور اس سلسلے میں ترجمان القرآن میں مضامین بھی شائع کیے۔ جو لوگ اس تجویز سے اتفاق رکھتے تھے وہ 26 اگست 1941ء کو لاہور میں جمع ہوئے اور "جماعت اسلامی" قائم کی گئی۔ جس وقت جماعت اسلامی قائم ہوئی تو اس میں پورے ہندوستان میں سے صرف 75 آدمی شامل ہوئے تھے۔ اس اجتماع میں سید مودودی کو جماعت کا سربراہ منتخب کیا گیا۔

پہلی قید

تقسیم ہند کے بعد سید مودودی پاکستان آ گئے۔ پاکستان میں قائد اعظم کے انتقال کے اگلے ہی ماہ یعنی اکتوبر 1948ء میں اسلامی نظام کے نفاذ کے مطالبے پر آپ گرفتار ہو گئے۔ گرفتاری سے قبل جماعت کے اخبارات "کوثر"، جہان نو اور روزنامہ "تسنیم" بھی بند کردیے گئے۔

سید مودودی کو اسلامی نظام کا مطالبہ اٹھانے کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا لیکن الزام یہ دھرا گیا کہ وہ جہادِ کشمیر کے مخالف تھے۔ قرارداد مقاصد کی منظوری سے قبل اس کا متن بھی مودودی کو ملتان جیل میں دکھایا گیا تھا۔ انھیں 20 ماہ بعد 1950ء میں رہائی ملی۔

اپنی پہلی قید و بند کے دوران میں انھوں نے "مسئلہ ملکیت زمین" مرتب کی، "تفہیم القرآن" کامقدمہ لکھا، حدیث کی کتاب "ابو داؤد" کا انڈکس تیارکیا، کتاب "سود" اور "اسلام اور جدید معاشی نظریات" مکمل کیں۔

قادیانی مسئلہ

1953ء میں سید مودودی نے "قادیانی مسئلہ" کے نام سے ایک چھوٹی سی کتاب تحریر کی جس پر انھیں گرفتار کر لیا گیا اور پھرفوجی عدالت کے ذریعے انھیں یہ کتابچہ لکھنے کے جرم میں سزائے موت کا حکم سنادیا۔ سزائے موت سنانے کے خلاف ملک کے علاوہ عالم اسلام میں بھی شدید رد عمل ہوا۔ جن میں مصر کی اسلامی جماعت اخوان المسلمون کے رہنما علامہ حسن الہضیبی، کابل سے علامہ نور المشائخ المجددی، فلسطین کے مفتی اعظم الحاج محمد الحسینی کے علاوہ الجزائر اور انڈونیشیا کے علما نے حکومت پاکستان سے رابطہ کرکے سید مودودی کی سزائے موت کے خاتمے کا مطالبہ کیا جبکہ شام کے دار الحکومت دمشق میں ان کی سزائے موت کے خلاف مظاہرہ کیا گیا۔ بالآخر حکومت نے سزائے موت کو 14 سال سزائے قید میں تبدیل کر دیا۔ تاہم وہ مزید دوسال اور گیارہ ماہ تک زندان میں رہے اور بالآخر عدالتِ عالیہ کے ایک حکم کے تحت رہا ہوئے۔[حوالہ درکار]

فتنۂ انکار حدیث

1958ء میں مارشل لا کے نفاذ کی سخت مخالفت کرنے کے بعد اس وقت کے صدر ایوب خان نے سید مودودی کی کتاب "ضبط ولادت" کو ضبط کر لیا اور ایوبی دور میں ہی فتنۂ انکار حدیث نے سر اٹھایا اور حکومتی سر پرستی میں ایسا طبقہ سامنے آیا جس کا کہنا تھا کہ اسلام میں حدیث کی کوئی حیثیت نہیں حتیٰ کہ مغربی پاکستان کی عدالت کے ایک جج نے حدیث کے بارے میں شک ظاہر کرتے ہوئے اسے سند ماننے سے انکار کر دیا۔ اس موقع پر سید مودودی نے اسلام میں حدیث کی بنیادی حیثیت کو دلائل سے ثابت کرتے ہوئے دونوں کو اسلامی قانون کا سرچشمہ قرار دیا۔ انھوں نے فتنہ انکارِ حدیث کے خلاف اپنے رسالے "ترجمان القرآن" کا "منصب رسالت نمبر" بھی شائع کیا۔

قاتلانہ حملہ

مارشل لا اٹھنے کے بعد اکتوبر 1963ء میں سید مودودی نے جماعت اسلامی کا سالانہ جلسہ لاہور میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔ ایوب خاں کی حکومت نے اس کو روکنے کی پوری پوری کوشش کی اور منٹو پارک کی بجائے بھاٹی دروازے کے باہر تنگ جگہ میں جلسہ کرنے کی اجازت دی۔ بعد ازاں لاؤڈ سپیکر استعمال کرنے کی اجازت دینے سے بھی انکار کر دیا گیا۔ 25 اکتوبر کو جلسہ شروع ہوا۔ سید مودودی نے تقریر شروع ہی کی تھی جلسہ گاہ میں موجود نامعلوم افراد نے فائرنگ شروع کی جس سے جماعت اسلامی کا ایک کارکن جاں بحق ہو گیا تاہم مودودی بچ گئے۔

جماعت پر پابندی

ایوب خاں نے 6 جنوری 1964ء کو جماعت اسلامی کو خلافِ قانون قرار دے دیا۔ سید مودودی اور جماعت اسلامی کے 65 رہنماؤں کو گرفتار کر کے قید خانوں میں ڈال دیا گیا۔ اس قید کا دورانیہ 9 ماہ رہا جس کے بعد انھیں عدالیہ عظمیٰ کے فیصلے پر رہا کر دیا گیا۔

کتابوں اور مضامین کی فہرست

  • تحریک آزادی ہند اور مسلمان جلد اول از سید ابولاعلٰی مودودی
  • تحریک آزادی ہند اور مسلمان جلد دوم از سید ابولاعلٰی مودودی
  • تنقیحات از سید ابو الا علٰی مودودی
  • تعلیمات از سید ابو الا علٰی مودودی
  • تجدید و احیائے دین از سید ابو الا علٰی مودودی

تفہیمات جلد اول از مولانا سید ابو الاعلٰی مودودی

  • تفہیمات جلد دوم از سید ابو الا علٰی مودودی
  • تفہیمات جلد سوم از سید ابو الا علٰی مودودی
  • سنت کی آئینی حیثیت از مولانا سید ابو الا علٰی مودودی
  • سود از مولانا سید ابو الا علٰی مودودی
  • رسائل و مسائل از مولانا سید ابوالا علٰی مودودی
  • رسائل و مسائل از مولانا سید ابو الا علٰی مودودی
  • رسائل و مسائل جلد سوم از مولانا سید ابو الا علٰی مودودی
  • رسائل و مسائل جلد چہارم از مولانا سید ابو الا علٰی مودودی
  • قرآن کی چار بنیادی اصلاحیں از مولانا سید ابو الاعلٰی مودودی
  • قادیانی مسئلہ از مولانا سید ابو الا علٰی مودودی
  • پردہ از مولانا سید ابو الا علٰی مودودی
  • نشری تقریریں از مولانا سید ابو الا علٰی مودودی
  • نماز از مولانا سید ابو الا علٰی مودودی
  • معاشیات اسلام از سید ابو الا علٰی مودودی
  • مسئلہ جبر و قدر از سید ابو الا علٰی مودودی
  • کتاب الصوم از سید ابو الا علٰی مودودی
  • خطبات از مولانا سید ابو الا علٰی مودودی
  • خلافت و ملوکیت از مولانا سید ابو الا علٰی مودودی
  • اسلامی تہزیب اور اس کے اصول و مبادل از مولانا سید ابو الا علٰی مودودی
  • اسلامی ریاست از سید ابو الا علٰی مودودی
  • اسلام نظام زندگی اور اس کے تصورات از مولانا سید ابوالا اعلٰی مودودی
  • اسلامی عبادات پر تحقیقی نظر از مولانا سید ابو الا علٰی مودودی
  • اسلام اور ضبط ولادت از مولانا سید ابو الا علٰی مودودی
  • اسلام اور جدید معاشی نظریات از مولانا سید ابو الا علٰی مودودی
  • حقوق الزوجین از سید ابوالا علٰی مودودی
  • فضائل قرآن از مولانا سید ابو الا علٰی مودودی
  • دینیات از سید ابو الا علٰی مودودی
  • دعوت اسلام اور اس کے مطالبات از مولانا سید ابو الا علٰی مودودی
  • دروس قرآن از مولانا سید ابو الا علٰی مودودی
  • الجہاد فی الاسلام از مولانا سید ابو الاعلٰی مودودی
  • تفہیم القرآن پشتو از مولانا سید ابو الاعلی مودودی جلد اول
  • تفہیم القرآن پشتو از مولانا سید ابو الاعلی مودودی جلد دوم
  • تفہیم القرآن پشتو از مولانا سید ابو الاعلی مودودی جلد سوم
  • تفہیم القرآن پشتو از مولانا سید ابو الاعلی مودودی جلد چہارم
  • تفہیم القرآن پشتو از مولانا سید ابو الاعلی مودودی جلد پنجم
  • تفہیم القرآن پشتو از مولانا سید ابو الاعلی مودودی جلد ششم

حوالہ جات

  1. ^ ا ب ربط: https://d-nb.info/gnd/119307359 — اخذ شدہ بتاریخ: 28 اپریل 2014 — اجازت نامہ: CC0
  2. ^ ا ب پ مصنف: فرانس کا قومی کتب خانہ — عنوان : اوپن ڈیٹا پلیٹ فارم — بی این ایف - آئی ڈی: https://catalogue.bnf.fr/ark:/12148/cb12001705b — اخذ شدہ بتاریخ: 10 اکتوبر 2015 — اجازت نامہ: آزاد اجازت نامہ
  3. ^ ا ب عنوان : Encyclopædia Britannica — دائرۃ المعارف بریطانیکا آن لائن آئی ڈی: https://www.britannica.com/biography/Abul-Ala-Mawdudi — بنام: Abul Ala Mawdudi — اخذ شدہ بتاریخ: 9 اکتوبر 2017
  4. ^ ا ب Brockhaus Enzyklopädie online ID: https://brockhaus.de/ecs/enzy/article/maududi-abu-l-ala — بنام: Abu l-Ala Maududi — اخذ شدہ بتاریخ: 9 اکتوبر 2017
  5. ^ ا ب Diamond Catalog ID for persons and organisations: https://opac.diamond-ils.org/agent/7264 — بنام: Abū al-Aʿlā al-Mawdūdī
  6. ربط: https://d-nb.info/gnd/119307359 — اخذ شدہ بتاریخ: 15 دسمبر 2014 — اجازت نامہ: CC0
  7. تاریخ اشاعت: 1 اکتوبر 2012 — Libris-URI: https://libris.kb.se/katalogisering/nl02xzm64027vh2 — اخذ شدہ بتاریخ: 24 اگست 2018
  8. "Abul A'la Maududi"۔ harvard.edu۔ 24 دسمبر 2018 میں اصل سے آرکائیو شدہ۔ اخذ شدہ بتاریخ 09 اگست 2015 
  9. Adams, Charles J. (1983)۔ "Maududi and the Islamic State"۔ $1 میں John L. Esposito۔ Voices of Resurgent Islam۔ Oxford University Press۔ صفحہ: 99۔ ISBN 9780195033403 
  10. Richard C. Martín (2004)۔ Encyclopedia of Islam & the Muslim World۔ Granite Hill۔ صفحہ: 371۔ ISBN 978-0-02-865603-8 
  11. "مولانا مودودی نے پاکستان میں بھی قائد اعظم کی مخالفت کی - ہم سب"۔ web.archive.org۔ 2017-12-23۔ 23 دسمبر 2017 میں اصل سے آرکائیو شدہ۔ اخذ شدہ بتاریخ 08 اپریل 2021 
  12. سیاسی کشمکش حصہ سوم صفحہ132
  13. تحریک پاکستان اور علماء۔۔۔نظریہ پاکستان نمبر۔۔۔چراغ راہ صفحہ نمبر 232
  14. تحریک پاکستان اور علما۔۔۔نظریہ پاکستان نمبر۔۔۔چراغ راہ صفحہ نمبر 233
  15. لاہور کی ڈائری۔ ہفت روزہ اقدام۔ لاہور۔ 9 جون 1963
  16. ’’ارتقائے پاکستان“ Evolution of Pakistan، سید شریف الدین پیرزادہ، صفحہ نمبر191
  17. ’’ارتقائے پاکستان“ Evolution of Pakistan، سید شریف الدین پیرزادہ، صفحہ نمبر258
  18. سہہ روزہ کوثر مورخہ 5 جولائی 1947 و رسائل و مسائل جلد اول صفحہ 363
  19. ایضاً صفحہ 363
  20. پیش لفظ مولانا دریا آبادی، اسلام کا سیاسی نظام، از مولانا محمد اسحاق سندیلوی۔ مطبوعہ دارلمصنفین اعظم گڑھ