اللہ

عربی زبان کا لفظ جس کے معنی خدا ہیں
(اللّہ سے رجوع مکرر)

اللہ عربی زبان میں خالق کے لیے استعمال ہونے والا لفظ ہے۔، [1] خالق تخلیق کرنے والے کو کہا جاتا ہے اور فارسی اور اردو زبانوں میں اللہ کے لیے خدا اور پروردگار کے الفاظ بھی ادا کیے جاتے ہیں۔ کھوار زبان میں اللہ کے لیے خدای کا لفظ استعمال کیا جاتا ہے۔ اللہ کا لفظ انگریزی زبان کے لفظ God کا عربی متبادل ہے۔ یہ لفظ مسلمانوں کی زبانوں تک محدود نہیں بلکہ مشرق وسطی اور دیگر اسلامی ممالک میں رہنے والے مسیحی، یہودی اور بعض اوقات دیگر مذاہب کے ماننے والے بھی خدا واحد کے لیے اللہ کا لفظ ہی استعمال کرتے ہیں اور بائبل کے عربی تراجم میں God کے لیے اللہ کا لفظ ہی استعمال کیا جاتا ہے[2]

اللہ کا نام ــ

اسلام میں اللہ کا تصور

مسلمان اللہ کو تمام جہانوں کا خالق، مالک اور رب مانتے ہیں۔ جب کچھ بھی نہیں تھا سیاہ تاریکی تھی پانی کے اوپر اللہ تبارک تعالی کا تخت تھا۔دین حنیف حضرت ابراہیم علیہ السلام کو ماننے والے آپ کی اولاد حضرت اسحاق علیہ السلام حضرت اسماعیل علیہ السلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لانے والے مسلمانوں کا مذہب اسلام میں اللہ کی ذات کے ساتھ جو خصوصیات منسلک ہیں ان سے توحیدیت کا اظہار ہوتا ہے اور شرک و کفر کی نفی کی جاتی ہے۔ اسلام کے بنیادی تصورات اور مسلمان علماء دین کے اجتماعی اتفاق کے مطابق ؛ اللہ ایک ذات واحد ہے، اس کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں، اس کے لیے کوئی شبیہ (شکل یا تصویر یا مشابہت یا مثال) نہیں، اس کے لیے کوئی نظیر (متبادل یا ہم پلہ) نہیں، اس کی کوئی اولاد (بیٹا یا بیٹی) نہیں، اس کے کوئی والدین (اس کو تخلیق کرنے والا / والے ماں یا باپ) نہیں، اس کے لیے کوئی صاحبہ (شریکِ حیات یا زوجہ) نہیں اور اس کا کوئی شریک (رفیق یا ساتھی یا ہمراہ) نہیں۔[3][4]

 
عربی اجزاء جو لفظ "اللہ" کی تشکیل کرتے ہیں۔
1. الف
2.ہمزة وصل
3. ل
4. ل
5. شدة
6. کھڑی زبر (ألف خنجرية)
7. ح

قرآن مجید کی پہلی سورہ سورہ فاتحہ میں فرمان الہی ہے :

سب تعریفیں اللہ تعالیٰ کے لیے ہیں جو تمام جہانوں کا رب اور پالنے والا ہے، جزا کے دن (یعنی قیامت ) کا مالک ہے ہم صرف تیری ہی عبادت کرتے ہیں اور صرف تجھ ہی سے مدد چاہتے ہیں۔

___ سورہ فاتحہ

ایک اور جگہ فرمایا کہ:

اے لوگو! اپنے اس رب کی عبادت کرو جس کے علاوہ کوئی عبادت کے لائق نہیں وہ ہر چیز کا پیدا کرنے والا ہے تو تم اسی کی عبادت کرو اور وہ ہر چیز کا کار ساز ہے۔

___ سورہ انعام آیت 102

قرآن مجید میں اللہ تبارک وتعالی کے حوالے سے دیگر آیات میں فرمایا گیا:

کیا یعقوب ( علیہ السلام) کی وفات کے وقت تم موجود تھے ؟ جب انھوں نے اپنی اولاد کو کہا کہ تم میرے بعد کس کی عبادت کرو گے تو سب نے جواب دیا آپ کے معبود کی اور آپ کے آبا و اجداد ابراہیم اور اسماعیل اور اسحاق (علیہم السلام) کے معبود کی جو معبود ایک ہی ہے اور ہم اسی کے فرماں بردار رہیں گے۔

___ سورہ بقرہ آیت 133

مسلمان اللہ تعالیٰ کی عبادت کرتے ہیں اور اپنے علاوہ دوسرے ادیان والوں کو صرف اللہ واحد و لاشریک کی عبادت کی طرف بلاتے ہیں۔

جیسا کہ فرمان باری تعالیٰ ہے :

آپ کہہ دیجئے کہ اے اہل کتاب ایسی انصاف والی بات کی طرف آؤ جو ہم تم میں برابر ہے کہ ہم اللہ تعالیٰ کے علاوہ کسی کی عبادت نہ کریں اور نہ اس کے ساتھ کسی کو شریک بنائیں اور نہ اللہ تعالیٰ کو چھوڑ کر آپس میں ایک دوسرے کو رب بنائیں پس اگر وہ منہ پھیر لیں تو تم کہہ دو کہ گواہ رہو ہم تو مسلمان ہیں۔

___ سورہ آل عمران آیت 64

نوح علیہ السلام نے بھی اپنی قوم کو اللہ وحدہ کی عبادت کی طرف ہی دعوت دی تھی۔ فرمان ربانی ہے :

ہم نے نوح ( علیہ السلام) کو ان کی قوم کی طرف بھیجا تو انھوں نے فرمایا اے میری قوم تم اللہ تعالیٰ کی عبادت کرو تمھارے لیے اس کے علاوہ کوئی معبود ہونے کے قابل نہیں مجھے تم پر ایک بڑے دن کے عذاب کا اندیشہ ہے ــ

___ سورہ اعراف آیت 59

وہی اللہ وحدہ ہے جس کی عبادت کی پکار عیسی علیہ السلام نے لگائی تھی۔

فرمان باری تعالیٰ ہے :

بے شک وشبہ وہ لوگ کافر ہوئے جنھوں نے یہ کہا کہ مسیح بن مریم ہی اللہ ہے حالانکہ خود مسیح نے ان سے کہا تھا کہ اے بنی اسرائیل اللہ ہی کی عبادت کرو جو میرا اور تم سب کا رب ہے یقین جانو کہ جو شخص اللہ کے ساتھ شرک کرتا ہے اس پر اللہ تعالٰی نے جنت حرام کر دی ہے اور اس کا ٹھکانہ جہنم ہی ہے اور ظالموں کی مدد کرنے والا کوئی نہیں ہو گا۔

___ سورہ مائدہ آیت72

اور رب جل جلالہ کا فرمان ہے :

اور وہ وقت بھی قابل ذکر ہے جب کہ اللہ تعالٰی فرمائے گا کہ اے عیسی بن مریم کیا تم نے ان لوگوں سے یہ کہہ دیا تھا کہ مجھے اور میری ماں کو بھی اللہ کے علاوہ معبود قرار دے لو عیسی (علیہ السلام) عرض کریں گے کہ اللہ تو غیبوں سے پاک ہے مجھے یہ کسی طرح بھی زیبا نہیں تھا کہ میں ایسی بات کہتا جس کے کہنے کا مجھے کوئی حق نہیں اگر میں نے کہا ہو گا تو تجھ کو اس کا علم ہو گا تو میرے دل کے اندر کی بات بھی جانتا ہے اور میں تیرے نفس میں جو کچھ ہے اس کو نہیں جانتا بے شک تو تمام غیبوں کا جاننے والا تو ہی ہے میں نے انھیں وہی کہا جو تو نے مجھے حکم دیا تھا کہ تم اللہ تعالٰی کی عبادت اور اس کی بندگی اختیار کرو جو میرا اور تمھارا رب ہے میں تو ان پر اس وقت تک گواہ رہا جب تک کہ میں ان میں رہا پھر جب تو نے مجھے اٹھا لیا تو تو ہی ان پر مطلع رہا ہے اور تو ہر چیز کی پوری خبر رکھنے والا ہے۔

____ سورہ مائدہ آیت 116 اور 117

جب اللہ تعالٰی سے اس کے نبی موسی علیہ السلام نے بات کی تو اللہ تعالٰی نے انھیں فرمایا :

بے شک میں تیرا اللہ ہوں میرے علاوہ کوئی عبادت کے لائق نہیں پس تو میری ہی عبادت کر اور میری یاد کے لیے نماز قائم کر۔

___ سورہ طہ آیت 14

اللہ تعالٰی نے اپنے نبی محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کو مندرجہ ذیل حکم دیا :

کہہ دیجئے اے لوگو اگر تمھیں میرے دین میں کوئی شک وشبہ ہے تو میں ان معبودوں کی عبادت نہیں کرتا جن کی تم اللہ کوچھوڑ کر عبادت کرتے ہو لیکن ہاں میں اللہ کی عبادت کرتا ہوں جو تمھیں فوت کرتا ہے اور مجھ کو یہ حکم ہوا ہے کہ میں ایمان دار مومنوں میں سے ہو جاؤں۔

____ سورہ یونس آیت 104

اور وہ اکیلا ہے اور اس کا کوئی شریک نہیں فرشتے اس کی عبادت کرتے اور کسی کی نہیں۔

آسمانوں اور زمین میں جو کچھ ہے وہ اللہ تعالٰی ہی کی ملکیت ہے اور جو اس کے پاس ہیں وہ اس کی عبادت سے سرکشی نہیں کرتے اور نہ تھکتے ہیں۔

___ سورہ الانبیاء آیت 19

اللہ تعالٰی کے علاوہ جتنے بھی معبود ہیں جن کی عبادت کی جاتی ہے وہ نہ تو نفع اور نقصان کے مالک ہیں اور نہ پیدا کرنے اور رزق دینے کی طاقت رکھتے ہیں۔ آپ کہہ دیجیے کہ کیا تم اللہ کے سوا ان کی عبادت کرتے ہو جو نہ تمھارے کسی نفع اور نہ نقصان کے مالک ہیں اللہ ہی خوب سننے والا اور پوری طرح جاننے والا ہے۔

___ سورہ مائدہ آیت76

تم تو اللہ تعالٰی کے سوا بتوں کی عبادت اور پوجا کر رہے ہو اور جھوٹی باتیں دل سے گھڑ لیتے ہو سنو جن جن کی تم اللہ تعالٰی کے علاوہ عبادت کر رہے ہو وہ تو تمھاری روزی کے مالک نہیں بس تمھیں چاہیے کہ تم اللہ تعالٰی سے ہی روزی طلب کرو اور اسی کی عبادت کرو اور اسی کی شکر گزاری کرو اور اس کی طرف لوٹائے جاؤ گے۔

___ سورہ عنکبوت آیت 17

تمام جہانوں میں اگر کوئی عبادت کا مستحق ہے وہ اللہ تعالٰی کے علاوہ کوئی اور نہیں ہے کیونکہ وہی خالق اور رازق ہے جس نے ہمیں عدم سے وجود دیا اور ہمارے اوپر بے شمار نعمتیں کیں۔ فرمان باری تعالٰی ہے :

وہی زندہ کو مردہ سے اور مردہ کو زندہ سے نکالتا ہے اور وہی ہے جو زمین کو اس کی موت کے بعد زندہ کرتا ہے اسی طرح تم بھی نکالے جاؤ گے۔ 19

اللہ کی نشانیوں میں سے یہ ہے کہ اس نے تمھیں مٹی سے پیدا کیا پھر تم انسان بن کر چلنے پھرنے لگے اور پھیل رہے ہو۔ 20

اور اس کی نشانیوں میں سے تمھاری راتوں اور دن کی نیند اور تمھارا اس کے فضل کو ( یعنی روزی ) تلاش کرنا بھی ہے جو لوگ ( کان لگا کر) سننے کے عادی ہیں ان کے لیے اس میں بھی بہت سی نشانیاں ہیں۔ 23

اور اس کی نشانیوں میں سے ایک یہ بھی ہے کہ وہ تمھیں ڈرانے اور امید کے لیے بجلیاں دکھاتا اور آسمان سے بارش برسا کر اس سے مردہ زمین کو زندہ کر دیتا ہے اس میں بھی عقلمندوں کے لیے بہت سی نشانیاں ہیں۔ 24

اور اس کی ایک نشانی یہ بھی ہے کہ آسمان و زمین اسی کے حکم سے قائم ہیں پھر جب وہ تمھیں آواز دے گا تو صرف ایک بار ہی آواز کے ساتھ تم سب زمین سے نکل آؤ گے۔ 25

اور زمین وآسمان کی ہر چیز اسی کی ملکیت ہے اور ہر ایک اس کے فرمان کے ماتحت ہے۔ 26

اور وہی ہے جس نے پہلی بار مخلوق کو پیدا کیا پھر اسے دوبارہ لوٹائے گا اور یہ تو اس پر بہت ہی آسان ہے اسی کی آسمان وزمیں اعلیٰ صفت ہے اور وہ غلبے اور حکمت والا ہے۔

___ سورہ الروم آیت27

قرآن مجید میں فرمان باری تعالٰی ہے :

( بھلا بتاؤ تو ؟ آسمانوں اور زمین کو کس نے پیدا کیا ؟ اور تمھارے لیے آسمان سے بارش کس نے برسائی ؟ پھر اس سے ہرے بھرے بارونق باغات اگا دئے ان باغوں اور درختوں کو تم ہر گز نہیں اگا سکتے تھے کیا اللہ تعالٰی کے ساتھ کوئی اور بھی معبود ہے ؟ بلکہ یہ لوگ ( سیدھی راہ سے ) ہٹ جاتے ہیں۔ 60

کس نے زمین کو قرار کی جگہ بنایا اور اس کے درمیان میں نہریں جاری کر دیں اور اس کے لیے پہاڑ بنائے اور دو سمندروں کے درمیان میں روک بنا دی کیا اللہ تعالٰی کے ساتھ کوئی اور بھی معبود ہے ؟ بلکہ ان میں سے اکثر تو کچھ بھی نہیں جانتے۔ 61

کون ہے جو بے کس اور ناچار کی پکار کو سنتا اور اس کی سختی کو دور کرتا ہے ؟ اور تمھیں زمین کا خلیفہ بناتا ہے ؟ کیا اللہ تعالٰی کے ساتھ کوئی اور بھی معبود ہے ؟ تم تو بہت ہی کم نصیحت وعبرت حاصل کرتے ہو۔ 62

کون ہے جو تمھیں خشکی اور تری کی تاریکیوں میں راہ دکھاتا ہے ؟ اور جو اپنی رحمت سے پہلے خوشخبری دینے والی ہوائیں چلاتا ہے ؟ کیا اللہ تعالٰی کے ساتھ کوئی اور بھی معبود ہے ؟جنہیں یہ اللہ تعالٰی کے ساتھ شریک کرتے ہیں ان سب سے اللہ بلند وبالا تر ہے۔ 63

کون ہے جو مخلوق کی پہلی دفعہ پیدائش کرتا ہے پھر اسے لوٹآئے گا ؟ اور جو تمھیں آسمان وزمین سے روزیاں دے رہا ہے ؟ کیا اللہ تعالٰی کے ساتھ کوئی اور بھی معبود ہے ؟ کہہ دیجئے کہ اگر تم سچے ہو تو اپنی دلیل لاؤ۔ 64

کہہ دیجئے کہ آسمان والوں اور زمین والوں میں سے اللہ کے علاوہ کوئی بھی غیب نہیں جانتا اور انھیں تو یہ بھی علم نہیں کہ انھیں اٹھایا کب جائے گا۔

___ سورہ النمل / 65

اللہ تعالٰی نے ہمیں اپنی عبادت کے علاوہ کسی اور چیز کے لیے پیدا نہیں کیا، فرمان باری تعالٰی ہے :

میں نے جنوں اور انسانوں کو صرف اپنی عبادت کے لیے پیدا کیا ہے۔

___ سورہ ذاریات آیت 56

قیامت کے دن صرف وہی نجات پائے گا جو اللہ تعالٰی کی عبادت حقیقی طور پر کرتا ہو گا

اور موت کے بعد اللہ تعالٰی بندوں کو دوبارہ اٹھائے گا تا کہ ان کا حساب کیا جائے اور انھیں ان کے اعمال کا بدلہ دیا جائے تو اس دن نجات وہی حاصل کرے گا جو اللہ وحدہ لا شریک کی عبادت کرتا ہو گا اور باقی لوگوں کو جہنم کی طرف اکٹھا کر دیا جائے گا اور جہنم بہت ہی بڑا ٹھکانہ ہے۔ جب صحابہ نے نبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سے پوچھا کہ آیا ہم قیامت کے دن اللہ عزوجل کو دیکھیں گے؟ تو اسلام کے نبی محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے اس کے جواب میں ارشاد فرمایا :

جب مطلع صاف ہو تو کیا تمھیں سورج اور چاند کو دیکھنے میں کوئی مشکل پیش آتی ہے تو صحابہ نے کہا کہ بالکل نہیں تو نبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا کہ تم اس دن اپنے رب کو دیکھنے میں کوئی مشکل نہیں اٹھاؤ گے جس طرح کہ ان دونوں کے دیکھنے میں کوئی تکلیف نہیں اٹھاتے پھر نبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا کہ ایک منادی کرنے والا آواز لگائے گا کہ ہر قوم اس کی طرف چلی جائے جس کی وہ عبادت کرتے تھے تو صلیبی صلیب کے ساتھ اور بتوں کی پوجا کرنے والے بتوں کے ساتھ اور ہر ایک اپنے معبود کے ساتھ حتی کہ وہ لوگ جو اللہ تعالٰی کی عبادت کرتے تھے ان نیک اور فاجر اور اہل کتاب میں سے بچے کھچے رہ جائیں گے پھر جہنم پر لا کر ایسے پیش کی جائے گی کہ جیسے سراب ہو تو یہودیوں کو کہا جائے گا کہ تم کس کی عبادت کرتے تھے وہ جواب دیں گے اللہ کے بیٹے عزیر کی عبادت کرتے تھے تو انھیں جواب میں کہا جائے گا تم جھوٹ بول رہے ہو اللہ کی کوئی بیوی اور بیٹا نہیں تم کیا چاہتے ہو؟ وہ کہیں گے کہ ہمیں پانی پلاؤ تو انھیں کہا جائے گا پیو تو وہ جہنم میں گرا دیے جائیں گے پھر مسیحیوں کو کہا جائے گا کہ تم کس کی عبادت کرتے تھے تو وہ جواب دیں گے اللہ کے بیٹے مسیح کی عبادت کرتے تھے تو انھیں جواب میں کہا جائے گا تم جھوٹ بول رہے ہو اللہ کی کوئی بیوی اور بیٹا نہیں تو کیا چاہتے ہو وہ کہیں گے ہمیں پانی پلا دو تو انھیں کہا جائے گا پیو تو وہ جہنم میں گرا دئے جائیں گے حتی کہ نیک اور فاجر جو اللہ تعالٰی کی عبادت کرتے تھے وہ باقی بچ جائیں گے تو انھیں کہا جائے گا تمھیں کس نے روک رکھا ہے حلانکہ سب لوگ جا چکے ہیں تو وہ جواب دیں گے ہم نے انھیں چھوڑ دیا ہے اور ہم آج کے دن اس کے زیادہ ضرورت مند ہیں ہم نے ایک منادی کرنے والے کو سنا جو حق کی آواز لگا رہا تھا کہ ہر قوم جس کی عبادت کرتی رہی ہے وہ اس کے ساتھ مل جائے اور ہم اپنے رب کا انتظار کر رہے ہیں نبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے فرمایا تو ان کے پاس اللہ تعالٰی آئے گا اور کہے گا میں تمھارا رب ہوں تو وہ کہیں گے تو ہمارا رب ہے تو اس سے انبیا کے علاوہ کوئی بھی بات نہیں کرے گا تو ہر مومن شخص اسے سجدہ کرے گا۔ ___صحیح بخاری حدیث نمبر 6776

اللہ کے ننانوے نام

اللہ کے ننانوے نام مشہور ہیں جن میں سے بیشتر قرآن میں ہیں۔ 'اللہ' ذاتی نام ہے اور یہ ننانوے صفاتی نام ہیں جنہیں أسماء اللہ الحسنى کہا جاتا ہے۔ مثلاً الرحمٰن، الرحیم، النور وغیرہ۔ اللہ سے متعلق مزید تفصیل کتب میں مل سکتی ہے۔

اسماء الحسنیٰ
اللہالرحمٰنالرحیمالملکالقدوسالسلامالمؤمنالمہیمنالعزیزالجبارالمتکبرالخالقالباریالمصورالغفارالقہارالوہابالرزاقالفتاحالعلیمالقابضالباسطالخافضالرافعالمعزالمذلالسمیعالبصیرالحکمالعدلاللطیفالخبیرالحلیمالعظیمالغفورالشکورالعلیالکبیرالحفیظالمقیتالحسیبالجلیلالکریمالرقیبالمجیبالواسعالحکیمالودودالمجیدالباعثالشہیدالحقالوکیلالقویالمتیناولیالحمیدالمحصیالمبدیالمعیدالمحییالممیتالحیالقیومالواجدالماجدالواحدالصمدالقادرالمقتدرالمقدمالمؤخرالاولالآخرالظاہرالباطنالوالیالمتعالالبرالتوابالمنتقمالعفوالرؤفالمقسطالجامعالغنیالمغنیالمانعالضارالنافعالنورالہادیالبدیعالباقیالوارثالرشیدالصبورمالک الملکذو الجلال و الاکرام
یہ اللہ تعالیٰ کے ننانوے ناموں کی فہرست ہے

تصاویر

مزید دیکھیے

حوالہ جات

  1. Sura 2 Aya 258 In Urdu آرکائیو شدہ (Date missing) بذریعہ asanquran.com (Error: unknown archive URL) and In English آرکائیو شدہ (Date missing) بذریعہ usc.edu (Error: unknown archive URL)
  2. Word of Allah in Arabic Bible; Islamic Awareness
  3. Characteristics of Allah at Sunni Dawate Islami آرکائیو شدہ (Date missing) بذریعہ sunnidawateislami.net (Error: unknown archive URL)
  4. Attributes of Allah at Shia Source آرکائیو شدہ (Date missing) بذریعہ shiasource.com (Error: unknown archive URL)